بے چاری اسلامی نظریاتی کونسل؟
  9  ‬‮نومبر‬‮  2017     |     کالمز   |  مزید کالمز

بے چاری '' اسلامی نظریاتی کونسل'' موم بتی مارکہ این جی اوز کے گھیرے میں بالکل اسی طرح سہمی کھڑی ہے...جس طرح کسی جنگل میں کوئی ''ہرنی'' بھیڑیوں کے گھیرے میں سہمی کھڑی ہو۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے کارکنان خوش ہیں کہ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز ان کے جماعت کے خوشہ چیں ہیں... جبکہ موم بتی مارکہ این جی اوز بھی خوش ہیں کہ ڈاکٹر قبلہ ایاز دراصل ان کے حمایت یافتہ ہیں...تیسری جانب غامدی اینڈ کمپنی بھی ان کے حق میں رطب اللسان ہے... ڈاکٹر محترم کے نام میں چونکہ ''قبلہ'' آتا ہے... اس لئے وہ مکمل خاموش رہ کر تینوں اطراف کی خوشیاں انجوائے کر رہے ہیں... ویسے ''ڈاکٹر محترم'' ہیں واقعی ''قبلہ'' کہ جو انہیں مولانا فضل الرحمن' جے یو آئی ' غامدی اینڈ کمپنی اور مغربی حمایت یافتہ موم بتی مافیا کی بیک وقت حمایت اور سرپرستی حاصل ہے 'چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل بننے کے بعد اس خاکسار کی پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز سے ملاقات نہیں ہوئی... ورنہ میں ان سے ضرور پوچھ لیتا کہ آخر ان کے پاس ایسی کیا گیڈر سنگھی ہے کہ ... مختلف الخیال تنظیمیں اور متنازعہ خیالات کی حامل شخصیات بھی ان سے بیک وقت خوش ہیں؟ قارئین کو اگر یاد ہو تو اس خاکسار نے کچھ عرصہ قبل انہیں صفحات پر نہ ''پیپس'' نہ ''ایجوکیشن'' بلکہ اسلام کے خلاف سازش... کے موضوع پر دو کالم لکھے تھے... کہا جاتا ہے کہ اس مرتبہ اس امریکی حمایت یافتہ این جی او کے علاوہ مغرب کی پروردہ این جی او ''پیپس'' کے حمایت یافتگان کو اسلامی نظریاتی کونسل کا رکن بنا دیا گیا ہے... اور باخبر ذرائع بتاتے ہیں کہ ایک آئینی ادارے کا رکن بنوا کر ان کی بیس پر ایک این جی او مغرب سے مزید ڈالر بٹورنے کی تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر ... پنجاب میں دینی مدارس کے علماء و طلباء ہوں مساجد کے ائما و خطباء ہوں... ان کو تنگ کرنے کے الزامات تو گزشتہ ساڑھے 4 سالوں سے لگتے آئے ہیں... قادیانیت نوازی کا دھبہ ہو' ملک کو لبرل بنانے کا دھبہ ہو یا وزیراعظم ہائوس کو سیکولر انتہا پسندوں کی جنت بنانے کا دھبہ ہو... ن لیگی حکومت اس حوالے سے مکمل خود کفیل چلی آرہی تھی ... مگر اس حکومت نے اپنی طبعی عمر پوری ہونے سے پہلے پہلے مغربی این جی اوز کی کوکھ میں پلنے والوں کی ... اسلامی نظریاتی کونسل میں بھرتیاں کرنے میں جس سخاوت کا مظاہرہ کیا ہے اس سے آئینی ادارے اسلامی نظریاتی کونسل کی ... اپنی ساکھ متاثر ہونے کے خدشات لاحق ہوگئے ہیں۔ حیرت کی بات ہے کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے بھی اسلامی نظریاتی کونسل میں نئی تقرریوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ... ''کونسل میں کالعدم جماعتوں کے ارکان کی شمولیت نیشنل ایکشن پلان کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ترجمان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل میں وزارت قانون نے کالعدم جماعتوں کے عہدیداروں' ہمدردوں کو ایک تہائی نمائندگی دے کر ... آپریشن ردالفساد کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سوشل میڈیا پر بھی اسلامی نظریاتی کونسل میں نئی تقرریوں کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے... اور اہلسنت والجماعت کے علامہ عطاء دیشانی کے علاوہ دیگر لوگ بھی کالعدم تنظیموں کے لوگوں کو نظریاتی کونسل کا رکن بنانے پر سوالات اٹھا رہے ہیں' اہلسنت و الجماعت اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا اس ایک نکتے پر اتفاق خوش آئند ہے کہ ... دونوں اسلامی نظریاتی کونسل میں کسی ''کالعدم'' جماعت کے ... فرد کو برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں... مگر (ن) لیگی حکومت ابھی تک ... اس حوالے سے ٹس سے مس ہونے کے لئے تیار نہیں ہے۔ سوال یہ بھی اٹھایا جارہا ہے کہ ڈاکٹر قبلہ ایاز کی قیادت میں غامدی سکول آف تھاٹ کے این جی او مارکہ ''صالحین'' جو اجتہاد کریں گے کیا اس پر موم بتی مافیاء کی مہر تصدیق بھی ثبت ہوگی؟

آئینی ادارے اسلامی نظریاتی کونسل ... کے قیام کا مقصد تو یہ تھا کہ قوانین کی اسلامی نکتہ نگاہ سے جائزہ لے کر حکومت کو سفارشات بھیجے' اور اس کونسل کے اراکین میں کبھی مولانا یوسف نبوری ' مولانا ظفر احمد عثمانی اور مولانا محمد ادریس کاندھلوی جیسے علم اور تقویٰ کے پہاڑ شامل ہوا کرتے تھے... مگر اب تو علم' تقویٰ و طہارت اور للٰھیت کے حوالے سے کونسل بالکل ہی بانجھ ہوتی جارہی ہے... سیدھی سی بات ہے کہ جب حکومت نظریاتی کونسل کی رکنیت کو سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کرے گی... جب حکومت نظریاتی کونسل کو مغربی این جی اوز کی چراگاہ بنا دے گی... تو پھر اجتماعیت کی فضا بننے کے بجائے انتشار و افتراق پیدا ہوگا' دنیا جانتی ہے کہ جاوید احمد غامدی... کو پاکستانی قوم دینی معاملات کے حوالے سے سب سے زیادہ متنازعہ تصور کرتی چلی آرہی ہے' اگر ان کے شاگردوں کو اسلامی نظریاتی کونسل کا رکن بنا دیا جائے گا تو قوم نظریاتی کونسل کی سفارشات سے کس طرح مطمئن ہوگی؟ اگر مغربی این جی اوز کے حمایت یافتگان... کونسل میں بیٹھ کر اجتہاد' اجتہاد کے نعرے بلند کرتے رہیں گے تو پھر وہ قوم کو اس حوالے سے کیسے اعتماد میں لے سکیں گے؟


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں





  اوصاف سپیشل

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved