03:04 pm
 ڈالر کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز مزید اضافہ

ڈالر کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز مزید اضافہ

03:04 pm

کراچی (ویب ڈیسک) کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز مزید اضافہ، اوپن مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر 20 پیسے مزید مہنگا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کئی روز تک ڈالر کی قدر میں استحکام رہا، تاہم اب پھر سے ڈالر اور روپے کی قیمت میں اتار چڑھاو آنا شروع ہو گیا ہے۔ بدھ کو کاروباری روز کے اختتام پر ڈالر روپے کے مقابلے میں مزید مہنگا ہوگیا۔پاکستانی روپے کے مقابلے ڈالر کا ریٹ اوپن مارکیٹ میں 20 پیسے مہنگا ہو گیا تاہم انٹربینک مارکیٹ میں مستحکم رہا۔
آج کاروبار کے آغاز کے موقع پر ڈالر 20 پیسے مہنگا ہو کر اوپن مارکیٹ میں141 روپے 70 پیسے میں فروخت ہوتا رہا جبکہ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر مستحکم رہا اور 141 روپے 27 پیسے پر ٹریڈ ہوا۔معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق آئی ایم ایف سے پیکج ملنے کے بعد روپے کی قدر میں کچھ کمی ضرور آئے گی تاہم دوررس اثرات اس سے مختلف ہوں گے، حکومت نے اگر معاشی پالیسیوں پر مستحکم انداز میں عمل کیا تو پاکستانی معیشیت کیلئے مثبت رجحان دیکھنے میں آئے گا اور روپے کی قدر بتدریج بڑھے گی۔دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کو مندی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1.67 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ کاروباری سرگرمیوں کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 596.03 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 35 ہزار 35.03 پوائنٹ پر بند ہوا۔ کاروباری سرگرمیوں کے دوران مجموعی طور پر 11 کروڑ 32 لاکھ 35 ہزار 730 حصص کا کاروبار ہوا جن کی مجموعی مالیت 4.559 بلین روپے تھی۔کاروباری سرگرمیوں کے دوران 38 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 281 کمپنیوںکے حصص میں کمی جبکہ 9 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ سب سے زیادہ کے الیکٹرک، سوئی ناردرن اور میفل لیف کے حصص میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جن کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی ان میں رفحان اور فلپس مورس شامل ہیں۔