کتابیں۔ جو بچوں کو پڑھائی جارہی ہیں
  23  اکتوبر‬‮  2017     |     کالمز   |  مزید کالمز

نوازش۔ شکریہ۔ مہربانی۔ آپ میری باتیں غور سے سنتے ہیں۔ میری سطریں دل لگاکر پڑھتے ہیں۔ پھر اپنے خیالات کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ مجھے یہ پیغامات پڑھ کر۔ آپ کے فون سن کر۔ دلی تسکین ہوتی ہے کہ میری آواز سنی جارہی ہے۔ میں صحرا میں اذان نہیں دے رہا ہوں۔ بہت ممنون ہوں۔ یہ دو طرفہ سلام دعا اسی طرح جاری رہنی چاہئے۔ ہم اپنے اپنے علاقے صاف ستھرے کرلیں اپنے گھر اپنے قلعے محفوظ کرلیں۔ یہ ہماری بڑی احسن کارکردگی ہوگی۔ ہم اپنا اخلاقی۔ سماجی۔ دینی فریضہ ادا کرلیں گے۔ بس شعوری طور پر چند لمحات وقف کرنے پڑتے ہیں۔ آپ کو بھی یقیناًاپنے بچوں۔ بچیوں کے ذہنوں میں جھانک کر ان سے چند گھڑی باتیں کرکے بہت دلی سکون ملا ہوگا۔ یہ سچ ہے کہ آپ کو اپنے ارد گرد برائیاں افراتفری اور ٹی وی چینلوں پر ماؤں کو سڑکوں پر بچے جنم دیتے دیکھ کر بہت پریشانی ہوتی ہوگی۔ دل دُکھتا ہوگا۔ لیکن آپ اس کا تدارک عملاً نہیں کرسکتے۔ آپ کا گھر ایسا علاقہ ہے کہ وہاں آپ کچھ نہ کچھ ضرور کرسکتے ہیں۔ آپ میں سے بہت سوں نے کہا ہے کہ میں ایسے موضوعات پر توجہ دوں۔ ان کے بارے میں لکھتا رہوں۔ اس بار میں نے بھی اپنے پوتے پوتیوں سے ۔ نواسے نواسیوں سے بات چیت کی۔ انہیں اسکول کی کتابیں لانے کو کہا۔ آپ بھی ان مشکلوں سے دوچار ہیں۔ ہم بھی کہ۔ انگلش میڈیم اسکولوں میں بچوں کو پڑھانا ہے ورنہ وہ ترقی نہیں کرسکیں گے۔ حالانکہ ہم نے خود سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کی۔ میں نے پرائمری مڈل اور ہائی اسکول جھنگ شہر سے کیا۔ نیچے ٹاٹ پر بیٹھ کر کچھ مہینے درختوں کے نیچے۔ کھلے آسمان تلے۔ لیکن ہماری کتابیں بڑے بڑے مصنّفین کی مرتبہ ہوتی تھیں۔ اُردو کی پہلی کتاب پروفیسر سید وقار عظیم۔ صوفی غلام مصطفےٰ تبسّم۔ مرزا مقبول بیگبدخشاں۔ پروفیسر ابوللیث صدیقی نے مرتب کی تھی۔ اس کے بعد دوسری تیسری چوتھی بھی انہی نامور حضرات نے ترتیب دی تھیں۔ آپ کو بھی فرصت نہیں ہے۔ مجھے بھی کہ صبح صبح بچے بچیاں اپنی کمر پر جن کتابوں اور کاپیوں کا بوجھ لادے جارہی ہوتی ہیں۔ ان کتابوں میں کیا لکھا ہے۔ ان کو پڑھ کر ہی انہیں امتحان میں کامیاب ہونا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کتابوں کے اسباق ان کے ذہنوں پر بھی نقش ہوجائیں گے۔ اور زندگی بھر یہ نقوش ان کے معاملات اور فیصلوں کے پس منظر میں کارفرما رہیں گے۔ سرکاری اسکولوں کی بد حالی کا اتنا شور مچایا جاتا ہے کہ آپ کا اور میرا دل بچوں کو وہاں پڑھانے کو نہیں کرتا۔ خود سرکاری افسر چھوٹے یا بڑے۔ وہ بھی اپنے بچوں کو وہاں نہیں بھیجتے۔ حالانکہ ان پر بہت بجٹ خرچ ہورہا ہے۔ ان کی عمارات حقیقی معنوں میں درسگاہوں کی شکل رکھتی ہیں۔ بڑی کھلی بلڈنگیں۔ اچھے کمرے۔ کھیل کے میدان۔ جس سے ذہن کو وسعتیں ملیں۔ ان کے مقابلے میں بھاری فیسیں لینے والے انگلش میڈیم۔ چھوٹے چھوٹے مکانوں میں کھول دیے گئے ہیں۔ یہ کتابیں دیکھ کر میں الجھن میں پڑ گیا ہوں۔جدید علوم پر تو غیر ملکی ماہرین کی مرتبہ کتابیں کسی حد تک قابل قبول ہوسکتی ہیں۔ وہ بھی اگر ہمارے ماہرین کی ہوں تو بہتر رہیں گی۔ لیکن جب اپنے ملک پاکستان۔ اپنی ثقافت کے بارے میں کسی نجل کسی کیلے۔ کسی ولیم کسی جانسن کی تصنیف پڑھائی جائے تو دُکھ ہوتا ہے کہ یہ بہت بڑے عالم ہوسکتے ہیں۔ لیکن ان کی تحریر میں ہمارے رت جگے۔ ہمارے درد۔ ہماری خوشیاں۔ ہمارے رویّے تو نہیں جھلک سکتے۔ وہ ہمارے مزاج۔ ہماری روح۔ ہماری روایات سے تو آشنا نہیں ہیں۔ اس طرح ان کی کتابیں ہمارے بچوں بچیوں تک ہمارے مزاج۔ ہماری روح۔ ہماری روایات منتقل نہیں کررہی ہیں۔ ریاضی۔ جغرافیہ۔ فزکس۔ کیمسٹری اور اس قسم کے علوم تو غیروں کی لکھی کتابوں کے متحمل ہوسکتے ہیں مگر تاریخ۔ اسلامیات۔ اُردو۔ عمرانیات۔ تو اپنے مصنّفوں کی ہونی چاہئیں۔ پھر موضوعات کا انتخاب۔ طلبہ و طالبات کی عمر اور ذہنی معیار کے مطابق ہونا چاہئے۔ آٹھویں جماعت میں فقہ کے اصول پڑھائے جارہے ہیں۔ احادیث کی سند کے قواعد بتائے جارہے ہیں۔اس مشکل پڑھائی سے ہی ٹیوشن اور کوچنگ سینٹر پھل پھول رہے ہیں۔ ڈیفنس کلفٹن کراچی میں ایک بچے ایک مضمون کی ٹیوشن۔ 12سے 18ہزار روپے ماہوار ہے۔ یہ ٹیوٹر ہر مہینے آٹھ سے دس لاکھ روپے کمارہے ہیں۔ اسکولوں کی فیسیں پھر ٹیوشنز۔ ایک بچے پر ہر مہینے 50ہزار سے زیادہ خرچ ہورہے ہیں۔ آپ بھی اپنے بیٹوں بیٹیوں پوتوں پوتیوں نواسوں نواسیوں کی کتابوں کی گٹھڑی سے ایک دو نکال کر دیکھیں پھر مجھے بتائیں۔ بچوں سے بات کرکے دیکھیں کہ ان کے ذہنوں میں کیا خیالات مرتب ہورہے ہیں۔ یہ او لیول۔ کیمبرج۔ آکسفورڈ۔ آئی بی۔ اس لیے زیادہ رواج پارہے ہیں کہ دعویٰ یہ کیا جارہا ہے کہ ہمارے بچے یہاں تعلیم مکمل کرکے جب دوسرے ملکوں میں اعلیٰ تعلیم کے لیے جائیں تو وہاں کے بچوں سے پیچھے نہ ہوں۔ اس تصوّر پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ گلوبلائزڈ بچے پھر پاکستان میں رہنے کی بجائے غیر ممالک میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ یہاں کے ماحول میں وہ اپنے آپ کو اجنبی محسوس کرنے لگتے ہیں۔ اس طرح ہمارے بہتر ذہن ملک سے باہر جاتے رہتے ہیں۔ مائیں ان سے صرف واٹس ایپ پر ہی رابطہ کرسکتی ہیں۔ وڈیو کال میں ان کی شکل دیکھ سکتی ہیں۔ نہ اسکول جاتے ان کے سر پر ہاتھ پھیر سکتی ہیں نہ ان کا ماتھا چوم سکتی ہیں۔ آہستہ آہستہ یہ نسلیں باہر کی ہوکر رہ جاتی ہیں ۔ کیا ہونا چاہئے۔ جیسے اعلیٰ تعلیم کے لیے ایک کمیشن تشکیل دیا گیا ہے ۔ ایچ ای سی۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن۔ جو صرف یونیورسٹیوں اور ڈگری دینے والے کالجوں۔ انسٹی ٹیوٹس کی نگرانی کرتا ہے۔ اسی طرح ایک پرائمری سیکنڈری اسکول ایجوکیشن کمیشن بھی ہونا چاہئے۔ ایچ ای سی کے بارے میں بھی زیادہ تر اچھی رائے نہیں ہے۔ پھر 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے اسے بھی صوبوں کے حوالے کردیا گیا ہے۔ جہاں یونیورسٹیوں کے لیے سیکرٹری تعلیم الگ۔ پرائمری۔ سیکنڈری کے لیے سیکرٹری الگ ہے۔ ہونا یہ چاہئے کہ پرائمری سیکنڈری ایجوکیشن کمیشن۔ سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کالجوں کے قواعد و ضوابط مرتب کرے۔ بلڈنگوں کا بھی جائزہ لے۔ تنگ تنگ چھوٹے مکانوں میں قائم اسکول بچوں کے ذہن بھی تنگ تنگ کردیتے ہیں۔ یونیورسٹیوں کی طرح ان کا رقبہ بھی متعین ہونا چاہئے۔ ان کی کتابوں کے مندرجات کا یہیں جانچ پڑتال کی جائے۔ ان کی قیمتیں بھی من مانی ہوتی ہیں۔ بہت کم ٹیچرز ایسی ہوتی ہیں جن کو شوق بھی ہوتا ہے خود بھی مطالعہ کرتی ہیں۔ ان کی تنخواہیں بھی کم ہوتی ہیں۔ اس لیے وہ زیادہ دیر کسی ایک درسگاہ میں نہیں ٹھہرتی ہیں ۔ ان اسکولوں کے نام بھی ہمارے مزاج۔ ہماری روایات سے مطابقت نہیں رکھتے۔ بہت سے مالکان کو تو ان ناموں کا مطلب بھی پتہ نہیں ہوتا۔ والدین کے ساتھ میٹنگیں تو ہوتی ہیں۔ لیکن یہ ضروری نہیں کہ والدین کی تجاویز مانی جائیں اس لیے زیادہ تر والدین ان میٹنگوں میں شرکت ضروری نہیں سمجھتے۔ حالانکہ یہ ان کے اپنے گھر کے مستقبل کے بارے میں ہوتی ہیں۔ میں اپنے تجربے اور مشاہدے کی روشنی میں لکھتا جارہا ہوں۔ پتہ نہیں آپ اس میں دلچسپی لے رہے ہیں یا نہیں۔ اپنی رائے سے آگاہ کریں۔ کتابوں پر مزید بات ہونی چاہئے۔ ایس ایم ایس کیجئے۔0331-7806800


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں






  قائد اعظم محمد علی جناح  
  اسکندر مرزا  
  لیاقت علی خان  
  ایوب خان  
آج کا مکمل اخبار پڑھیں

کار ٹونز

کالمز

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved