عازمین استحصال سے بچنے کیلئے اداروں سے تعاون کریں،اے بی ایچ
  17  جولائی  2017     |     یورپ

برمنگھم(پ ر) برطانیہ میں عازمین حج و عمرہ کی فلاح و بہبود کے لئے سرگرم عمل قومی فلاحی تنظیم ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے ملکی قوانین کی علمبرداری کو یقینی بنانے اور عازمین حج وعمرہ کو کسی قسم کے فراڈ اور استحصال سے بچانے کے لئے لنڈن پولیس اور ٹریڈنگ سٹینڈرڈ کی جانب سے برمنگھم میں کی جانے والی مشترکہ حالیہ کارروائیوں کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ اس کارروائی کے پہلے مرحلہ میں بارہ حج و عمرہ بزنسز کا معائنہ کرنے کے بعد یہ افسوسناک صورتحال سامنے آئی کہ ان میں سے صرف تین بزنسز ملکی قوانین پر عملدرآمد جبکہ باقی نو بزنسز ملکی قوانین کی خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے اس صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ایک طویل عرصہ سے خبردار کئے جانے کے باوجود ابھی تک ایک بڑی تعداد میں حج ٹور آپریٹرز کا ملکی قوانین کا احترام اور ان پر عملدرآمد نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ لیکن اب اس کارروائی کے نتیجہ میں ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمات اور انہیں عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے برمنگھم ٹریڈنگ سٹینڈرڈ کی سربراہ سجیلا نصیر کی جانب سے جاری کردہ اس یقین دہانی کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے کہ جس میں انہوںنے کہا ہے کہ عازمین حج وعمرہ کے حقوق کے تحفظ اور ان کے استحصال کے خاتمے کے لئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے آئندہ بھی بھرپور اقدامات کئے جاتے رہیں گے۔ حالیہ برسوں میں متعدد ٹور آپریٹرز کے خلاف کامیاب عدالتی کارروائی کے بعد انہیں جیل اور بھاری جرمانوں کی سزا سنائی گئی ہے۔ ایسوسی ایشن نے کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ عازمین کے استحصال کے خاتمہ کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہر ممکن تعاون کریں۔


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں






آج کا مکمل اخبار پڑھیں

کار ٹونز

اہم خبریں

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved