10:54 am
چینی باشندوں کی پاکستانی لڑکیوں سے شادیاں، چین نے پاکستان کو متنبہ کرتے مفید مشورہ دیدیا

چینی باشندوں کی پاکستانی لڑکیوں سے شادیاں، چین نے پاکستان کو متنبہ کرتے مفید مشورہ دیدیا

10:54 am

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چینی باشندوں کی پاکستانی لڑکیوں سے شادی کے اسکینڈل پر اب چین کا بھی رد عمل آ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں چین کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان زاو کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنی ویزا پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہئیے۔ کیونکہ پاکستانی حکومت کی ویزا آن آرائیول پالیسی کا چند میرج بیوروز غلط استعمال کر رہے ہیں۔لی جیان زاو نے سعودی ادارے دئے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ رواں سال شادی ویزا کی درخواستوں میں اضافہ ہوا۔ گذشتہ سال 142 چینی باشندوں نے اپنی پاکستانی بیویوں کے لیے چینی سفارتخانے سے ویزے لیے تاہم اس سال چند ماہ میں ہی 140 کے قریب درخواستیں موصول ہونے پر چینی سفارتخانہ محتاط ہو گیا ہے اور صرف 50 پاکستانی دلہنوں کو ویزے جاری کیے گئے
جبکہ باقی نوے کے ویزے روک دیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چینی سفارتخانے نے اس کے ساتھ ہی پاکستانی حکام کو بھی الرٹ کر دیا ہے جس کے بعد پاکستانی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ لی جیان زاو نے مزید کہا کہ پاکستان کو چاہئیے کہ کاروبار کے نام پر پاکستان آنے والے ان چینی باشندوں کو چیک کرے جو یہاں آ کر شادیاں کرتے ہیں۔ پاکستان حکام کو اس بات کا پتہ لگانا چاہئیے کہ وہ کن کاروباری اداروں اور چیمبرز آف کامرس کی دعوت پر یہاں آئے ہیں۔گذشتہ سال کے تمام کیسز کی تفتیش چینی ادارے کر رہے ہیں اورتحقیقات میں زبردستی جسم فروشی اور اعضا کی فروخت کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ انٹرنیٹ اور میڈیا پر اس سلسلے میں جھوٹ بولا جا رہا ہے اگر ایسا نہیں ہے تو آپ مجھے ثبوت دیں۔ خیال رہے کہ چینی باشندوں کی پاکستانی لڑکیوں سے شادیوں کے بعد چین میں ان سے جسم فروشی کی شکایات کے بعد اس وقت پاکستان کے سکیورٹی ادارے نہ صرف تحقیقات میں مصروف ہیں بلکہ پاکستانی اداروں نے مختلف کارروائیوں میں ایک درجن سے زائد چینی شہریوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ جبکہ کئی ایسی لڑکیاں بھی سامنے آئی ہیں جنہوں نے چینی شہریوں کے چنگل سے جان چھڑوا پر بھاگ نکلنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس ضمن میں ایف آئی اے سمیت دیگر ادارے تحقیقات کر رہے ہیں۔