11:14 am
 مسلم کانفرنس ایک تحریک اور نظریے کا نام ہے ، سردار صغیر چغتائی

مسلم کانفرنس ایک تحریک اور نظریے کا نام ہے ، سردار صغیر چغتائی

11:14 am

باغ ،ریڑہ (خورشید کیانی سے )مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنماء و ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر سردار صغیر چغتائی نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس ایک تحریک اور نظریے کا نام ہے ۔جو اپنے قیام سے اب تک اپنے منشور اور دستور کے ساتھ چل رہی ہے ۔کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے مسلم کانفرنس کے جھنڈے کو کبھی بھی سر نگوں نہیں ہونے دیں گے باغ میں ہونے والے تاریخ ساز کنونشن میں ایک لاکھ سے زائد افراد شرکت کر کے مسلم کانفرنس کی تقسیم کرنے والوں کے منہ پر بھر پور سیاسی طمانچہ مار کر ریاستی جماعت کی قیادت کو تقویت پہنچائیں گے ۔تاریخ کا سب سے بڑا کنونشن کرنے جا رہے ہیں ۔جس میں ریاست بھر کے نظریاتی لوگ شرکت کر کے قائد مسلم کانفرنس مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم کی روح کو تسکین پہنچائیں گے ۔باغ کنونشن آئینی ضرورت ہے اور
ساتھ یہ پیغام بھی دینے جا رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں ریاست کی اہم شخصیات مسلم کانفرنس میں ہوں گی ۔کشمیر پر مذاکرات صرف مسلم کانفرنس اور کشمیری جماعتیں ہی کر سکتی ہیں ۔مسلم کانفرنس کا مضبوط ہونا مسئلہ کشمیر کے لئے ضروری ہے ۔مسلم کانفرنس کو سازش کا شکار کرنے والے خود سیاسی منظر سے جلد غائب ہونے والے ہیں ۔سردار عتیق احمد کیخلاف دو عہدے رکھنے کی سازش کی بنیاد پر مسلم کانفرنس کو تقسیم کیا گیا ۔آج سردار سکندر حیات اور چوہدری طارق فاروق راجہ فاورق حیدر کو اپنا ہی ماضی کا فارمولہ یاد دلا رہے ہیں کہ و ہ وزارت عظمیٰ اور جماعتی صدارت کے عہدے الگ الگ کریں فاروق حیدر مقافات عمل کا شکار ہوچکے ہیںاب سینئر جماعتی عہدیدار بھی ان کیخلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز اوصاف کو اپنے چیمبر میں ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کی تقسیم بڑی سیاسی غلطی تھی ایک سازش کے ذریعے میاں برادران نے راجہ فاروق حیدر کا کندھا استعمال کیا ۔مسلم کانفرنس کی کوکھ سے جنم لینے والی جماعتیںبری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں ۔مسلم کانفرنس آج بھی قائم و دائم ہے اس کو افراتفری کا شکار کرنے والے نشان عبرت بن چکے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ سردار سکندر حیات ریاست کے بڑے سیاست دان ہیں وہ خود سیاسی فیصلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں ۔مسلم کانفرنس ان کا گھر ہے وہ ہمارے لئے قابل احترام شخصیت ہیں کریلوی خاندان کا تحریک آزادی کشمیر میں نمایاں کردار ہے جسے ریاست کے لوگ کبھی فراموش نہیں کرسکتے ۔راجہ فاروق حیدر اپنے ہی فارمولے سے پیچھے ہٹ چکے ہیں ۔دو عہدے اپنے پاس رکھ کر خود ڈکٹیٹر بن بیٹھے ہیں اسی لئے اب اندر سے آوازیں آنا شروع ہو چکی ہیں انھوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس نے میر پور مظفر آباد کے بعد ہونے والے کنونشن کا انتخاب شہیدوں اور غازیوں کی سر زمین باغ کی دھرتی میں کر کے ایک اہم پیغام اہلیان باغ اور ریاست بھر کے عوام کو دیا ہے اس کنونشن سے آر پار مثبت پیغام جائے گا ۔جماعتی سطح پر کنونشن کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں کراس روٹ لیول پر ہمارا جاندار سسٹم موجود ہے بیس اپریل کے بعد نظر آئے گا کہ مسلم کانفرنس جو کنونشن کر نے جا رہی ہے اس کا معیار کیا ہے ایک مشکل وقت میں اس کنونشن کا انعقاد بڑی سیاسی سرگرمی ہے ۔آزاد کشمیر کے اندر سے بھارت کو خوبصورت پیغام دینے جا رہے ہیں مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی ہندوستان اور پاکستان سمیت جنوبی اشیاء کے خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے اس لئے ہندوستان احمقانہ طرز عمل کو چھوڑ کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرے انھوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں وقت آنے پر پاکستانی اور کشمیری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے ۔مسلم کانفرنس کا ہونے والا کنونشن رمضان المبارک کی آمد کی وجہ سے قبل از وقت رکھنے کا فیصلہ کیا اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے جماعتی کارکن مثبت رول ادا کر رہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ٹوٹ پھوٹ کے عمل سے گزر رہی ہے تین سالہ حکومتی کارگردگی سے ریاست بھر کے لوگ مطمین نہیں ہیں ۔جس کی وجہ سے آنے والے وقت میںریاست کے اندر ن لیگ کا نام و نشان تک مٹ جائے گا ۔عدم اعتماد ممبران اسمبلی کا جمہوری حق ہے جب چاہیں اپنے آئینی حق کو بھر پور استعمال کر سکتے ہیں ہر فرعون کے مقابلے میں موسیٰ آیا ہی کرتا ہے ۔سردار عتیق کیخلاف سازشیں کرنے والے آج اپنے ہی جال میں پھنس چکے ہیں انھوں نے کہا کہ باغ کنونشن میں ریاست بھر کے دس اضلاع اور مہاجرین سے قافلے شرکت کر کے مسلم کانفرنس کے ساتھ اپنے لا زوال محبت کا ثبوت دیں گے ۔مستقبل مسلم کانفرنس اور سردار عتیق احمد خان کا ہے۔

تازہ ترین خبریں