علامہ اقبال برصغیر کی ایسی تابناک شخصیت تھیں جن پر ملت اسلامیہ ہمیشہ فخر کرتی رہے گی ، سردار مسعود، فاروق حیدر ، مشتاق منہاس
  20  اپریل‬‮  2017     |      کشمیر
مظفر آباد(آئی این پی)صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان ،وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ علامہ اقبال برصغیر کی ایسی تابناک شخصیت تھیں جن پر ملت اسلامیہ ہمیشہ فخر کرتی رہے گی ،وہ ایک بڑے فلسفی اور عظیم شاعر ہونے کے علاوہ ایک ماہر قانون اور صاحب بصیرت سیاستدان بھی تھے ، برصغیر کے مسلمانوں کیلئے جس وطن کا خواب علامہ اقبال مرحوم نے دیکھا تھا ریاست جموں و کشمیر اس کا لازمی حصہ تھی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت علامہ اقبالؒ کی برسی کے موقع پراپنے پیغامات میں کیا ۔اس موقع پر صدرسردار محمد مسعود خان نے کہا کہ مصور پاکستان حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال نے امت مسلمہ کے حقیقی مصلخ اور بہی خواہاں تھے انہوں نے اپنے کلام کے ذریعہ جہاں ساری دنیا کے مسلمانوں کو ان کی عظمت رفتہ کی یاد دلاتے ہوئے نئی زندگی کے نئے تقاضوں میں سرگرم حصہ لینے کیلئے آمادہ کیا وہی پر انہوں نے کشمیری عوام کے اضطراب اور زبوں حالی کا خاص طور پر ذکر کیا ان کے کلام میں جا بجا کشمیری مسلمانوں کی غلامی کا ذکر موجود ہے اور انہوں نے اپنے کلام کے ذریعہ کشمیرکی حالت زار پر فارسی اور اردو کلام میں نہ صرف دکھ کا اظہار کیا بلکہ ان کے دکھوں کا موثر عندیہ بھی دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم باہمی اتفاق و اتحاد کے ذریعہ ہی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں ۔ چنانچہ انہوں نے مسلمانوں کو زندگی کے ہر موڑ پر سخت محنت اور ریاضت سے کام کرنے اور دوسروں کے سامنے سرنگوں ہونے سے بچنے کی تلقین کی ۔ یہ علامہ اقبال کے کلام اور تعلیمات ہی کا اعجاز تھا کہ کشمیری عوام نے ایک ایسے وقت میں پاکستان کے ساتھ الحاق کی تاریخی قرارداد منظور کی جب ابھی پاکستان منصہ شہود ہی پر نہیں آیا تھا ۔اس موقع پر وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ اپنی سوئی قوم کو جگانے کیلئے اقبال نے شعر کو ذریعہ بنایا، انہوں نے اپنے دلکش اور ولولہ انگیز اشعار سے ملت کے دلوں کو گرمایا اور قوم کے اجتماعی شعور کو بیدار کیا ۔ انہوں نے ایک مایوس اور منتشر قوم کو ایک ناقابل شکست قوت بنادیا شاعری کی دنیا میں اتنا بڑا کارنامہ ہے جسکی مثالیں تاریخ میں خال خال ہی مل سکتی ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ اپنے 1930کے خطبہ الہ آباد میں دو قومی نظریے کے حوالے سے جب اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا خاکہ پیش کیا تو ان کے تصورات زیادہ تر لوگوں کی سمجھ سے باہر تھے ۔لیکن وقت نے ثابت کر دیا کہ حکیم الامت نے سچا خواب دیکھا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے پاکستان کا تصور پیش کیا اور ان کے مرد مومن اور قوم کے زندہ جاوید راہنما حضرت قائد اعظم کی قیادت میں صرف 17سال کی مختصر عرصے میں اسلامیان ہند اپنے لیئے الگ وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔انسانی تاریخ میں یہ واقعہ ایک معجزے سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ علامہ اقبال مرحوم کا تعلق بھی سرزمین کشمیر سے تھا ۔ انہوں نے خود بھی اس تعلق پر فخر کا اظہار کیا وہ کئی بار یہاں تشریف لائے ۔ انہوں نے ڈوگرہ آمریت کے خلاف کشمیری مسلمانوں کی جدو جہد کی ہمیشہ بھر پور حمایت کی ۔ وزیر اعظم نے کہا یہ انتہائی تکلیف و ہ بات ہے کہ خطہ کشمیر اب تک پاکستان کا حصہ نہیں بن سکا اور کشمیری مسلمان آج بھی زبوں حال ہیں ۔آج بھی کشمیری مسلمان بھارتی افواج کے ظلم و ستم کا شکار ہیں ۔ لیکن آزادی کی منزل حاصل کرنے کے لیے انکے حوصلے مضبوط ہیں وہ اپنے حق خودارادیت کو حاصل کر کے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق کا خواب حقیقت بنے گا اور وہ دن دور نہیں جب حق و باطل کی اس جنگ میں کشمیری مسلمان سرخرو ہونگے ۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات راجہ مشتاق منہاس کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے جس وطن کا خواب علامہ اقبال مرحوم نے دیکھا تھا ریاست جموں و کشمیر اس کا لازمی حصہ تھی ،ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کو زیادہ مستحکم کرنا ہوگا۔ حالات بتاتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق قریب ہے۔کشمیری عوام کی گوہر مقصود حاصل کرنے کی کوششوں کی کامیابی سے سب سے زیادہ مسرت و طمانیت مصور پاکستان حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال اور بانی پاکستان حضرت قائد اعظم ہی کو نصیب ہو گی ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپنا عظیم ملی نصب العین حاصل کرنے کیلئے ہمیں ہر سطح پر یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور حضرت علامہ اقبال نے اپنی شاعری میں مسلما نوں کی جو رہنمائی کی ہے اس پر عمل درآمد کرتے ہوئے مملکت پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا اجتماعی کردار اداء کرنا ہوگا۔�آج پاکستان جن خطرات میں گھرا ہوا ہے اس مشکل کے وقت میں پوری قوم کو متحد ہو کر پاکستان کی سلامتی کے لیے کام کرنا ہوگا۔

اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 



 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں






آج کا مکمل اخبار پڑھیں

کار ٹونز

کشمیر

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved