08:49 am
ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا،146روپے کا ہو گیا

ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا،146روپے کا ہو گیا

08:49 am

کراچی (نیوز ڈیسک )اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں دو روپے کا اضافہ ہو گیا جس کے بعد ڈالرکی قیمت 146 روپے ہو گئی۔ جبکہ دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت تاحال مستحکم ہے جہاں ڈالر 141 روپے 39 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔ کاروباری ہفتے کےآغاز پر بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا تھا۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہو گیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 144 روپے 50 پیسے ہو گئی تھی۔ یاد رہے
کہ گذشتہ ہفتے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں دو روپے کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 144 روپے ہو گئی۔ گذشتہ ہفتے کے دوران ڈالر تین روپے مہنگا ہوا۔ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ اور روپے کی قدر میں ہونے والی مسلسل کمی باعث تشویش ہے کیونکہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے کا خدشہ ہے۔واضح رہے کہ آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات کے بعد ماہرین معاشیات نے ڈالر کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اس حوالے سے حال ہی میں ایک رپورٹ بھی سامنے آئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ آئی ایم ایف سے بیل آوٹ پیکج ملنے کے بعد پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ کچھ ماہرین معیشت نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آئی ایم ایف سے بیل آوٹ پیکج ملنے کے بعد پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت روپے کے مقابلے میں 160 روپے تک جا سکتی ہے۔تاہم اس حوالے سے صورتحال آنے والے دنوں میں واضح ہوگی۔ جبکہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ممکنہ معاہدے کے خوفناک اثرات بھی سے سامنے آنے لگے ہیں۔ آئی ایم ایف سے ممکنہ معاہدے کی وجہ سے کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک ہفتے کے دوران تین روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ تاہم آج ہفتے کے آغاز پر ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہو گیا ہے جبکہ آگے بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبریں