03:55 pm
آتشزدگی سے تباہ ہونے والے تاریخی چرچ کے  حوالے سے فرانسیسی صدرنے بڑااعلان کردیا

آتشزدگی سے تباہ ہونے والے تاریخی چرچ کے حوالے سے فرانسیسی صدرنے بڑااعلان کردیا

03:55 pm

پیرس (ویب ڈیسک )فرانس کے صدر ایمینوئل میکخواں نے آتشزدگی کی زد میں آکر تباہ ہوجانے والے کیتھیڈرل نوٹرا ڈام کی تعمیرِنو کا عہد کیا ہے۔شدید آگ کی لپیٹ میں آنے کی وجہ سے پیرس کے اس تاریخی گرجا گھر کی چھت اور مخروطی چوٹی گر گئی تھی۔آگ لگنے کے آٹھ گھنٹے بعد اس پر قابو پا لیا گیا اور آگ بجھانے والا عملہ اس 850 سالہ پرانی، گوتھگ عمارت کا پتھر سے بنا ڈھانچہ بچانے میں کامیاب ہو گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہوئی تاہم جس وقت آگ لگی اس وقت وہاں تزئین و آرائش کا کام جاری تھا
۔پیرس کے پراسیکیوٹر آفس نے اس واقعے کو ایک حادثہ قرار دیا اور کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔آگ لگنے کا یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے پیش آیا، جلد ہی آگ نے کیتھیڈرل کی چھت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور اس میں موجود شیشے اور لکڑی کی تزئین و آرائش کے کام کو تباہ کردیا۔آگ لگنے کے بعد خدشہ تھا کہ کیتھیڈرل کا مشہور مینار بھی آگ سے بچ نہ پائے گا۔اگرچہ ٹاور کا کچھ حصہ آگ کی زد میں آیا لیکن فرانس کے وزیر داخلہ کے مطابق اسے مزید پھیلنے سے بچا لیا گیا۔آگ بجھانے والے عملے کے ترجمان کے مطابق عمارت کی چھت مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے، والٹ کا ایک حصہ گر گیا ہے اور عمومی طور پر گرجا گھروں کے اوپر پایا جانے والا احرام نماں ڈھانچہ جسے ’سپائر‘ کہتے ہیں وہ بھی اب نہیں رہا۔فرانس کے اخبار لے مونڈ کو دئیے گئے ایک بیان میں فرانس کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر آگ بجھانے والا عملہ وقت پر اندر داخل نہ ہوتا تو یقیناً یہ پوری عمارت تباہ ہوجاتی۔تاہم فرانس کے وزیرِ ثقافت کا کہنا ہے کہ اگرچہ ڈھانچے کو بچا لیا گیا ہے لیکن یہ عمارت اب انتہائی مخدوش حالت میں ہے۔بہت سے افراد اور گروہ نوٹرا ڈام کیتھیڈرل کی تعمیر میں مدد کے لیے متحرک ہوگئے ہیں اور لاکھوں یوروز کی امداد کا وعدہ کر لیا گیا ہے۔فرانس کے ارب پتی افراد، مشہور کمپنیوں اور کاروباروں کے مالکان اور چیریٹیز لاکھوں یوروز کی مدد کا عہد کر رہے ہیں۔پیر کی رات جائے وقوع کا دورہ کرتے ہوئے صدر ایمینوئل میکخواں کا کہنا تھا کہ بدترین صورتحال سے بچا لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے عہد کیا کہ وہ کیتھیڈرل کی تعمیرِنو کے لیے بین الاقوامی فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز کریں گے۔انھوں نے اسے ایک خوفناک حادثہ قرار دیتے ہوئے مذید کہا ’فرانسیسی افراد یہی (تعمیرِنو) چاہتے ہیں اور ہماری تاریخ اس کی مستحق ہے۔‘صدر ایمینوئل میکخواں نے آگ بجھانے والے عملے کے 500 افرار کی بے مثال بہادری کی تعریف بھی کی۔امدادی ٹیمیں قیمتی آرٹ ورک اور مذہبی اشیا کو بچانے میں کامیاب ہو گئیں۔ ان اشیا میں کانٹوں کا وہ تاج بھی شامل ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ پیغمبر عیسی نے صلیب پر چڑھائے جانے سے قبل پہنا تھا۔اور وہ کُرتا جسے بادشاہ لوئی 10 نے اس کانٹوں کے تاج کو پیرس لاتے ہوئے پہنا تھا۔تاریخ دان کیملے پاسکل نے فرینچ براڈکاسٹر بی ایف ایم ٹی وی سے بات کر تے ہوئے کہا کہ ’قیمتی ورثہ تباہ ہو گیا ہے۔ نوٹرا ڈام کی گھنٹیوں سے صدیوں کے مبارک اور بدقسمت واقعات جڑے ہیں۔ جو کچھ ہم دیکھ رہے ہیں اس سے ہم صرف خوفزدہ ہی ہو سکتے ہیں۔‘ہزاروں افراد کیتھیڈرل کے آس پاس کی گلیوں میں جمع ہو گئے اور خاموشی سے آگ لگنے کے اس منظر کو دیکھتے رہے۔ کچھ افراد کو روتے ہوئے دیکھا گیا اور باقی غم کی نظمیں گاتے اور دعائیں کرتے رہے۔پیرس کے بے شمار گرجا گھروں نے اس حادثے کے ردِعمل میں اپنے گرجا گھروں کی گھنٹیاں بجائیں۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسیحی افراد مقدس ہفتہ منا رہے تھے۔پیرس کے آرچ بشپ مائیکل آپیٹیٹ کا کہنا تھا ’نوٹرا ڈام جل رہا ہے، فرانس اور پوری دنیا رو رہی ہے۔ یہ بہت جذباتی ہے۔‘ویٹیکن نے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا جبکہ برطانیہ کی وزیرِاعظم تھیریسا مے نے اسے ’خوفناک‘ قرار دیا۔اقوامِ متعدہ کے ادارے یونیسکو کو کہنا تھا ’اس قیمتی ورثے کو بچانے اور اس کی تعمیرِنو کے لیے ہم فرانس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ خیال رہے سالانہ 13 ملین افراد اس تاریخی کیتھیڈرل کا دورہ کرتے ہیں۔جرمنی کی چانسلر انجیلا مارکل نے نوٹرا ڈام کیتھیڈرل کو فرانس اور یورپی ثقافت کی علامت قرار دیا۔امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آگ لگنے کے اس منظر کو ’دیکھنے میں خوفناک‘ کہا۔ اور تجویز کیا کہ ہوائی جہاز کے ذریعے پانی گرا کر آگ بجھائی جاسکتی ہے۔اس بیان کے ردِعمل میں فرانسیسی سول سکیورٹی سروس کا کہنا تھا کہ ایسا ممکن نہیں تھا کیوں کہ اس سے پوری عمارت کے گر جانے کا خدشہ تھا۔