05:35 am
ٹھٹہ، بہاؤالدین زکریا ایکسپریس تباہی سے بال بال بچ گئی، ٹریک پر نصب بم   برآمد

ٹھٹہ، بہاؤالدین زکریا ایکسپریس تباہی سے بال بال بچ گئی، ٹریک پر نصب بم برآمد

05:35 am

ٹھٹہ ،کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ملتان جانے والی بہاؤالدین زکریا ایکسپریس تباہی سے بال بال بچ گئی، ٹھٹھہ جنگ شاہی ریلوے سٹیشن سے بم برآمد ہونے پرمسافروں سے بھری ٹرین کو ریلوے حکام نے سٹیشن سے چند فرلانگ پہلے ہی روک لیا۔ بم ناکارہ بنانے کے بعد ٹریک بحال کر دیا گیا اور ٹرین منزل کی جانب روانہ ہو گئی .بتایاگیا ہے کہ ٹھٹھہ جنگ شاہی ریلوے سٹیشن سے بم برآمدہوا، بہاؤالدین زکریا ایکسپریس ریلوے سٹیشن پہنچنے ہی والی تھی کہ حکام نے ٹرین کو پیچھے رکوا دیا جس سے بڑا حادثہ رونما ہوتے ہوتے رہ گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا جس نے موقع پر پہنچ کر بم ناکارہ بنا دیا۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ کے مطابق برآمد کیا جانے والا بم دیسی ساختہ اور آدھا کلو وزنی تھا، بہاؤالدین زکریا ایکسپریس کے علاوہ 2 مزید ٹرینیں اس ٹریک سے گزرنی تھیں۔ ایس ایس پی شبیر سیٹھار نے مزید بتایا کہ تخریب کاری کے شبہے میں 7 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں سے کچھ کا تعلق دوسرے صوبے سے ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بعد ازاں سرچنگ کے بعد ٹریک کو کلیئر قرار دیدیا جس پر ریلوے ٹریفک بحال کر دی گئی۔ دریں اثناء وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے ٹریک کی حفاظت اللہ کر رہا ہے، کراچی ریلوے ڈویژن میں سولہ سو افراد کو روزگار دیں گے، کراچی سرکلرریلوے اگر اب نہ بنی تو قیامت تک نہیں بنے گی۔کراچی میں جاں بحق ریلوے ڈرائیور کے ورثا کو چیک دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید، کھلاڑی رہنما خرم شیر زمان کا نام بھول گئے۔ کہنے لگے آپ کا نام کیا ہے۔ بعد ازاں وزیر ریلوے نے ڈیوٹی کے دوران جان سے ہاتھ دھونے والے انجن ڈرائیور کے ورثا کو تقریبا 25 لاکھ مالیت کے چیک بھی دیئے۔وزیر ریلوے نے بتایا کہ کراچی ریلوے ڈویژن میں سولہ سو افراد کوروزگار دیں گے، کراچی سرکلرریلوے اگر اب نہ بنی تو قیامت تک نہیں بنے گی۔ زکریا ایکسپریس

تازہ ترین خبریں