02:33 pm
پولیس فورس کی استعداد کو بڑھانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، خصوصی تربیت بھی دی جائے گی،فورس کمانڈر گلگت

پولیس فورس کی استعداد کو بڑھانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، خصوصی تربیت بھی دی جائے گی،فورس کمانڈر گلگت

گلگت۔ (مانیٹرنگ ڈیسک) فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل احسان محمود خان نے کہاہے کہ گلگت بلتستان پولیس ملک بھر کی پولیس کے لئے مثال ہے، یہاں کی پولیس فورس کی استعداد کو بڑھانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، پولیس اہلکاروں کو خصوصی تربیت بھی دی جائے گی ۔گلگت بلتستان پولیس کو مثالی اور اعلیٰ فورس بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ سکردو میں پولیس دربار

 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان پولیس انتہائی مشکل اور کھٹن حالات میں بھی انتہائی ایمانداری ، دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہے، 26جنوری اور 27جنوری و سی ایم ایچ سکردو میں پولیس فورس اور بچوں کیلئے خصوصی میڈیکل کیمپ لگایا جائیگا۔ جہاں پولیس اہلکاروں او ر افیسران کے ساتھ ساتھ انکے بچوں کے مفت چیک اپ کرائے جائیں گے، انہوں نے کہاکہ پاکستان کاگلگت بلتستان کے ساتھ بہت گہرا رشتہ ہے، کوئی یہ نہ سمجھے کہ گلگت بلتستان پاکستان سے الگ ہے، انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کے ملک کے بڑے وفادار ہیں۔ یہاں کے لوگوں کی قربانیاں لازوال ہیں، پاک فوج خطے کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ چیف سکریٹری کیپٹن(ر) خرم آغا نے کہا کہ قیام امن اور قانون کی بالا دستی کیلئے پولیس اپنا کردارادا کررہی ہے، انتظامیہ پولیس فورس کے ساتھ ہر وقت تعاون کرے گی۔ تنخواہوں کا مسئلہ حل کرلیا جائیگا، پولیس فورس کیلئے خصوصی مراعات دی جائیں گی۔ مزید بھرتیاں بھی کی جائیں گی۔ نئی پولیس لائن کے قیام کیلئے خصوصی فنڈز رکھے جائیں گے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس ثناء اللہ عباسی نے کہا کہ بے حد خوشی ہے کہ میں گلگت بلتستان میں بہترین پولیس فورس کا سربراہ ہوں۔ پولیس پر عزم ہو کر علاقے کیلئے کام کر رہی ہے۔ بحیثیت پولیس سربراہ جوانوں کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ کوشاں رہوں گا۔