01:35 pm
’’پیارے دوست میں تو کمانڈو بنا ہی اس لیے ہوں ‘‘

’’پیارے دوست میں تو کمانڈو بنا ہی اس لیے ہوں ‘‘

01:35 pm

گوادر (مانیٹرنگ ڈیسک )صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پرل کانٹیننٹل پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں نیوی کا ایک اہلکار اور 4 سکیورٹی گارڈز شہید جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے تھے ۔ حملے میں شہید ہونے والے نیوی اہلکار عباس خان کی واٹس ایپ چیٹ کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں جس میں عباس خان کو رمضان المبارک میں شہادت کی خواہش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ان اسکرین شاٹس کے مطابق عباس خان رمضان المبارک میں شہادت کے خواہشمند تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ دعا کرو کہ شہادت مل جائے،
کتنا مزہ آئے گا رمضان کا۔ انہوں نے کہا کہ شہادت کا ہی مزہ ہے۔ ہم کمانڈو ہی اسی لیے بنے ہیں کہ کسی کے کام آ جائیں۔ عباس خان کی چیٹ کے اس اسکرین شاٹ نے انٹرنیٹ صارفین کو کافی افسردہ کر دیا ہے۔ انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ عباس خان نے رمضان المبارک میں شہادت پانے کی دل سے خواہش کی جسے اللہ نے قبول کر لیا اور اس ماہ مبارک میں انہیں شہادت کا جام پلا دیا۔ کئی انٹرنیٹ صارفین نے عباس خان کی مغفرت اور جنت الفردوس میں ان کے اعلیٰ مقام کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کو صبر و جمیل عطا کرنے کی دعا بھی کی ۔ صارفین کا کہنا تھاکہ ایسے بہادر جوانوں کی وجہ سے دشمن ہمارے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہمت نہیں رکھتا، ہماری فورسز میں جب تک قربانیاں دینے والے ایسے جوان موجود ہیں تب تک ہم چین سے سو سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ قبل ازیں سوشل میڈیا پر شہید عباس خان کے جسد خاکی کے ساتھ ان کی نومولود بیٹی کی تصویر بھی وائرل ہو ئی تھی جس نے ہر آنکھ اشکبار کر دی۔بے حس و حرکت پڑے اپنے والد کے ساتھ اس ننھی پری کی تصویر نے سوشل میڈیا پر ہر ایک کو آبدیدہ کر دیا ۔ عباس خان کو گذشتہ روز عسکری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا تھا جبکہ عباس خان کی نماز جنازہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی شرکت کی تھی۔ یاد رہے کہ 11 مئی کو گوادر کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل پرل کانٹینٹل ہوٹل میں تین حملہ آور داخل ہوگئے تھے ۔ حملے کے فوراً بعد فورسز کی بھاری نفری نے ہوٹل کو گھیرے میں لے لیا، فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان مقابلہ ہوا ، جس کے بعد فورسز نے انہیں مار گرایا۔ فورسز کے مطابق دہشت گردوں کے پاس بھاری اسلحہ اور راکٹ لانچر بھی تھا۔ دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں نیوی کا ایک اہلکار اور 4 سیکیورٹی گارڈز شہید جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے تاہم سکیورٹی فورسز کے کلین اپ آپریشن میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔


تازہ ترین خبریں