01:23 pm
گوادر حملے میں شہید ہونے والے نیوی اہلکار کی نومولود بیٹی کی تصویر نے ہر آنکھ اشکبار کر دی

گوادر حملے میں شہید ہونے والے نیوی اہلکار کی نومولود بیٹی کی تصویر نے ہر آنکھ اشکبار کر دی

01:23 pm

گوادر(نیو زڈیسک) صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل رل کانٹیننٹل پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں نیوی کا ایک اہلکار اور 4 سکیورٹی گارڈز شہید جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ اس دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے نیوی اہلکار عباس خان کی نماز جنازہ گذشتہ روز ادا کی گئی
جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی شرکت کی۔سوشل میڈیا پر شہید عباس خان کے جسد خاکی کے ساتھ ان کی نومولود بیٹی کی تصویر بھی وائرل ہو گئی ہے جس نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شہید عباس خان کی اپنی نومولود بیٹی سے یہ آخری ملاقات تھی۔بے حس و حرکت پڑے اپنے والد کے ساتھ اس ننھی پری کی تصویر نے سوشل میڈیا پر ہر ایک کو آبدیدہ کر دیا ۔صارفین کا کہنا تھا کہ اس ننھی پری کا باپ کئی شہریوں کی جان بچاتے ہوئے خود اپنی جان سے بازی ہار گیا اور جام شہادت نوش کر لیا لیکن اسے ایک مرتبہ بھی اپنی بیٹی کا چہرہ دیکھنا نصیب نہ ہوا اور شہید عباس خان کی بیٹی بھی اس دنیا میں آتے ہی باپ کی شفقت سے محروم ہو گئی۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ ہمیں قوم کے ایسے ہیروزاور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرنا چاہئیے جنہوں نے ایسی قربانیاں دیں جن کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔سوشل میڈیا پر شہید نیوی اہلکار عباس خان اور ان کی نومولود بیٹی کی تصویر وائرل ہوئی تو ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ذاتی اکاؤنٹ پر یہ تصویر شئیر کی اور کہا کہ میرے پاس اظہار کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ ہم پر اس معصوم بچی ، اس کی والدہ اور اس کے شہید باپ کا قرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر اُن تمام بہادر جوانوں کا قرض ہے جنہوں نے بے غرض ہو کر اپنے وطن کے لہیے قربانیاں دیں ، ہم ایسے تمام بہادر جوانوں اورشہدا کو سیلوٹ پیش کرتے ہیں۔یاد رہے کہ 11 مئی کو گوادر کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل پرل کانٹینٹل ہوٹل میں تین حملہ آور داخل ہوگئے تھے ۔ حملے کے فوراً بعد فورسز کی بھاری نفری نے ہوٹل کو گھیرے میں لے لیا، فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان مقابلہ ہوا ، جس کے بعد فورسز نے انہیں مار گرایا۔ فورسز کے مطابق دہشت گردوں کے پاس بھاری اسلحہ اور راکٹ لانچر بھی تھا۔ دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں نیوی کا ایک اہلکار اور 4 سیکیورٹی گارڈز شہید جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے تاہم سکیورٹی فورسز کے کلین اپ آپریشن میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

تازہ ترین خبریں