05:32 pm
بلتستان یونیورسٹی کاماسٹرپلان تیارکرلیا(ڈاکٹرنعیم)ہرممکن تعاون کریںگے،راجہ جلال

بلتستان یونیورسٹی کاماسٹرپلان تیارکرلیا(ڈاکٹرنعیم)ہرممکن تعاون کریںگے،راجہ جلال

05:32 pm

اسلام آباد(اوصاف نیوز)بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد نعیم خان کی گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے اہم ملاقات ، باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال، بلتستان یونیورسٹی کے ماسٹر پلان اور مستقبل کے متوقع منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے کہا کہ بلتستان یونیورسٹی کا ماسٹر تیار کرلیا ہے
جبکہ تین سے چار مہینوں کے عرصے میں یونیورسٹی کی عمارت کی ڈیزائننگ اور دیگر کام مکمل ہوں گے۔ یہ گفتگو انہوں نے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے ہونے والی ملاقات میں کی۔ملاقات میں گورنر کے سیکرٹری سجاد حیدر بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ بلتستان یونیورسٹی میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ کمشنر بلتستان محمد سالک اور ڈی سی شگر کے تعاون سے بلتستان یونیورسٹی کیلئے15سوکنال اراضی مختص ہوچکی ہے اوراُس کی نشاندہی کا مرحلہ بھی مکمل ہوچکا ہے۔ وائس چانسلر نے اپنی گفتگو میں عندیہ دیا کہ بلتستان یونیورسٹی میں گریڈ ون سے لے کر پانچ تک کی ملازمتوں میں اِسکردو کے مقامی افراد کو ترجیح دی جائے گی۔ جبکہ مستقبل میں بھی نچلی سطح کی ملازمتوں میں اِسکردو کے مقامی افراد کو ترجیح دینے کارُجحان برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلتستان یونیورسٹی کی ملازمتوں میں شفافیت ہر حال میں پیشِ نگاہ رکھی جائے گی ۔ تعلیم اور یونیورسٹی کی ترقی میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ بلتستان یونیورسٹی کا مستقبل تابناک اور لوگوں کیلئے مثال بنے۔ دریں اثناء گورنرگلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم کے اِقدامات کی تعریف کی اور یونیورسٹی میں گریڈ ون سے لے کر پانچ تک کی ملازمتوں میں اِسکردو کے مقامی افراد کو ترجیح دینے کے فیصلے کو سراہا۔ اپنی گفتگو میں گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ ہم بلتستان یونیورسٹی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یونیورسٹی اِنتظامیہ کے آزادانہ فیصلوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ مستقبل کے متوقع منصوبوں کو بھی ہماری حمایت جاری و ساری رہے گی۔ ٓملاقات کے اختتام پروائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے گورنرگلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون اور سیکرٹری گورنر سجاد حیدر کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔

تازہ ترین خبریں