11:01 am
 متاثرین منگلا ڈیم نے پاکستان کی سلامتی کیلئے ناگزیر قومی منصوبہ کی قربانی دے کر بے مثال تاریخ رقم کی ہے، بشیر ایڈووکیٹ

متاثرین منگلا ڈیم نے پاکستان کی سلامتی کیلئے ناگزیر قومی منصوبہ کی قربانی دے کر بے مثال تاریخ رقم کی ہے، بشیر ایڈووکیٹ

11:01 am

میرپور(بیورورپورٹ) صدر بار ایسوسی ایشن طارق بشیر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ متاثرین منگلا ڈیم نے پاکستان کی سلامتی کیلئے ناگزیر قومی منصوبہ کی قربانی دے کر بے مثال تاریخ رقم کی ہے متاثرین منگلا ڈیم نے ناصرف پاکستان کی وحدت بلکہ معاشی ترقی وخوشحالی اور استحکام پاکستان کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر کے پاکستان کے اندر زیر بحث اور زیر تعمیر آبی ذخائر کے منصوبہ جات کیلئے ایک قابل تحسین مثال قائم کی ہے ۔ متاثرین کے ذیلی کنبہ جات سوئی گیس کی فراہمی اور متاثرین کی سہولتوں کیلئے بنائے گئے اداروں کی توڑ پھوڑیا اداروں کو غیر فعال کرنا متاثرین سے ناانصافی ہے ۔ میرپور بار ایسوسی ایشن متاثرین منگلا ڈیم کے جائز اور اصولی موقف کی حمایت کرتی ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے متاثرین منگلا ڈیم کے نمائندہ وفد سے ان کے دفتر میں ملاقات کے
دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد میں متاثرین منگلا ڈیم توسیع رابطہ کمیٹی کے سیکرٹری جنرل سردار رشید جمال متاثرین راہنما راجہ گل داد خان ، سابق امیدوار اسمبلی راجہ نہیب ٹھاکر ، راجہ عابد الرحمن ، حاجی محمد الطاف ، طعلت محمود ، مرزا نیس، راجہ شیرازاور ملک کامران شامل تھے ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل بار ایسوسی ایشن ، چوہدری بشارت حسین بھی موجود تھے قبل ازیں سردار رشید جمال نے صدر بار ایسوسی ایشن کو متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین منگلا ڈیم کے ذیلی کنبہ جات گذشتہ 8سالوں سے دربدر اور بے گھر ہیں کوئی پرسان حال نہیں ہے متاثرین منگلا ڈیم نیوسٹی کو معاہدہ کے تحت سوئی گیس کی فراہمی میں تاخیر سے متاثرین کے مسائل میں کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے مسائل گھمبیر ہو رہے ہیں ۔ متاثرین کی سہولتوں کیلئے بنائے گے اداروں کی توڑ پھوڑ سے متاثرین کی حق تلفی ہورہی ہے پبلک ہیلتھ ڈویژن 2کی تقسیم سے متاثرین میں مشکلات پیدا کر کے لوگوں کو سڑکوں پے آنے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔ متاثرین کے پڑھے لکھے بچوں کو روزگار کے وعدوں کے باوجود عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے ۔ نیوسٹی کے اربوں روپے کی سیوریج سسٹم مکمل طور پر تباہ وبرباد ہوچکی ہے نیوسٹی میں سب ڈویژن برقیات کی منظوری کے باوجود عملہ فراہم نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرپور بار نے ہمیشہ میرپور کے قومی مسائل پر گراں خدمات انجام دی ہیں بے بس اور بے کس طبقات کے مسائل کے حل کیلئے حق کی آواز بلند کی ہے ہمیں توقع ہے کہ میرپور بار ہمارے اصولی موقف اور جائز مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ کی طرح ہماری راہنمائی اور اصولی حمایت جاری رکھے گی ا ور ہمیں مسائل کے دلدل سے نکالنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔ اس موقع پر صدر بار ایسوسی ایشن طارق بشیر نے وفد کو یقین دلایا کہ آپ کے جائز مسائل کے حل اور اصولی موقف پے میرپور بار ایسوسی ایشن آپ کے ساتھ ہے ۔ وفد نے صدر بار اور سیکرٹری جنرل بار ایسوسی ایشن کو میرپور اور متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل حل کرانے میں حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

تازہ ترین خبریں