نواب آف بھوپال کی جائیداد حکومتی تحویل میں ‘ سیف علی خان کے جائیداد سے محروم ہونے کا خدشہ
  15  مارچ‬‮  2017     |      شوبز
نئی دہلی(روزنامہ اوصاف )بھارتی ایوان بالا راجیہ سبھا میں 'اینیمی پراپرٹی ایکٹ 1968' میں ترمیم کا بل اپوزیشن کے واک آوٹ کے باوجود منظور کرلیا گیا،بل سے غیر منصفانہ طور پر زیادہ تر مسلمان متاثر ہوں گے،قانون کی منظوری سے نواب آف بھوپال کی جائیداد بھی حکومتی تحویل میں جاسکتی ہے، بولی ووڈ اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور ان کے بیٹے فلم اسٹار سیف علی خان بھی جائیداد سے محروم ہوسکتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ایوان بالا راجیہ سبھا میں 'اینیمی پراپرٹی ایکٹ 1968' میں ترمیم کا بل پیش کیا گیا جسے اپوزیشن کے واک آوٹ کے باوجود منظور کرلیا گیا۔ پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے متنازع بل کے حوالے سے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس بل سے غیر منصفانہ طور پر زیادہ تر مسلمان متاثر ہوں گے۔ بھارت نے 1968 میں یہ قانون نافذ کیا تھا جس کے تحت حکومت کو اختیارات دیے گئے تھے کہ وہ ان بھارتی شہریوں کی جائیدادیں ضبط کرسکتی ہے جو جنگ کے دوران چین یا پاکستان چلے گئے تھے۔بھارت نے ان جائیدادوں کو دشمن کی جائیداد کا نام دیا تھا۔ترمیمی بل میں دشمن کی تعریف کو مزید وسیع کردیا گیا ہے اور اس میں دشمن قرار دیے گئے شخص کے قانونی وارثوں کو بھی شامل کرلیا گیا ہے چاہے وہ وارث بھارت کا شہری ہو یا کسی ایسے ملک کا جسے بھارت دشمن نہیں سمجھتا۔تاہم بھارتی حکومت یہ کہہ چکی ہے کہ یہ ترامیم عوام کے وسیع تر مفاد میں ہیں اور 'اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ کھربوں روپے مالیت کی دشمن کی جائیدادیں دوبارہ دشمن یا دشمن کمپنی کے پاس نہ چلی جائیں ۔ قانون کی منظوری کی صورت میں نواب آف بھوپال کی جائیداد بھی حکومتی تحویل میں جاسکتی ہے اور یوں بولی ووڈ اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور ان کے بیٹے فلم اسٹار سیف علی خان بھی جائیداد سے محروم ہوسکتے ہیں کیوں کہ سیف علی خان کے والد منصور علی خان پٹودی کے خاندان کے بھی کچھ لوگ کئی دہائیوں قبل پاکستان منتقل ہوئے تھے۔راجیہ سبھا میں پیش کیے جانے والے ترمیمی بل میں یہ شق بھی رکھی گئی ہے کہ ' دشمن کی جائیداد ' سے متعلق معاملے کی سماعت سول عدالت نہیں کرسکے گییاد رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے 2005 میں یہ فیصلہ سنایا تھا کہ بھارت چھوڑ کر جانے والوں کے وہ قانونی وارث جو بھارتی شہری ہیں وہ دشمن کی جائیداد کی حوالگی کا دعوی کرسکتے ہیں۔سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ محمود آباد کے سابق راجہ کے خاندان کی جانب سے دائر درخواست پر سنایا تھا جو کہ 1947 میں تقسیم ہند کے دوران بھارت چھوڑ گئے تھے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق اگر یہ قانون منظور ہوگیا تو سب سے زیادہ نقصان محمود آباد کے سابق راجہ کے خاندان کو ہوگا جنہوں نے 2005 میں اپنی 900 جائیدادوں کے حق میں سپریم کورٹ سے فیصلہ حاصل کیا تھا۔خیال رہے کہ بھارت کی کل آبادی میں مسلمانوں کی تعداد 13 فیصد کے قریب ہے اور انہیں زمینوں کے حقوق، جائیداد خریدنے اور کرائے وغیرہ پر دینے کے معاملے میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔بھارتی حکومت ' دشمن کی جائیداد ' کے قانون کے تحت اب تک 2100 املاک اپنے قبضے میں لے چکی ہے اور یہ جائیدادیں زیادہ تر مسلمان خاندانوں سے واپس لی گئی ہیں اور ان کی مالیت کا تخمینہ 10 کھرب بھارتی روپے (15)ارب ڈالربتائی جاتی ہے۔انسانی حقوق کے لیے سرگرم وکیل آنند گروور کہتے ہیں کہ 'اس ترمیمی بل کا مقصد بظاہر مسلمانوں کو ان کے آبائی جائیداد کے حق سے محروم کرنا لگتا ہے، کوئی نہیں جانتا اب کیا ہوگا

اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
25%
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
25%
پسند ںہیں آئی
50%



 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں





 انٹر نیٹ کی دنیا میں سب سے زیادہ پڑھے جانے والے مضا مینں
loading...

  اوصاف سپیشل

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

کار ٹونز

شوبز

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved