05:02 pm
پاکستان کئی ریکارڈ بنا کر بھی میچ ہار گیا

پاکستان کئی ریکارڈ بنا کر بھی میچ ہار گیا

05:02 pm


برسٹل (مانیٹرنگ ڈیسک )انگلینڈ کے خلاف سیریز میں برابری کی امید لے کر دوسرے ون ڈے کےلئےمیدان میں اترنے والے شاہین مزید خسارہ جھیل بیٹھے اور تاریخ ساز شکست کا کلنک ماتھے پر لگوا لیا۔ انگلینڈ کے خلاف اپنا سب سے بڑ اہدف مقرر کرنے کے باوجود پاکستانی ٹیم عبرتناک شکست سے دوچا ر ہوگئی۔ 
گوروں نے پانچ اوورز پہلے ہی میچ اپنے نام کرکے سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔ایک انتہائی آسان بیٹنگ وکٹ پر پہلے کھیلتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں نے اپنی جاندار بیٹنگ سے انگلش بالروں کی خو ب درگت بنائی اور انگلینڈ کے خلاف 358رنز کا پہاڑ جیسا سکور بنا لیا۔ نوجوان بلے باز امام الحق نے 151رنز بنا کر تین تین ریکارڈ اپنے نام کئے۔ وہ انگلینڈ کے خلاف کسی ایک ون ڈے میں سب سے بڑا انفرادی سکور بنانے والے پاکستانی بلے باز بن گئے ۔اس سے قبل یہ اعزاز فخر زمان کے پاس تھا جنھوںنے گزشتہ ون ڈے میں 138رنز کی اننگز کھیلی تھی۔امام الحق نے کم ترین میچو ں میں 6سنچریاں بنانے کاعالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔انھوںنے یہ سنگ میل عبور کرنے کےلئے صرف 27میچز کھیلے۔امام الحق کسی ون ڈے میں 150یا زائد ر نز بنانے والے کم عمر ترین پاکستانی بلےباز بھی بن گئے۔ اس سے قبل یہ اعزاز عمران نذیر کے پاس تھا جنھوں نے زمبابوے کے خلاف2003کے ورلڈ کپ میں 24سال کی عمر میں 160رنز کی اننگز کھیل کا یہ ریکارڈ بنایا تھا۔اما م الحق کے بعد آصف علی دوسرے نمایاں بلے باز رہے جنھوںنے 52رنز کی اننگز کھیلی۔ حارث سہیل 41رنز بنا کر تیسرے نمایاں سکورر رہے جبکہ کپتان سرفراز احمد نے بھی 27رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے چار وکٹیں حاصل کیں۔359رنز کا ہدف ملنے کےبعد اس بات کی توقع ظاہر کی جا رہی تھی کہ انگلش بلے باز شاید بڑے ہدف کا کچھ دبائو محسوس کریں گے تاہم ایسا کچھ بھی نہیں ہوا اور میزبان ٹیم نے پر اعتماد طریقے سے اننگز کی شروعات کیں۔ انگلینڈ کا مجموعہ 46رنز تھا جب شاہین شاہ آفریدی نے ایک آسان کیچ چھوڑ دیا جس کا پاکستان کو بہت بڑا خمیازہ بھگتنا پڑا ور دونوں اوپنرز روئے اور جونی بئیرسٹو نے پاکستانی بالروں کا بھرکس نکال دیا۔ اور پہلی وکٹ کے انتظار میں پاکستانی بالروں کو 159رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی۔انگلش اوپننگ بلے بازوں کی برق رفتار بیٹنگ کا اندازہ اس بات لگایا جا سکتا ہے کہ پہلی وکٹ کی پارٹنرشپ کے اختتام پر انگلینڈ 9کی اوسط سے رنز بنا چکا تھا۔گزشتہ میچ میں سنچری بنا کر اپنی ٹیم کی جیت میں نمایاں اداکرنے والے جے جے روئے نے اس بار بھی پاکستانی بالروں کو نہ بخشا اور چار چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے دھوا ں دار 76رنز بنائے۔ جبکہ جونی بئیر سٹو نے سنچری جڑ ڈالی۔ اور پانچ چھکے اور 15چوکے لگا کر 128رنز کی اننگز کھیلی۔جوئے روٹ، بین سٹوکس، معین علی اورکپتان ایان مارگن نے انگلینڈ کے دنیا کی بہترین بیٹنگ لائن اپ ہونے کا بھرپور ثبوت دیتے ہوئے 44.5اوورز میں ہی میچ کا خاتمہ کر دیا۔ انگلینڈ کی اننگز میں 16چھکے اور 34چوکے لگے۔فہیم اشرف نے 9اوورز میں 75رنز کی درگت برداشت کی۔ شاہین آفریدی 10اوورز میں 83رنز کھا بیٹھے۔جبکہ جنید خان، حسن علی اور عماد وسیم کی بھی خوب خاطر تواضع کی گئی۔

تازہ ترین خبریں