11:10 am
صدر کشمیرپریس کلب میرپور سجاد جرال کی زیرصدارت اراکین کشمیر پریس کلب میرپور کا اجلاس منعقد

صدر کشمیرپریس کلب میرپور سجاد جرال کی زیرصدارت اراکین کشمیر پریس کلب میرپور کا اجلاس منعقد

11:10 am

میرپور(بیورورپورٹ)صدر کشمیرپریس کلب میرپور سجاد جرال کی زیرصدارت اراکین کشمیر پریس کلب میرپور کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی میرپور ریاض حیدر بخاری کے رویہ اور ضلع بھر میں پولیس کی ناقص ترین کارکردگی کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے ایس ایس پی کا بائیکاٹ کرنے کافیصلہ کیاگیا ۔اجلاس میں کشمیر پریس کلب میرپور کے جملہ عہدیداران و اراکین نے شرکت کی ۔اجلاس سے صدر کشمیر پریس کلب سجاد جرال کے علاوہ سابق صدور کشمیر پریس کلب ارشد محمود بٹ،محمد ظفیربابا،سید قمر حیات شاہ،بلال رفیق،عیتق احمد،خلیل چوہان،سردار عابد،ظہورالرشیدعدیل سجاد،امجد بیگ،ناصر رفیق چوہدری،سردارشاہد صادق،راشدبشیرچوہدری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ میرپور پولیس جسے ریاست بھر میں مثالی پولیس کا لقب دیا جاتا تھا آج
پنجاب پولیس بن چکی ہے شہریوں کو جعلی مقدمات میں اٹھاکر انکی رقوم ہتھیا ئی جارہی ہیں،منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کرنے کے بجائے پولیس منشیات فروشی میں ملوث پائی جارہی ہے ،ڈڈیال میں پولیس کی منشیات فروشی کے معاملے پر انکوائری کمیٹی بنائی گئی مگر بعد میں معاملہ دبادیا گیا۔ اسلام گڑھ میں گردوں کی پیوندکاری کا بڑا سکینڈل سامنے آیا مگر نہ گردہ فروشوں کا گروہ پکڑا گیا نہ پیوندکاری کرنیو الے ڈاکٹر اور نہ کوئی مریض۔ضلع بھر میں چوری ،ڈکیتی ،قتل جیسے سنگین مقدمات میں پولیس متعدد کیسز کے ملزم تک پکڑنے میں ناکام رہی۔چوریوں اور ڈکیتیوں میں لٹنے ولے شہریوں کو مال مسروقہ تک واپس نہیں دلوایا جاسکا۔شہر میں گداگری پر دفعہ 144نافذ ہے لیکن پورے آزادکشمیر میں سب سے زیادہ بھکاری میرپور میں ہیں۔جنہوں نے تارکین وطن کی ناک میں دم کر رکھاہے۔میرپور کے صحافیوں نے ہمیشہ شہریوں کے مسائل اجاگر کرنے میں اہم ترین کردار ادا کیا۔متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل ہوں یا گلی محلے کے بلدیاتی مسائل میرپور کی صحافتی برادری نے بلا تنخواہ اپنے شہر کی خدمت کی ہے اور شہری حقوق میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔میرپور کی صحافتی برادری بلاتنخواہ اپنے شہر کی خدمت کی ہے اور شہری حقوق میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں صحافی میرپور پولیس کی موجودہ بدترین کاکردگی پر اخبار میں خبر شائع کرتے ہیں تو ایس ایس پی میرپور جلال میں آجاتے ہیں اور صحافیوں کو کبھی عدالت لگا کر طلب کرتے ہیں اور کبھی دفتر بلا کر تذلیل کرجاتی ہے۔صحافیوں کو خبر شائع کرنے پر دھمکیاں دی جاتی ہیں تاکہ ایس ایس پی کی جعلی کارکردگی کا بھانڈہ نہ پھوٹ سکے۔کشمیر پریس کلب اس رویے کے خلاف قبل ازیں احتجاجی مظاہرہ بھی کرچکاہے جبکہ آئندہ بھی ہر فورم پر احتجاج جاری رکھے گا۔ایس ایس پی کے رویہ کے خلاف کشمیر پریس کلب میرپور احتجاجاًآئندہ ایس ایس پی کی تمام سرگرمیوں کی میڈیا کوریج کا بائیکاٹ کرے گا اور صحافی برادری ایس ایس پی ریاض حیدر بخاری کی کارکردگی کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لائے گا اس کے لیے چاہے کوئی بھی قیمت چکانی پڑے۔مقررین نے کہا کہ ریاست بھر کی صحافتی کمیونٹی نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی کے رویے کو آزادی صحافت پر قدغن قراردیاہے۔اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی جس میں ایس ایس پی کی سرگرمیوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ ہوا علاوہ ازیں وزیراعظم آذادکشمیر ،آئی جی آزادکشمیر پولیس،ڈی آئی جی میرپور سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ کسی قابل اور فرض شناس آفیسر سے میرپور پولیس کی موجودہ کارکردگی بالخصوص گردوں کی پیوندکاری کے بین الصوبائی گروہ ،ڈڈیال پولیس منشیات فروشی سکینڈل کی انکوائری کروائی جائے۔

تازہ ترین خبریں