ریفرنس مسترد..غداری کامقدمہ ..بے چارا ڈونالڈ ٹرمپ!
  17  مارچ‬‮  2017     |     کالمز   |  مزید کالمز

٭خبروں کا بازار! بہت سی خبریں، ایک سے ایک بڑھ کر چیختی چلاتی! الیکشن کمیشن نے عمران خاں اور جہانگیر ترین کے خلاف قومی اسمبلی کے سپیکر کا بھیجا ہوا ریفرنس مسترد کر دیا … سپریم کورٹ میں حسین حقانی، آصف زرداری اور یوسف رضاگیلانی کو غدارقراردے کرکورٹ مارشل کئے جانے کی درخواست دائر کردی گئی… امریکہ کی ریاست ہوائی کے ایک ڈسٹرکٹ وفاقی جج نے ڈونالڈٹرمپ کا دوسرا حکم بھی معطل کر دیا، جس کے تحت چھ مسلم ممالک کے باشندوں کے امریکہ میں داخلہ پر پابندی عائد کی گئی ہے… تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں پیش کردہ اپنی ہی قرارداد مسترد کردی … فوجی عدالتوں کے بارے میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے مذاکرات ناکام ہوگئے…'' میں نے پاکستانی کی فوج کے بارے میں سارا کام آصف زرداری اور یوسف رضاگیلانی کی مشاورت سے کیا، میرے سر سے پیپلز پارٹی کے ساتھ تعلق کا بوجھ اتر گیا ہے'' ۔حسین حقانی…حسین حقانی نے امریکہ میں سفیر کے طورپر 16ہزار امریکیوں کو وزیرے جاری کئے تھے: شیخ رشید! ٭قارئین کرام! کیاآپ ایک ہی سانس میں یہ ساری خبریں پڑھ سکتے ہیں؟ ابھی تو میں نے یہ خبر بھی لکھنی ہے کہ ملتان میں برصغیر بلکہ شائد دنیا بھر کی مہنگی ترین شادی والے دولہا اور دلہن کے خاندانوں کو انکم ٹیکس والوں نے گھیر لیا ہے ۔ چند روز قبل اس شادی میں دولہا سونے کا تاج پہن کر ایک شیر کے پنجرے کے اوپر بیٹھ کرآیا۔ اس شادی میں15 ہزار مہمان آئے۔ دولہا کو نہائت قیمتی کار اور اس کے پانچ بھائیوں کو بڑی طاقت والی پانچ موٹرسائیکلیں دی گئیں۔ دلہن کو ہیرے والی تین درجن قیمتی انگوٹھیاں ، پانچ کروڑ روپے کا جہیز دیا گیا وغیرہ وغیرہ! اب انکم ٹیکس والے پیچھے لگ گئے ہیں اور دونوں فریقوں سے حسابات طلب کرلئے ہیں! پتہ نہیں اب واقعی ان خاندان کا محاسبہ ہوتاہے یا اندر کھاتے کوئی مک مُکا ہو جاتا ہے! ٭ڈھیر ساری خبروں میں سے پہلے عمران خاں اور جہانگیر ترین کے ریفرنس کا معاملہ ! یہ ریفرنس پہلے روز ہی متنازعہ ہوگیاتھا۔ الیکشن کمیشن کے تمام پانچوں ارکان نے حیرت کااظہار کیا ہے کہ یہ ریفرنس تو بنتا ہی نہیں تھا، سپیکر نے کیسے بھیج دیا ؟ گویا سپیکر کو خود ہی اسے مسترد کردینا چاہئے تھا! اس کے یہ معنی نکلتے ہیں کہ اسمبلی کے سپیکر نے آئین قانون اور الیکشن کے ضابطوں کا معائنہ ہی نہیں کیا،شائد وہ ان ضابطوں سے لاعلم ہوں! مگر پھرانہوں نے وزیراعظم نوازشریف کے خلاف دائر کردہ ریفرنس کیوں روک لیا؟ اسے کیوں اپنے چیمبر میں مسترد کیا؟ تحریک انصاف کا اس دوعملی پر گرم ہونابالکل درست بات ہے!یاتو دونوں ریفرنس الیکشن کمیشن کے پاس بھیج دیئے جاتے یا پھردونوں کو خود ہی مسترد کردیاجاتا ۔ اب تحریک انصاف نے سپیکر کے خلاف ایجی ٹیشن کا اعلان کیاہے تو اسے بھگتیں ! پتہ نہیں شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداری کا محاورہ کس نے ایجاد کیا تھا؟ ٭سینیٹر سید ظفر علی شاہ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ حسین حقانی نے اپنی ملک دشمن سرگرمیوں کے بارے میں جس طرح واضح انداز میں سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو شریک کا ر اور ذمہ دار ٹھہرایا ہے، اس پر ان تینوں افراد کو ملک دشمن قراردے کر ان کا کورٹ مارشل کیاجائے۔ دوسری طرف یہ معاملہ قومی اسمبلی میں بھی جا پہنچا ہے اور ن لیگ سمیت پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے ''غداری'' کے اس الزام کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن یا کمیٹی بنائے جانے کی حمائت کی ہے۔ یہ تجویز وزیر دفاع خواجہ آصف نے مطالبہ کی شکل میں پیش کی ہے۔ اسمبلی میں ہونے والی گفتگو میں امریکی سی آئی اے ایجنٹوں کو پاکستان میں لانے کے بارے میں سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو بھی ملوث کیاجارہاہے۔رحمان ملک نے اپنا اور زرداری و گیلانی کا بچاؤ کرتے ہوئے کہاہے کہ غیر ملکی لوگوں کو صدر یا وزیراعظم نہیں بلکہ سفیر ویزے جاری کرتا ہے۔ رحمان ملک نے پاک فوج کے خلاف مہم میں آصف زرداری، یوسف رضاگیلانی کو شریک کار قراردینے کے بارے میں حسین حقانی کے بیان کوگول کردیا۔ حسین حقانی کا تازہ ترین بیان ہے کہ اس نے جو کچھ بھی کیا، آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی سے مشاورت کے ساتھ کیا!…ایک خبر یہ کہ ان واقعات کے افشا ہونے پر آصف زرداری اور بلاول زرداری اچانک لاہور سے کراچی چلے گئے، جہاں ان سے اس صورت حال پر بات چیت کے لیے یوسف رضا گیلانی بھی پہنچ گئے۔ ایک محاورہ یاد آرہاہے کہ ''مرے کو مارے شاہ مدار!'' پیپلز پارٹی پہلے ہی سمٹتی جارہی تھی اوپر سے حسین حقانی نازل ہوگیا۔ کہہ رہاہے کہ شکر ہے مجھ پر سے پیپلز پارٹی سے تعلقات کا بوجھ اتر گیا ہے! قارئین کرام! عجیب بات یہ غور طلب ہے کہ حسین حقانی نے اچانک یہ انکشافات کیوں شروع کئے ہیں؟ اسے کس طرف سے ایسا کرنے کااشارہ ملا ہے؟ جب کہ آصف زرداری تو فوج کی اینٹ سے اینٹ بجا دینے کااعلان کے بعد پہلے ہی مستقل طورپر ملک چھوڑ چکے ہیں۔ پچھلے ایک سال میں صرف چند روز پاکستان میں گزارے ہیں۔ ان کی ''خوف زدگی'' میں حسین حقانی کی طرف سے اضافہ کی کیا وجہ ہوسکتی ہے؟ ٭اور بے چارا ڈونالڈٹرمپ ! دوبار غیر ملکی افراد کے امریکہ آنے پر پابندی لگائی دونوں بار عدالتوں نے پابندی معطل کردی! اس بار یہ اقدام چھ امریکی ریاستوں کی درخواست پر امریکی جزیرہ ہوائی کے ایک وفاقی جج ایریک واٹسن نے کیا ہے۔ ہوائی امریکہ کے مشرقی ساحل سے تین ہزار میل دور جنوب مشرق میں سب سے بڑا امریکی جزیرہ ہے جس کی آبادی صرف ایک لاکھ 85 ہزار ہے۔ دوسری جنگ عظیم میں اسی جزیرہ کی پرل ہاربر بندرگاہ پر جاپان کے بحری بیڑے نے تباہی مچائی تھی اس کے نتیجہ میں امریکہ کو اس جنگ میں شریک ہوناپڑاتھا۔ ٭تحریک انصاف کی طرف سے پنجاب میں حجاب لازمی قراردینے کے بارے میں ایک قرارداد جمع کرائی گئی۔ تھوڑی دیر کے بعد اسے خود ہی واپس لے لیا کہ قرارداد غلط ہے! اس پر کیا تبصرہ کیا جائے؟ ٭ایس ایم ایس: مشکن ضلع استور کا ایک پسماندہ گاؤں ہے اس میں ایک سو سے زائد گھرانے آباد ہیں۔ اس گاؤں کی زمین کئی برسوں سے سِرک رہی ہے۔ اس کے باعث سینکڑوں افراد نہائت پریشان ہیں۔ اس بات کی اقوام متحدہ کے نمائندے بھی تصدیق کر چکے ہیں۔ حکومت کی طرف سے ہماری کوئی مدد نہیں کی گئی۔ حکومت سے اپیل ہے کہ اس خطرناک مسئلے پر فوری توجہ دی جائے ۔ ماجد رحمان گلگت بلتستان (0355-4125497) ٭کینسر کے ایک مریض نے6 فروری کو بیت المال سے امداد کی اپیل کی تھی۔ اب تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی جب کہ 21دن کے بعد انجکشن لگنا ہوتاہے۔ غریب لوگ کہاں جائیں؟ ایم سعید مانسہرہ(0333-5025987)


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
100%
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں






آج کا مکمل اخبار پڑھیں

کار ٹونز

کالمز

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved