مانچسٹرمیں اوصاف کادوسراکامیاب پروگرام،پاکستان پراپرٹی شوسے سرمایہ کاروں کااعتمادبحال
  16  اپریل‬‮  2017     |     یورپ

مانچسٹر (رپورٹنگ ٹیم) ترقی کرتے پاکستان کے سب سے بڑے سیکٹر رئیل اسٹیٹ کی مارکیٹ کو اوورسیز میں متعارف کرانے کے سلسلے میں روزنامہ اوصاف کے دوسرے سالانہ پاکستان پراپرٹی شو میں ہزاروں فیملیز کی آمد پاکستان بھر میں جاری رئیل اسٹیٹ منصوبوں کے بارے میں آگاہی اور سرمایہ کاری کے لئے مثبت ردعمل کا اظہار۔ روزنامہ اوصاف کے زیر اہتمام برطانیہ میں تارکین وطن کے سب سے بڑے شہر مانچسٹر میں منعقدہ دوسرے پاکستان پراپرٹی شو کا افتتاح آزاد کشمیر کے اپوزیشن لیڈر چوہدری یاسین' قونصلر جنرل مانچسٹر ڈاکٹر ظہور احمد' ممبران یورپین پارلیمنٹ سجاد کریم ایم ای پی' افضل خان ایم ای پی' پاکستان کی حکومتی پارٹی کے رانا محمد افضل ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری برائے اکنامک افیئرز و اوورسیز اور رئیل اسٹیٹ میں منفرد مقام کی حامل شخصیت ایم ڈی بحریہ شاہد قریشی نے کیا جبکہ افتتاحی تقریب میں لندن' مانچسٹر' بریڈ فورڈ' برمنگھم' گلاسگو اور ویلز سمیت متعدد شہروں سے میئرز ' کونسلرز اور کمیونٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مہمانان خصوصی کا کہناتھا کہ روزنامہ اوصاف نے سلیک ایشئنز کے ساتھ مل کر پراپرٹی شو کا انعقاد کرکے برطانیہ میں رہنے والے تارکین وطن کی اپنے آبائی وطن سے مدہم ہوتی الفت کو نیا جنون عطا کیا ہے۔ اس نمائش میں شریک رئیل اسٹیٹ کے نمائندوں نے اوورسیز کیلئے ایسی پرکشش آفرز ترتیب دی ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کسی کی دسترس سے باہر نہیں رہی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ خطے میں تیزی سے ترقی کرتے آئیڈیل شرح نمو کے حامل مملکت خداداد پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے تو وہ ممالک بھی آرہے ہیں جو کبھی شاید اس کا نام بھی سننا گوارا نہ کرتے تھے لیکن سی پیک کی وجہ سے گوادر اور مستحکم ترقی کی وجہ سے ملک بھر میں رئیل اسٹیٹ ہی سب سے پرکشش سیکٹر بن گیا ہے۔ یہ شعبہ نہ صرف سرمایہ کاروں کو اپنی طرف راغب کررہا ہے بلکہ وہ تمام اوورسیز پاکستانی جن کا خواب اپنے آبائی وطن میں گھر بنانا ہوتا ہے وہ بے انتہا قیمت یا سکیورٹی کی وجہ سے ایسا نہیں کرپائے ان کے خوابوں کی تعبیر کا وقت آن پہنچا ہے۔ پاکستان پراپرٹی شو میں اس سال جن ڈویلپئرز اور بلڈرز نے اسٹال لگائے اور عوام کو پرکشش آفرز فراہم کیں ان میں رفیع گروپ کے علاوہ بحریہ کے بڑے ڈیلر علی ثقلین' اطہر ایسوسی ایٹس' ہارون اسٹیٹ' شیخ انٹرپرائزز' آکاس' سمارٹ کنسٹرکشن' خرم پراپرٹیز' العزیز بلڈرز اور تکفل اسٹیٹ اور اوپن مارکیٹ کے نامور ڈویلپرز ' الجلیل ہائوسنگ' فاسٹ مارکیٹنگ' رائل آرچرڈز' شامل تھے جبکہ ان ڈویلپرز اور عوام میں سہولت اور رابطہ کاری کی خدمات انجام دینے کے لئے یو اے ای ایکسچینج اور پریمیم لا سالیسٹرز بھی موجود تھے۔ پراپرٹی شو کے پہلے روز دو ہزار سے زائد افراد نے وزٹ کیا اور معلومات حاصل کیں۔ اسٹال ہولڈرز نے انہیں بریفنگ دینے کے علاوہ پرنٹڈ میٹریل اور تحائف بھی دیئے شو مانچسٹر کی معروف جگہ ٹریفورڈ سنٹر سے متصل ایونٹ سٹی میں ہونے اور فری پارکنگ کی وجہ سے عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔علاوہ ازیں مانچسٹر کے مقامی ریسٹورنٹ میں روزنامہ اوصاف کے زیر اہتمام منعقدہ پراپرٹی شو میں شرکت کے لئے پاکستان سے آنے والے صف اول کے پراپرٹی ڈویلپرز اور اسٹیٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی مایہ ناز کمپنیوں کے نمائندوں اور معزز مہمانوں کے اعزاز میں شو کے آرگنائزر ماجد نذیر نے ایک عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر' قونصلر جنرل مانچسٹر' یورپی ممبران پارلیمنٹ کے علاوہ کاروباری و سماجی شخصیت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر گروپ ایڈیٹر روزنامہ اوصاف محسن بلال نے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوصاف نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے تارکین وطن کے اعتماد کو بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ گزشتہ سال بھی اوصاف نے پراپرٹی شو کا انعقاد کیا جس میں تارکین وطن کے علاوہ پراپرٹی ڈویلپرز نے خوب دلچسپی ظاہر کی جس کی وجہ سے اس سال دوبارہ پراپرٹی شو کا انعقاد کیا ہے۔ محسن بلال کا کہنا تھا کہ تارکین وطن پاکستانی ملک سے پیار کرتے ہیں اور اپنے ملک میں گھر بنانا ہر تارک وطن کا خواب ہے جس میں وہ خود بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ بیرون ملک گزارا ہے پاکستان سے تارکین وطن کی محبت کا اندازہ انہیں بخوبی ہے محسن بلال نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کے باعث ملک میں مکمل طور پر امن کی راہ ہموار ہوئی ہے اور اس سال بیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے اس وقت پاکستان میں تارکین وطن کے لئے سرمایہ کاری کے لئے سنہری موقع ہے اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین نے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوصاف نے ہمیشہ کمیونٹی کی خدمت کی ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ اوصاف کے مثبت سوچ کے مدعاہے انہوں نے کہا کہ اس وقت میں برطانیہ میں پراپرٹی شو کا انعقاد عمل میں لایا گیا جب ایشیاء کا سب سے بڑا ترقیاتی منصوبہ سی پیک اپنے عروج پر ہے اس سے دنیا کے بڑے حصے میں انسان خوشحالی ہونگے جبکہ پاکستان معاشی اعتبار سے دنیا کے مضبوط ممالک کی صف میں شامل ہوجائے گا۔ چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ پاکستان پراپرٹی شو سے تارکین وطن کو مکمل آگاہی حاصل ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین ہے جبکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ان کا اپنا ذاتی تجربہ بھی انتہائی مثبت رہا ہے قونصلر جنرل پاکستان مانچسٹر ڈاکٹر ظہور نے اس موقع پر کہا کہ روزنامہ اوصاف نے پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے اور تارکین وطن کے لئے جو خدمات سرانجام دی ہیں اس پر لوگ خوش ہیں ہم سب کو مل کر اسی طرح پاکستان کی عزت و وقار میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھانا ہونگے ممبر یورپین پارلیمنٹ سجاد کریم نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے گزشتہ برس بھی پاکستان پراپرٹی شو میں شرکت کی تھی اور اس سال بھی وہ اس نیک کام میں اوصاف کے ساتھ ہیں۔ سجاد کریم کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کے اندر احساس تحفظ پیدا کرنے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے تارکین وطن پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ہمیشہ سے مثبت سوچ رکھتے ہیں پرائیویٹ سیکٹر میں بڑے بڑے پراپرٹی ڈویلپرز نے انقلاب برپا کردیا ہے جس سے لوگوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے شوق بڑھا ہے۔ مانچسٹر گورٹن سے پارلیمانی امیدوار افضل خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوصاف جس طرح سے کمیونٹی کی خدمت کررہا ہے اس پر وہ محسن بلال کا شکریہ ادا کرتے ہیں افضل خان نے کہا کہ ہم سب نے مل کر پاکستان کے وقار اور اس کی عزت کے لئے بیرون ملک کام کرنا ہے جبکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے پراپرٹی کے حوالہ سے تحفظات کے خاتمے کے لئے پراپرٹی شو سنگ میل ثابت ہوا ہے لوگوں کا ملک میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے اعتماد بڑھا ہے۔ عشائے سے میزبان امجد نذیر نے خطاب کرتے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور پراپرٹی شو کی کامیابی کے لئے کمیونٹی کے تعاون پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اس عشایئے میں ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ مانچسٹر' فورڈ' اولڈھم اور راچڈیل کی اعلیٰ کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی شرکاء نے گروپ ایڈیٹر محسن کا دوسری بار پراپرٹی شو منعقد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کمیونٹی کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اس عشایئے میں خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور پراپرٹی شو کے انعقاد کے حوالہ سے خوب دلچسپی شو کی۔


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں





  اوصاف سپیشل

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

کار ٹونز


یورپ

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved