09:37 am
سوڈان میں 22 سالہ لڑکی انقلابی لیڈر

سوڈان میں 22 سالہ لڑکی انقلابی لیڈر

09:37 am

اسلام آباد(نیو زڈیسک) سوڈان کے وزیر دفاع نے بھی ملک کی فوج کی جانب سے حکومتی انتظامات کو سنبھالنے کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ 2 سال کے اندر عام انتخابات کرائے جائیں گے۔ سوڈان کی فوج نے ملک پر 30 سال تک حکومت کرنے والے صدر عمر البشیر کو ایک ایسے وقت میں گرفتار کرکے حکومت کے انتظامات سنبھالے جب 2 دن قبل ہی ایک سوڈانی لڑکی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ان
ویڈیوز میں سفید لباس میں ملبوس نوجوان لڑکی کو لوگوں کے ہجوم سے جوشیلا خطاب کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔ ویڈیوز میں نوجوان لڑکی کو گاڑی کے اوپر کھڑے ہوکر پُرجوش انداز میں مظاہرین سے نعرے لگواتے بھی دیکھا جاسکتا تھا۔اس لڑکی کی حکومت مخالف مظاہروں کے دوران سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سوڈان کے بڑے شہروں، خصوصی طور پر دارالحکومت خرطوم میں مظاہروں میں نوجوانوں کی تعدادمیں اضافہ ہوا۔برطانوی اخبار ‘دی گارجین’ کے مطابق ابتدائی 2 دن تک انٹرنیٹ پر اس لڑکی کی تصاویر وائرل ہوتی رہیں اور اسے سوڈان کے ایک نئے لیڈر کے طور پر جانا جانے لگا۔ اس لڑکی کے حوالے سے کچھ تفصیلات سامنے آ چکی ہیں، اس نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا ہے کہ وہ ایک نئی سیاسی لہر اور نوجوانوں میں بیداری کا باعث بنیں۔رپورٹ کے مطابق اس لڑکی کی شناخت 22 سالہ آلاء صالح کے طور پر ہوئی ہے جو آرکیٹکچر کی طالبہ ہیں۔ آلاء صالح نے بتایا کہ ان کی وائرل ہونے والی تصاویر 8 اپریل 2019 کو دارالحکومت خرطوم میں ہونے والے مظاہرے کے دوران اس وقت کھینچی گئی تھیں جب وہ مظاہرے میں شریک لوگوں کے ہجوم سے خطاب کر رہی تھیں۔