محمد بن سلیمان کی کرپشن کے خلاف جنگ
  14  ‬‮نومبر‬‮  2017     |     کالمز   |  مزید کالمز

سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کی پاکستانی وزراء اور دیگر اعلیٰ ترین حکام سے ملاقاتیں جاری و ساری ہیں... بدھ کے دن سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے وفاقی وزیر مواصلات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ''پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بہت گہرے ہیں' جنہیں دنیا کی کوئی طاقت خراب نہیں کر سکتی... انہوں نے کہا کہ سی پیک پر سعودی عرب... پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا اور یہ اتحاد ہمیشہ قائم رہے گا۔ سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں بہت زیادہ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں... مگر افسوس کہ نجانے یہاں کا میڈیا ہمیشہ منفی پہلوئوں کو ہی کیوں اجاگر کرتا ہے؟ سعودی سفیر نواف سعید المالکی نہیں جانتے کہ یہاں کے میڈیا کے ایک بڑے حصے کا ایجنڈا... ہی کچھ اور ہے ... پاکستانی میڈیا بالخصوص الیکٹرانک چینلز کے منفی ایجنڈے سے تو پوری قوم پریشان ہے۔ بلکہ میڈیا کے مخلص اور سینئر لوگ بعض اینکرز کی چالاکیاں اور شوتنگڑا پن دیکھ کر انہیں اینکر ز ''مافیائ'' قرار دیتے ہیں... سعودی عرب پاکستان میں جو ترقیاتی کام کروا رہا ہے... میڈیا اسے اجاگر کرے یا نہ کرے... اللہ تو دیکھ رہا ہے اس لئے میری جناب نواف سعید المالکی سے گزارش ہے کہ ... وہ دل میلا نہ کریں بلکہ پاکستان میں ترقیاتی کاموں کی رفتار میں مزید اضافہ کر دیں۔ اس وقت ساری دنیا کی نگاہیں سعودی عرب پر مرکوز ہیں... سعودی فرمانروا شاہ سلیمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلیمان کے حکم پر سعودی عرب میں... شاہی خاندان کے بااثر شہزادوں اور اہم حکومتی اور عسکری افسران کے خلاف مالی بدعنوانی کے الزام میں کیا جانے والا کریک ڈائون ... یقینا شہزادہ محمد بن سلیمان کا کرپشن کے خلاف اعلان جنگ کے مترادف ہے۔ سعودی عرب کی حکومت... نے سعودی عرب میں کرپشن کی جڑیں ختم کرنے کے لئے ... قانون کے مطابق جو اقدامات اٹھائے تھے اس سے پھیلنے والی بے چینی سے حوثی باغیوں سمیت سعودی عرب کے روایتی حریف ممالک فائدہ اٹھا کر سعودی عرب کو عدم تحفظ سے دوچار کرنے کے لئے پر تول رہے ہیں... جس طرح پاکستان کی احتساب عدالت نے نواز شریف کو نااہل قرار دیا... تو یقینی طور پر مسلم لیگ (ن) کے لاکھوں کارکنان میں بے چینی کی فضا موجود ہے ... اب اگر پاکستان کا روایتی حریف ملک بھارت اس بحران سے ناجائز فائدہ اٹھا کر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کرے گا... تو یہ بدترین ظلم کے مترادف ہوگا... بالکل اسی طرح سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان کے حکم پر ... کرپشن کے خلاف کئے جانے والے کریک ڈائون کے نتیجے میں ہونے والی سینکڑوں گرفتاریوں پر گرفتار شدگان کے اہل خانہ اور دیگر دوست احباب میں بھی ردعمل کا پایا جانا ایک فطری امر ہے... ایسے نازک حالات میں کسی بھی غیر ملکی طاقت کا ... کرپشن میں ملوث ملزمان کو سیاسی پناہ دینے کی اطلاعات' براہ راست سعودی عرب کی سلامتی کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 4نومبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی طرف حوثی باغیوں نے ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا تھا... جس کو سعودی فضائیہ نے ہوا میں تباہ کر دیا تھا... حوثی باغی اور ان کے سرپرست ملک نے سعودی عرب میں ... کرپشن کے خلاف شروع مہم سے پریشان اور خوف زدہ افراد کو پناہ دینے کی پیشکش بھی کی ہے۔ ایک بڑے اخبار میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق... سعودی عرب کے روایتی حریف اور حوثی باغیوں کے حلیف ملک کے سپریم لیڈر کے حامی فارسی جریدے نے یمن کے حوثی باغیوں کی ترجمانی کرتے ہوئے 7نومبر کو جاری اپنی رپورٹ میں ... دبئی اور ابوظہبی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض کے بعد اب تمہیں بھی راکٹوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔ حوثی باغی یمنی راستہ استعمال کرکے سعودی عرب کی حکومت سے ناراض افراد کو مشرقی وسطیٰ میں واقع سعودی مخالف ملک تک پہنچانے کی کوشش میں مصروف ہیں تاکہ سعودی عرب کے روایتی حریف ملک کو سعودی عرب کے حکمران خاندان پر ... دبائو ڈالنے اور اس کے خلاف متوازی حکومت کے قیام کا منصوبہ مکمل ہوسکے۔ رپورٹ کے مطابق... ایران کی جانب سے یمنی حوثی باغیوں کو میزائل فراہمی کے نئے شواہد سامنے آنے کے بعد ... سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان... نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''ایران' یمن کے حوثی باغیوں کو میزائل فراہم کرکے سعودی عرب کے خلاف براہ راست فوجی کارروائی میں ملوث ہونے کا ارتکاب کر رہا ہے... ایران کی جانب سے حوثی باغیوں کو میزائل کی فراہمی سعودی عرب اپنے خلاف جنگ تصور کرتا ہے۔

یہی وہ حالات ہیں کہ جس کے بعد سعودی عرب کی سربراہی میں قائم عرب اتحاد نے ایران کے خلاف کارروائی کی دھمکی بھی دے ڈالی ہے... سچی بات تو یہ ہے کہ اسلامی ممالک کی اندرونی صورتحال ہو... سرحدات کی صورتحال ہو... یا آپسی تعلقات ان میں کہیں بھی ٹھہرائو یا بہتری کے ... چانسز نظر نہیں آرہے' عالم اسلام کے حالات دن بدن دگرگوں ہوتے جارہے ہیں... سعودی عرب مقدس مقامات کے حوالے سے مسلمانوں کی محبتوں کا مرکز قرار پاتا ہے... اگر خدانخواستہ سعودی عرب کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششیں جاری رہیں تو اس کے منفی اثرات پوری اسلامی دنیا میں نمودار ہوں گے' اللہ کرے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلیمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان نے کرپشن کے خلاف جو جہاد شروع کیا ہے وہ اس میں جلد از جلد سرخرو ہو کر نکلیں... تاکہ کسی غیر ملکی طاقت کو شرارت کا موقع نہ مل سکے۔ وما توفیقی الاباللہ


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں






  قائد اعظم محمد علی جناح  
  اسکندر مرزا  
  لیاقت علی خان  
  ایوب خان  
آج کا مکمل اخبار پڑھیں

کار ٹونز

کالمز

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved