ناجائزاثاثے کیس،تامل ناڈو کی مستقبل کی خاتون وزیر اعلیٰ کو چار سال قید
  15  فروری‬‮  2017     |     دنیا

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی سپریم کورٹ نے جنوبی ریاست تامل ناڈو کی مستقبل کی خاتون وزیر اعلیٰ کو چار سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ ’غیر متناسب اثاثوں‘ کی مالکہ وی کے ششی کلا کو دس سال کے لیے کسی عوامی عہدے کے لیے امیدواری سے بھی روک دیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ملکی سپریم کورٹ نے ششی کلا سے متعلق مقدمے میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے جنوبی ریاست تامل ناڈو کی اس آئندہ وزیر اعلیٰ کو ریاستی سربراہ حکومت کے دفتر کی بجائے چار سال قید کے لیے جیل بھیج دیا۔وی کے ششی کلا کو یہ سزائے قید بدعنوانی کے ایک ایسے مقدمے میں سنائی گئی، جس کا تعلق 1990ءکی دہائی سے تھا۔ اس عدالتی فیصلے کے بعد اب ششی کلا نہ صرف فوری طور پر وزیر اعلیٰ کا منصب نہیں سنبھال سکتیں بلکہ انہیں اگلے پورے ایک عشرے کے لیے اس عہدے پر منتخب بھی نہیں کیا جا سکے گا۔اس مقدمے میں استغاثہ عدالت کے سامنے یہ ثابت کرنے میں کامیاب رہا کہ ششی کلا اور ان کی سیاسی تربیت کرنے والی تامل ناڈو ہی کی سابق خاتون وزیر اعلیٰ جیاللیتا جیارام اس حد تک ’غیر متناسب اثاثوں‘ کی مالک تھیں، جو وہ اپنے عوامی عہدوں کی وجہ سے ملنے والی تنخواہوں سے ممکنہ طور پر کبھی خرید ہی نہیں سکتی تھیں۔عدالتی ریکارڈ کے مطابق یہ دونوں سیاستدان خواتین کئی بنگلوں، متعدد لگڑری کاروں، چائے کی کئی باغات اور سونے اور چاندی کے بہت سے زیورات کے علاوہ ہزاروں بہت مہنگی ساڑھیوں کی بھی مالک تھی۔ششی کلا اپنے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے کے وقت خود عدالت میں موجود نہیں تھیں اور نئی دہلی میں عدالت عظمیٰ نے انہیں حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر خود کو پولیس کے حوالے کر دیں تاکہ جیل بھیجے جانے کے بعد وہ اپنی سزا کاٹنا شروع کر سکیں۔اسی مقدمے میں بھارتی سپریم کورٹ نے وی کے ششی کلا کی ایک بھانجی اور ایک بھتیجے کو بھی، جو اس مقدمے میں شریک ملزمان تھے، بدعنوانی کے جرم میں چار چار سال قید کی سزائیں سنائی ہیں۔اس وقت تامل ناڈو کے عبوری وزیر اعلیٰ او پنیرسیلوَم ہیں، جنہیں ششی کلا نے پارٹی قیادت کے مقابلے میں ہرا دیا تھا لیکن اب ششی کلا کے سیاسی طور پر بہت آگے آنے کی مخالفت کرنے والے یہی سیاستدان تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ رہیں گے۔تامل ناڈو میں مختلف صنعتوں کے لیے مینوفیکچرنگ پلانٹ تیار کرنے والی غیر ملکی فرموں کی بے تحاشا دلچسپی کے وجہ سے اس بھارتی ریاست کو امریکی شہر ڈیٹرائٹ کی نسبت سے ’ایشا کا ڈیٹرائٹ‘ بھی کہا جاتا ہے۔


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
100%
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں






آج کا مکمل اخبار پڑھیں

کار ٹونز

دنیا

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved