مکافات عمل!
  15  جون‬‮  2018     |     کالمز   |  مزید کالمز

*محترم قارئین کو عید مبارک ! *عمران خان نے صرف 26منٹ میں زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکلوایا، لاکھوں روپے روزانہ کے کرایہ کے چارٹرڈ طیارے پر سعودی عرب کا سفر کیا۔Oبلاول زرداری نے کاغذات نامزدگی میں ڈیڑھ ارب روپے کے اثاثوں کا اعلان کیا ہے۔ متعد د بیرونی بینکوں میں کروڑوں کے ڈیپازٹ اوربیرون ملک23جائیدادیں!Oسابق سپیکرفہمیدہ مرزا27کروڑ60 لاکھ روپے کے قرضوں کی نادہندہ، 50 کروڑ کے قرضے معاف کرائے۔O ڈالر 122 روپے سے بھی اوپر چلا گیا۔ O اکیس ہزار سے زیادہ کاغذات نامزدگی کی فیس سے الیکشن کمیشن کو50کروڑ روپے سے زیادہ وصول ہوئے ۔O ملک میں 2018 افراد بینکوں کے کھربوں روپے کے قرضوں کے نادہندہ ہیں:سٹیٹ بینک کی رپورٹ۔ *قارئین کرام! یہ صرف چند خبریں ہیں۔ بہت سی ایسی اور خبریں بھی ہیں، ان کی سرخیوں سے ہی سر درد شروع ہو گیا ہے۔ اب پھرحوالہ دینا ضروری ہے کہ قائداعظم کا بیرون ملک کوئی اثاثہ نہیں تھا۔ بھارت میں کروڑوں (اب اربوں) کی جائیداد چھوڑ کر آئے،یہاں کوئی متبادل جائیداد حاصل نہیں کی، بلکہ یہاں بھی کروڑوں (اب اربوں ) کی جائیداد قوم کے نام چھوڑ کر چلے گئے۔ یہی صورت نواب زادہ لیاقت علی خان کی تھی۔ بھارت کے علاقہ کرنال میں بہت بڑی جاگیر چھوڑ کر آئے۔ پاکستان میں کوئی جائیداد حاصل نہیں کی۔ راولپنڈی میں شہادت ہوئی۔ بنیان پھٹی ہوئی تھی، بینک میں چند سو روپے تھے! Oملک کے سب سے بڑے صنعتکار ایم اے ایچ اصفہانی نے 1947ء میں واشنگٹن اور لندن میں اپنے بڑے بڑے بنگلے حکومت پاکستان کوسفارت خانے بنانے کے لیے بلا معاوضہ پیش کردیئے۔Oحکومت پاکستان کے سیکرٹری جنرل، پھر وزیراعظم چودھری محمد علی اس عہدے سے فارغ ہوئے تو کراچی سے لاہور تک ہوائی جہاز کی بجائے ٹرین میں عام مسافروں کے ساتھ سفر کیا۔ لاہور سٹیشن پر ان کے ساتھ ٹِین سے بنے ہوئے صرف دو بکس اُترے۔ ایک پر لکھا ہواتھا،چودھری محمدعلی ممبر اسمبلی! *اوراب! زرداری خاندان!1964ء میں نوا ب شاہ میں معمولی خاندان کا مالک تھا۔ آصف زرداری کے والد حاکم علی زرداری ضلع نواب شا ہ کی سب سے چھوٹی یونین کونسل کے وائس چیئرمین تھے ۔اس کا ماہانہ بجٹ صرف پانچ سو روپے تھا (ضلع نواب شاہ کا سرکاری ضلعی گزٹ ، اس میں حاکم علی زرداری کی تصویر بھی ہے)۔ کچھ اراضی بھی تھی۔ کراچی کی ایک عمارت کے ایک حصے میں چھوٹا سا بمبینو سینما بنایا ۔ آصف زرداری اس کی ٹکٹیں بیچا کرتے تھے ۔۔۔ اور اب پاکستان، دبئی، لندن، امریکہ، بلجیم وغیرہ میں آصف زرداری کے نام کی87 جائیدادیں ہیں۔ ان میں پلازے، محلات، وسیع کاروبار، فارم ہاؤس، سٹڈ فارم (گھوڑوں کا فارم) صرف امریکہ میں 37 اثاثے، پاکستان میں شوگر ملیں، سینکڑوں ایکڑ اراضی۔۔۔! شریف خاندان کی بے حد وحساب دولت ، پاکستان میں20سے زیادہ ملیں، لندن، دبئی، سعودی عرب میں وسیع اثاثے، عالم یہ ہے کہ لاہور سے اسلام آباد عدالت میں پیشی کے لیے ہر بار خصوصی طیارہ چارٹرڈ کرایا جاتا ہے۔ ہر بار لاکھوں روپے کرایہ دیاجاتا ہے۔ خود نوازشریف کے بقول تقریباً 100پیشیاں ہوچکی ہیں۔شریف خاندان کے معاملات عدالت میں زیرسماعت ہیں۔ اس لیے اتنا ذکرہی کافی ہے۔ اوراب عمران خان ! سعودی عرب عمرہ پر جانے والے عقیدت سے سرشار لوگ اپنی تمام دنیاوی شان و شوکت اور ٹھاٹ باٹ پیچھے چھوڑ کرنہائت سادگی اور عاجزی کے ساتھ حرمین شریفین میں حاضر ہوتے ہیں اور ۔۔۔اور ملک کے اندر ہر وقت چارٹرڈ طیاروں میں گھومنے والے عمران خان عمرہ کے لیے سعودی جاتے ہیں تو عام مسافروں طیاروں میں سفر کو ہتک سمجھتے ہیں اورخانہ کعبہ اور روضہ اقدس کی حاضری کے لیے خصوصی طیارہ چارٹرڈ کرلیا جاتا ہے۔ دنیا بھر کے تمام درباروں سے کہیں بڑے درباروں میں حاضری کے وقت شان و شوکت کا مظاہرہ ! اسی طیارے میں مکہ معظمہ سے مدینہ منورہ اور جدہ کے سفرکیے جاتے ہیں!عمران خان کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی؟ بعض ذرائع کہہ رہے ہیں کہ یہ سب کچھ سپانسر کیا جارہاہے۔ اوراب الیکشن کمیشن میں جمع کرائے جانے والے بلاول زرداری کے اثاثوں کا کچھ ذکر ! ملک کے اندر اور باہران تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کے ان اثاثوں کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ پڑھتے پڑھتے میرا سر چکر انے لگا۔ مختصر کیفیت یہ ہے کہ ملک کے اندر وسیع پیمانہ پر اور بیرون ملک 23 مختلف اثاثے ہیں۔ ان میں ملک کے اندر سینکڑوں ایکڑ اراضی، کراچی میں تین، اسلام آباد میں پانچ، لاہور میں ایک اور ملتان ،پشاور، نواب شاہ ، لاڑکانہ میں مکانات، دبئی کے پانچ بڑے بینکوں میں بھاری نقد ڈیپازٹ، سٹینڈرڈ چارٹر بینک دبئی میں چھ کروڑ، یونین بینک میں تین کروڑ60 لاکھ روپے، بینک میں نہائت قیمتی زیورات کے10 سیٹ وغیرہ ہیں۔ بلاول کے پاس30 لاکھ روپے کا اسلحہ، پانچ لاکھ روپے کا لیپ ٹاپ اور بہت سی دوسری چیزیں ! کاغذات میں دبئی کی جائیداد کی قیمت نہیں بتائی! اسلام آباد میں2460کنال اراضی! اتنا ہی کافی ہے۔ یہ جائیدادیں صرف بلاول کی ہیں۔ آصف زرداری اور دونوں بہنوں کی جائیدادوں کی تفصیل بھی سامنے آنے والی ہے۔ ان تفصیلات سے سر دُکھنے لگتا ہے۔ میں نے پہلے پاکستان کے بانیوں قائداعظم ، لیاقت علی خان، چودھری محمد علی (سردار عبدالرب نشتر کو بھی شامل کرلیں) کے اثاثوں کا حوالہ دیا ہے۔ ان لوگوں نے پاکستان بنایا، اپنی جان، مال ہر چیز پاکستان کے لیے وقف کردی اور اب! نام نہاد جمہوریت کے نام پر ملک پر قبضہ کرنے والے خونخوار مگرمچھوں نے اس غریب ملک کو جس طرح لوٹااور باہر اثاثے بنائے، ان کی کوئی جوابدہی ، کوئی محاسبہ! کچھ نہیں! پھر ملک پر پنجے گاڑنے کے لیے آرہے ہیں۔ *میں عمران خان سے براہ راست مخاطب ہوں! خان صاحب! آپ نے زلفی بخاری نام ے ایک ساتھی کو اپنے ہمراہ سعودی عرب لے جانے کے لیے ملکی قانون اور ضابطوں کوجس طرح پامال کیاہے، اس سے ہر شخص ششدر رہ گیا ہے۔ زلفی بخاری نام کا شخص برطانیہ کا شہری ہے۔ برطانیہ میں وسیع کاروبار ہے۔ برطانیہ کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی ہے۔ ملک کے اندر بعض کیسوں کے باعث اس کا نام ای سی ایل میں ڈالاگیاہے۔ اسے پاکستان سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ آپ نے یہ جانتے ہوئے بھی اسے غیر قانونی طورپر سعودی عرب لے جانے کی کوشش کی۔ ایف آئی اے نے اسے روک لیا۔ آپ نے تین گھنٹے ہوائی اڈے پرانتظار کیا۔ زلفی بخاری کانام نیب نے ای سی ایل فہرست میں ڈال کر ملک سے باہر جانے پر پابندی لگوائی تھی۔ اس پابندی کو ہٹانے کے لیے مختلف نوعیت کی کارروائیوں پر تین چارروز لگ جاتے ہیں۔ خان صاحب! آپ کے یا ’کسی اور‘ کے حکم پر سیکرٹری داخلہ نے صرف 26 منٹوں میں زلفی بخاری کا نام ای سی ایل فہرست سے نکال دیا!نام نکالنے کے لیے نیب سے رابطہ ضروری تھا مگرایسا نہیں کیاگیا۔ وزیراعظم بھی لاعلم رہے۔ یہ کیا معاملہ ہے؟ آپ انتخابات سے پہلے ہی ملک پر حکمران کیسے ہوگئے؟ ای سی ایل والے شخص کو زبردستی باہر لے جانے کی کیا ضرورت تھی؟ آپ نے ابھی سے ملکی قانون کو پامال کرنے کا جومظاہر ہ کیا ہے کیا اسی انداز سے حکومت چلائی جائے گی جس کا آپ خواب دیکھ رہے ہیں؟ *سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو گزشتہ روز2بجے عدالت میں طلب کیاتھا وہ حسب معمول نہیں آیا۔ اس کے وکیل کے مطابق وہ بہت بیمار ہے اور اس کا پاسپورٹ بھی بحال نہیں ہوا۔ ٹیلی ویژن پر پرویزمشرف کی جو تازہ تصاویر دکھائی جار ہی ہیں ان سے اس کے چہرے پر شدید مایوسی اور پریشانی دکھائی دیتی ہے! کہاں ملک کا انتہائی مطلق العنان حکمران! آئین توڑ رہا ہے ،ججوں کوگرفتار کر رہاہے اور کہں یہ عالم کہ انتہائی شکستگی کے عالم میں کہہ رہاہے کہ میں بالکل تنہا محسوس کررہاہوں! مکافات عمل!!


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں





  اوصاف سپیشل

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved