05:19 pm
ایک طرف سعودی عرب تو دوسری جانب ایران ۔۔ ایران نے پاکستان سے منفرد خواہش کا اظہار کردیا

ایک طرف سعودی عرب تو دوسری جانب ایران ۔۔ ایران نے پاکستان سے منفرد خواہش کا اظہار کردیا

05:19 pm

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شمولیت کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ خواہش پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے ظاہر کی۔ جمعرات کو پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران سے ملاقات کے دوران مہدی ہنر دوست بھی موجود تھے جبکہ ہمسایہ ممالک کے جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی ولی نورزئی،ایرانی کونسل جنرل آغا محمد رفیع، کیو سی سی آئی کے صدر حاجی جمعہ بدیزائی اور تجارتی کمیونٹی کے کئی افسران اور ممبران نے اس ملاقات میں شرکت کی۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
اور اس منصوبے کے تحت ہمسایہ ممالک میں امن کے قیام پر کام کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ایران کی جغرافیائی لوکیشن کی اہمیت بتاتےہوئے پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے وسائل کو پراجیکٹ میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ایران کی توانائی اور ٹرانزٹ کے بغیر مکمل نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی توانائی اور ٹرانزٹ مدد کے بغیر ہو سکتا ہے کہ کئی بلین سے تعمیر کیا جانے والا یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکے۔ مہدی ہنر دوست کا مزید کہنا تھا کہ ایران اپنی تمام تر صلاحیتوں اور وسائل کے ساتھ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ بننے کے لیے تیار ہے۔ ملاقات میں انہوں نے ایران کے پاکستان کے ساتھ تجارتی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے عائد کی جانےوالی پابندیوں کے سبب پاکستان اور ایران کے مابین تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے میں تھوڑا وقت لگے گا لیکن ایرانی حکومت پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو 5 بلین ڈالر تک لے جانے کی خواہشمند ہے۔

تازہ ترین خبریں