امریکی آرہے ہیں…!
  12  اکتوبر‬‮  2017     |     کالمز   |  مزید کالمز

٭ نیب کے نئے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے عہدے کاچارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف خاندان سمیت ہر کیس کو میرٹ پر دیکھاجائے ، کوئی کیس زیر التوا نہیں رہے گا۔ شریف خاندان کی پراسیکیوشن کی خود نگرانی کروں گاوغیرہ۔ انہوں نے ہم انکشاف کیا ہے کہ انہوںنے بڑی محنت کے بعداسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بارے میں کمیشن کی رپور ٹ تیار کرکے وزیراعظم ( یوسف رضا گیلانی) کو پیش کی ۔ وزیراعظم کسی دوسری سوچ میں کھوئے ہوئے تھے میں آگیا کسی ایک وزیر نے رپورٹ کے بارے میں پوچھا تو میں نے کہا کہ کسی الماری میں پڑی ہوگی۔ اسے کسی نے دیکھانہ عوام کوجاری کی۔ اسے عوام کے سامنے لانا چاہئے تھا۔میںابھی تک لاپتہ کمیشن کا بھی سربراہ ہوں۔ اس کی رپورٹ تیار ہرہی ہے، اسے عوام کو بھی پیش کردیاجائے گا۔ ٭گھڑمَس، ہنگامہِ ہاؤہُو، مَیں مَیں تُو تُو ، مَیں مَیں کم تُو تُو زیادہ۔ٹیلی ویژن پر ایک پروگرامTen Sports میں بعض اوقات دس بار ہ پہلوان ایک دوسرے سے لڑتے ہیں۔ ایک دوسرے کو مارتے ہیں۔ آخر میں باقی سب گر جاتے ہیں، صرف ایک اس حالت میں فاتح قرار پاتا ہے کہ چہرے پر خون، آنکھیں سُوجھی ہوئی، ایک ٹانگ لڑکھڑا رہی ہے، ایک بازوکام نہیں کررہا! ایسا ہنگامہ پاکستان کی سیاسی سٹیج پر مسلسل ہورہاہے۔ ماضی میں ایسے ہر ہنگامے کے بعد ''میرے عزیز ہم وطنو!'' کی صدا گو نجا کرتی تھی۔ اس بار ہنگامہ تو وہی ہے مگر یہ آ واز ابھی نہیں آئی۔ ذراملا حظہ فرمائیں:۔ O '' نوازشریف اور زرداری دونوں ڈاکو ہیں۔ نواز شریف نے باہر300 ارب کی جائیداد بنائی ، زرداری سینما کی ٹکٹیں بلیک میں بیچتا تھا، اب ایک لاکھ ایکڑ زمین 19 شوگر ملوں کا مالک ہے۔ عمران خان ''۔ ( یہ صرف اندرون ملک کی بات ہے)۔ O '' عمران خاں معصوم کرکٹرہے، وزیراعظم بن کر کیا کرے گا ؟، آصف زرداری''( جوکچھ اب کررہاہے)! O ''میاں صاحب آپ کا بس چلتا تو پورا ملک بیچ دیتے۔ بہت مال بنالیا، اب آرام اور تفریح کریں،آصف زرداری''۔( جیسے میں کررہا ہوں!) O ''میاں صاحب نے ہر دور میں ، ہر اک کے خلاف سازش کی'' چودھری اعتزاز احسن ۔( میں نے بھی ہاتھ دکھا دیا۔ پچھلے دور میں میاں صاحب کی رہائی کے لیے مقدمہ ہاتھ میں لیا ، بھاری فیس وصول کی اور پھر مقدمہ لڑا ہی نہیں، فیس بھی واپس نہیں کی)۔ ٭ ''سب نے بہت غلطیاں کیں، ہم نے بھی بہت غلطیاں کیں'' خواجہ سعد رفیق( کتنی غلطیاں گنوائیں ؟ پرویز مشرف کو تیسرے نمبر سے اٹھاکر چیف آف سٹاف بنایا… چار سال کوئی وزیر خارجہ نہ رکھا… پرویز مشرف کا طیارہ فضا میں تھااسے برطرف کردیا!…9جماعت پاس شخص کو اکیڈمی ادبیات کا چیئرمین بنادیا…!)۔ ٭میاں نواز شریف کے دونوں بیٹے احتساب عدالت میں پیش نہیںہوئے۔ حسن نواز نے کہا ہے کہ میں تو30 سال سے جہاں ہوں وہیں بیٹھاہوں ، مفرور کیسے ہوگیا؟ وکی پیڈیاکے مطابق حسن نواز پاکستان کا شہری نہیں، برطانیہ کا شہری ہے اس لیے اس کے خلاف پاکستان کی کوئی عدالت کچھ نہیں کرسکتی۔ البتہ حسین نواز کے پاس پاکستان کی شہریت بھی ہے ، اس کی شہریت ضبط کی جاسکتی ہے۔ وہ نہیں آئے گا تو بین الاقوامی پولیس سے رابطہ کرنا پڑے گامگر یہ ثبوت پیش کرنا پڑے گا کہ اس نے کیا سنگین فوجداری جرم کیا ہے؟ برطانیہ اس سے پہلے الطاف حسین کو پاکستان کے حوالے سے انکارکرچکا ہے۔ ابھی تو میاں نوازشریف اور مریم نواز کو بھی فرد جرم سننے کے لئے کل ( جمعہ) احتساب عدالت کے سامنے پیش ہونا ہے۔ کل پھر اسلام آباد کا بڑا حصہ کرفیو کی زد میں آجائے گا۔دریں اثناء عدالت نے دونوں بیٹوں کو اشتہاری قراردیئے جانے کے بارے میں گھر کے باہر نوٹس لگا نے کا حکم دیا ہے۔ پھر بھی نہ آئے تو دائمی وارنٹ جاری کردیئے جائیں گے، وہ جب بھی پاکستان آئیں گے گرفتار ہو جائیں گے۔ ٭خدا تعالیٰ کا شکر کہ اس نے پاکستان کو ایک ہولناک حادثے سے بچا لیا۔ پی آئی اے کا ایک طیارہ 300 مسافروں کو لے کر سیالکوٹ سے سعودی عرب جارہاتھا ، اڑنے کے فوراً بعد ایک انجن فیل ہوگیا، اس میں آگ لگ گئی۔ پائلٹ نے بڑی جرأت اور بہادری کے ساتھ لاہور کے ہوائی اڈے پر اتر لیا۔ تمام مسافروں کوبحفاظت نکال کر لاؤنج میں پہنچادیاگیا۔ ان کا سامان بھی بچ گیا۔ یہ طیارہ ابھی لاہور کی فضا میں ہی تھاکہ بچ گیا۔خدانخواستہ کسی بڑے سمندر یا صحرا پر ہوتا تو…!! چلیں شکر ہے بچاؤ ہوگیا مگر ہو کیا رہا ہے؟ شہری ہوابازی کے مشیر کے مطابق پی آئی اے کو چار سو ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہے۔ یہ خسارہ پچھلے دور سے چلاآرہاہے مگر موجودہ حکومت کاعالم یہ کہ خسارہ کم کرنے کی بجائے ایک جرمن باشندے کو50 لاکھ روپے سے زیادہ تنخواہ پر پی آئی اے کا چیف ایگزیکٹو بنادیا۔ اس نے پی آئی اے کا ایک طیارہ جرمنی میں صرف 75 لاکھ روپے میں فروخت کردیا، جب کہ خبروں کے مطابق مریم نواز کی استعمال شدہ گاڑ ی ایک کروڑ روپے میں فروخت ہوئی ہے (عرب امارات کے سلطا ن نے مریم کو بی ایم ڈبلیو گاڑی تحفہ میں دی تھی اس وقت وہ وزیراعظم کی بیٹی تھی!) ۔ مزید ستم یہ کہ پی آئی اے کے طیارے کو فروخت کئے جانے کی رقم بھی پاکستان نہیںآئی۔ جرمن چیف ایگزیکٹو کو برطرف کیا گیا مگر اس کے جانے پر پابندی نہ لگائی گئی وہ اسی رات جرمنی بھاگ گیا۔ اس سے پہلے یہ طیارہ اسرائیل کی ایک کمپنی کو سنگاپور میں ایک فلم بنانے کے لیے کرایہ پر دیاگیاتھا ۔ ملک میں طیاروں کی شدید کمی ، مسافر رُل رہے ہیں اور طیارہ چند لاکھ روپے کے لیے کرائے پر دے دیا گیا! کس کس بات کا رونا رویا جائے؟ ٭ایک خبر: امریکہ کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع الگ الگ پاکستان آرہے ہیں ! خدا خیر کرے! بچھو کبھی ڈنک مارنے سے باز نہیں آتا ۔ بھارت میں تین دن کا قیام کرنے والا امریکی صدر کلنٹن پاکستان کی منت سماجت پرصرف پانچ گھنٹے پاکستان میں رکاتھا، جاتے وقت ایئر پورٹ پر ڈانٹ ڈپٹ کرکے اور سخت دھمکیاں دے کر چلاگیا تھا۔یہ دووزراء بھی اسی مقصد کے لیے آرہے ہیں۔ ان سے خیر کی کیا تو قع ہوسکتی ہے؟پتہ نہیں، ہمارے نئے وزیرخارجہ امریکیوںکے ساتھ ہم آغوشی کے لیے اتنے بے تاب کیوں ہورہے ہیں؟ مختصر مدت میں دوبار کئی روز تک امریکہ کے دور ے کرچکے ہیں۔ ایسے ایسے بیانات دے رہے ہیں کہ پاکستان کے سابق فوجی حکام کی تنظیم '' ویٹرنز''"VATRANS" نے سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے ساتھ یہ کیاہورہاہے؟ اس کے وزیرخارجہ خواجہ آصف کے ساتھ امریکی وزیرخارجہ ٹلرسن نے کیا سلوک کیا ہے؟ صرف 30منٹ کی ملاقات کرکے اٹھ کر چلاگیا! خواجہ آصف نے امریکی وزیرکو اپنے ساتھ ہیلی کاپٹر پر فاٹا اور دوسرے علاقوں کی طویل سیاحت کی دعوت دی ہے!! کیا نیاز مندی ہے؟

