08:25 am
 معاشی اور اقتصادی طور پر ایک فعال اور مستحکم پاکستان اہل پاکستان ہی نہیں کشمیریوں کے بھی بہترین مفاد میں ہے، فاروق حیدر

معاشی اور اقتصادی طور پر ایک فعال اور مستحکم پاکستان اہل پاکستان ہی نہیں کشمیریوں کے بھی بہترین مفاد میں ہے، فاروق حیدر

کارگل(بیورورپورٹ)وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ معاشی اور اقتصادی طور پر ایک فعال اور مستحکم پاکستان اہل پاکستان ہی نہیں کشمیریوں کے بھی بہترین مفاد میں ہے اور مملکت خداد پاکستان میں جس قدر بھی معاشی و اقتصادی اور زرعی طور پر استحکام اور ترقی ہو گی اور جس قدر امن ہو گا اس کے ملکی سیاست اور تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر پر زیادہ مثبت اوردورس

 اثرات مرتب ہو نگے ۔ پاکستان اور کشمیریوں کے فطری رشتوں اور تعلقات کو زیادہ مضبوط بنانے میں مدد ملے گی ۔ وہ گذشتہ شام یہاں مقامی ہوٹل میں فور برادرز گروپ آف پاکستان اور پاکستان انجینئر نگ کونسل کے تعاون سے منعقدہ ایک بڑی سالانہ بزنس کمپنیز کی چیف ایگزیکٹیو آفیسرزکانفرنس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس کانفرنس میں وزیراعظم آزادکشمیر کے علاوہ ان کی کابینہ کے ممبران وزیر تعلیم سکولز بیرسٹر افتخار گیلانی ،  وزیرتعلیم ہائر ایجوکیشن کرنل وقار احمد ،وزیر ٹیوٹا ڈاکٹر مصطفی بشیر ، وزیرلوکل گورنمنٹ راجہ نصیر احمد خان ، سیکرٹری زراعت و امور حیوانات راجہ طارق مسعود ، سیکرٹری سروسز ڈاکٹر لیاقت حسین اور حکومت کے دیگر سیکرٹریز و سربراہان محکمہ جات اور انجینئر ز کے علاوہ پاکستان بھر کے ایگری بزنس کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو ز آفیسرز ، انجینئرنگ کونسل اور دیگر تجارتی و کاروباری اور زرعی ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے زور دے کر کہا کہ ان کی دلی خواہش ہے اور وہ اکثر یہ سوچتے بھی رہتے ہیں کہ پاکستان کو اتنے زیادہ مالی وسائل میسر آسکیں کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ زرعی اور اقتصادی ترقی کیلئے منصوبہ بندی کر کے اس پر زیادہ سے زیادہ عمل درآمد کیلئے اقدامات کئے جاسکیں اور اہل پاکستان اور آزاد خطہ کے لوگوں کو ایک مرتبہ پھر کھیتی باڑی اور سبزیوں اور پھلوں کی زیادہ سے زیادہ کاشت کاری کیلئے راغب کیا جائے اور پاکستان کے تمام صوبوں اور آزاد کشمیر کے تمام علاقوں خاص کر ان دیہی اور زرخیز علاقوں جہاں کا موسم زیادہ ساز گار ہوتا ہے اور وہاں سبزیوں اور پھلوں کو اگانے کیلئے زیادہ بہتر موسمی حالات ہوتے ہیں اور پانی کی ضروریات بھی زیادہ بہتر انداز سے پوری کی جاسکتی ہیں وہاں حکومت اور متعلقہ حکومتی و سرکاری اداروں اور پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے زرعی ، معاشی اور اقتصادی ترقی کیلئے ایسے اقدامات کئے جائیں کہ نہ صرف ہم سبزیوں اور پھلوں کی ملکی سطح پر اپنی زیادہ سے زیادہ ضروریات پوری کر سکیں بلکہ ان سے اپنے ذرائع آمدن بڑھانے کیلئے بھی زیادہ بہتر انداز سے ان کی برآمدکریں ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے زلزلے کے بعد لوگوں نے اپنے ہاتھ سے کام کرنا چھوڑ دیا ہے خاص کر زرعی شعبوں میں ہمارے اس آزاد خطہ میں لوگوں کے کھیتی باڑی کے کام کرنے کی دلچپسی اب خاصی کم ہو گئی ہے۔