نواز شریف آئندہ پانچ سال بھی وزیراعظم ہونگے، انجم چوہدری
  21  اپریل‬‮  2017     |     یورپ

لندن(پ ر) پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ برطانیہ کے صدر انجم چوہدری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو حق اور سچ کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنوں اور گھیراؤ کی طرح مخالفین کی ایک اور سازش ناکام ہوگئی اور پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے مخالفین کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی اور 2018ء کے الیکشن میں بھی عوام کی حمایت سے جیت کر ترقی کا ایجنڈا مکمل کریں گے، فیصلے کے بعد یوتھ ونگ کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انجم چوہدری نے کہا کہ (ن) لیگ عدالتی فیصلے کو من و عن تسلیم کرے گی اور اب مخالفین کو بھی چاہئے کہ وہ رونا دھونا چھوڑ کر ملک کو آگے بڑھنے دیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی اہلیت پر کوئی فرق نہیں پڑا۔ عمران خان جو مرضی کرلیں انشاء اللہ نواز شریف آئندہ پانچ سال کیلئے بھی وزیراعظم ہوں گے اور عمران خان کا یہ عرصہ بھی روتے ہوئے گزر جائے گا، انجم چوہدری نے کہا کہ پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے والے کسی صورت ملک سے مخلص نہیں ہوسکتے، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، اور ایم کیو ایم سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں ملکی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں اگر ان میں سے کوئی بھی جماعت پاکستان سے مخلص ہے تو ترقی کے اس سفر میں میاں نواز شریف کا ساتھ دے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پانامہ کا معاملہ عدالت میں جانے سے پہلے از خود تحقیقات کا کہہ چکے تھے۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے ثابت ہوگیا ہے کہ مخالفین نے جو الزامات عائد کئے ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں تھی اور انہیں منہ کی کھانا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ جو عوامی عدالت میں نااہل ہوئے وہ قانونی عدالت میں بھی نااہل ہوگئے جبکہ عوامی عدالت سے جیتنے والے نواز شریف قانونی عدالت سے بھی جیت گئے، اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ سچا کون ہے اور جھوٹا کون ہے۔ انجم چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کی اہلیت پر کوئی سوال نہیں اٹھایا گیا اور یہ ہماری بڑی کامیابی ہے اور اسی وجہ سے ہمارے مخالفین کے منہ لٹکے ہوئے ہیں۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد تین نسلوں کا حساب دینے والا سرخرو ہوگیا، ہم یوم تشکر جبکہ ہمارے مخالفین یوم شرمندگی منارہے ہیں۔


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں






آج کا مکمل اخبار پڑھیں

کار ٹونز


یورپ

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved