10:40 am
لاہور ہائیکورٹ کے جج نے وزیراعظم کے خلاف درخواست کی سماعت کرنے سے معذرت کرلی

لاہور ہائیکورٹ کے جج نے وزیراعظم کے خلاف درخواست کی سماعت کرنے سے معذرت کرلی

10:40 am

لاہور(نیوز ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف درخواست کی سماعت کرنے سے معذرت کر لی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے لائرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کی متفرق درخواست پر سماعت کے دوران کہا کہ میں اس کیس کی سماعت نہیں کرنا چاہتا۔ درخواست گزار کے وکیل نے وکیل اے کے ڈوگر نے کہا کہ میرا کوئی بھی کیس سماعت کے لیے مقرر ہوتا ہے تو اسے دوسری عدالت کیوں بھیج دیا جاتا ہے؟ جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ یہ میرا صوابدیدی اختیار ہے ،
میں اس کیس کی سماعت نہیں کرنا چاہتا۔لائرز فاؤنڈیشن فارجسٹس کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ خصوصی طیاروں میں سفر نہیں کریں گے ۔عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کے بجائے خودکشی کو ترجیح دیں گے ، اسلام میں بھیک مانگنا منع ہے اور وزیراعظم نے سعودی عرب سے 3 بلین ڈالر مانگے۔ درخواست گزار کے مطابق تھر میں بچے غذائی قلت کا شکار ہیں اور وزیراعظم عمران خان شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں اور بیرون ملک دوروں کے لیے خصوصی جہاز استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ کروڑوں روپے خرچ کررہے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت معلومات حاصل کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے،عدالت عمران خان کے 9 ممالک میں خصوصی طیاروں پرکیے جانے والے سفر پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات طلب کرے ۔ تاہم لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے اس درخواست کی سماعت کرنے سے معذرت کر لی۔ واضح رہے کہ دو روز قبل لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیخلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کا بھی حکم دیا تھا، وزیراعظم عمران خان کے خلاف متفرق درخواست پر کیس کی سماعت آئندہ ہفتے میں ہوگی ۔

تازہ ترین خبریں