٭ ''میںمردان کی ایک تمباکو فیکٹری میں پیش امام ہوں۔ میری دو سال کی بیٹی کے دل میں سوراخ ہے۔ ڈاکٹروں نے آپریشن کے لیے دو لاکھ روپے کے اخراجات بتائے ہیں۔ میرے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔ مخیر حضرات کے نام میری اپیل چھاپ دی۔ خدا تعالیٰ اجردے گا۔ حافظ محمد ابراہیم، پار دھوتی مردان(0313-827310)( کسی مدد سے پہلے ذاتی تحقیق ضروری ہے)۔ ٭آزاد کشمیر میں ایم اے، ایم ایس اساتذہ 7اور9 گریڈ میں پڑھا رہے ہیں جب کہ کلرکوں کو12اور14 گریڈ دیئے جارہے ہیں ۔ پنجاب میں اساتذہ کو14 اور 16 گریڈ مل رہاہے۔ ہمیں بھی پنجاب کے برابر گریڈ دیئے جائیں۔ وزیر تعلیم تک ہماری گزارش پہنچادیں۔ راجہ عدنان الیاس ، جونیئر ٹیچر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول راج پوٹھی ضلع مظفر آباد (0344-8809662) ( عدنان صاحب! آزاد کشمیر کے وزراء اور ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں ہر سال ہونے والا اضافہ ہو لینے دیں، پھر شائد آپ کی بات پر توجہ کرسکیں)۔


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں





  اوصاف سپیشل

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved