مسلح افواج کا ردعمل!
  11  جولائی  2018     |     کالمز   |  مزید کالمز

٭مسلح افواج کے افسراور ارکان بھاشا دیامر، مہمند ڈیموں کے لیے چندہ دیں گے O...نوازشریف اورمریم نواز کے نام بھی ای سی ایل فہرست میں ڈال دیئے گئے O...کیپٹن صفدر کوعدالت سے اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا، دونوں جگہ کوئی ن لیگی رہنما یا رکن نہ آیا O...تحریک انصاف کا منشور بھی آگیا۔ مقبوضہ کشمیرکی آزادی کا نمایاں ذکر، عافیہ صدیقی کواپس لانے کا اعلان O...پرویز رشید نے زرعی بینک کا3½ کروڑ کا قرضہ معاف کرایا O...صفدر کی گرفتاری روکنے والے ن لیگی رہنماؤں چودھری تنویر، حنیف عباسی، شکیل اعوان وغیرہ کے خلاف مقدمے O...پاکستانی علماء نے سعودی عرب میں امریکہ کے زیر اہتمام علما کانفرنس میںشرکت سے انکار کردیا O...نیب نے چودھری پرویزالٰہی کے بیٹے مونس الٰہی کو بھی طلب کرلیاO...انتخابی مہم میں متعدد امیدواروں کے خلاف دہشت گردی کا خطرہ ، سرکاری ذرائع O...خورشید شاہ اورنوید قمر کو پھرووٹروں نے گھیر لیا O...آج بارشیں شروع ہو رہی ہیں O...منی لارنڈنگ کی رقم 70 ارب تک پہنچ گئی، آصف زرداری 'فریادتالپورسمیت ملزم 57 ہوگئے۔ ٭ایک پریس کانفرنس میں پاک فوج نے اس بات کا سخت نوٹس لیا ہے کہ بعض سیاسی عناصر فوج پر الیکشن میں جانبداری کا الزام لگا رہے ہیں، کبھی کسی پارٹی کو آگے لانے کی بات کی جاتی ہے، اب جیپ کانام لے کرفوج کو بدنام کیاجارہاہے۔ جب کہ فوج کاایسی کسی بات سے کوئی تعلق نہیں۔ ایک ٹیلی فون کال پر پارٹیاں بدلی جارہی ہیں۔ فوج بالکل غیر جانبدار ہے ۔ اس کا کسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔جنرل آصف غفور کا موڈ خاصا خراب دکھائی دے رہاتھا۔ ا س پر کل تفصیل سے بات ہوگی۔ ٭مسلح افواج کا حسب روائت پھر ملک وقوم کے لیے ایثار کالازوال، بے مثال مظاہرہ۔بھاشا دیامراور مہمند ڈیموں کے لیے تمام افسر دودنوں کی عام سپاہی ایک دن کی تنخواہ کا عطیہ دیں گے۔ سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی کی طرف سے15 لاکھ کے چندہ کا اعلان O...عمران خان نے چندہ دینے سے انکار کردیا،ہم چندہ مانگنے والے لوگ ہیں دینے والے نہیں O...واپڈا کے چیئرمین جنرل (ر) مزمل کا اعلان، حکومت50 فیصد باقی رقم واپڈا دے گا۔ ڈیموں کی تعمیر اسی سال شروع ہو جائے گیO...سپریم کورٹ کے پاس متعدد چیک پہنچ گئے۔ بینکوں نے اکاؤنٹ کھول دیئے۔ سید خورشید شاہ ناراض ہو گئے کہ ڈیم بناناسپریم کورٹ کا کام نہیں! خورشید شاہ نے یہ نہیں بتایاکہ بھٹو سمیت پیپلز پارٹی کے حکمرانوں نے تقریباً18برس کی حکمرانی کے دور میں کتنے ڈیم بنائے؟ یہی سوال ن لیگ کی 30 سال کی حکمرانی سے بھی کیا جاسکتا ہے۔ یہاں لاہور میں قائم بجلی کی ملک گیر محنت کش تنظیم 'ہائیڈور الیکٹرک یونین' کے ایثار کا حوالہ بھی ضروری ہے۔ اس کے ہزاروں ارکان نے بھی ایک دن کی تنخواہ دینے کا اعلان کردیا ہے۔ کسی سیاست دان نے اس مقصد کے لیے ایک پیسے کا اعلان نہیں کیا۔ عمران خان کے اعلان کے مطابق ان کے پاس 75 کروڑ کے اثاثے ہیں ( حقیقی اثاثے3ارب کے ہیں)۔ بلاول ڈیڑھ کھرب ( بنکوں میں5کروڑ نقد) ، شہبازشریف 18 کروڑ، حمزہ شہباز41کروڑ،شاہ محمود قریشی28کروڑ کی املاک کے مالک ہیں۔ پنجاب کاوزیراعلیٰ بننے (یا وزیر خارجہ!) بننے کا خواب دیکھنے والے شاہ محمود قریشی کے لندن کے ایک بینک میں تقریباً پونے دو کروڑ روپے جمع ہیں! دعویٰ پاکستانی ہونے کا اور اکاؤنٹ لندن میں! یہی حال بلاول کا ہے۔ یہ لوگ پاکستانی بینکوں میں اکاؤنٹ رکھنے کے روا دار نہیں اور پاکستانیوں سے ووٹ مانگنے چل نکلے ہیں۔ ٭پرویز رشید کا لاہور کی ایک چھوٹی سی بستی، گورمانگٹ میں ڈھائی مرلے کا مکان تھا۔ پیپلز پارٹی کے جیالے کے طورپر شریف خاندان پر سخت الزامات لگاتے تھے۔ (رانا ثناء اللہ کی طرح)۔ پھرسمجھ داری سے کام لیا، ن لیگ کی بیعت کرلی، نوازشریف کی ناک کے بال بن گئے۔ اہم عہدے( وزیر اطلاعات وغیرہ) سنبھالے ۔ زرعی ترقیاتی بینک سے ساڑھے تین کروڑ روپے کاقرضہ لیااور2014ء میں نواز شریف کی حکومت کے دوران یہ قرضہ معاف کرالیا! پرویز رشید کی ذاتی گاڑی90,80 لاکھ سے کم کی کیا ہوگی! اب قرضہ واپس کرنا پڑے گا!! ٭ نواز شریف اورمریم 13 جولائی کو لاہور آرہے ہیں۔ انہیں ہوائی اڈے سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل پہنچانے کا انتظام ہوچکا ہے۔ ایسے میں ہوائی اڈے سے باہر ن لیگ کااستقبال دھرا رہ جائے گا۔ کچھ اطلاعات کے مطابق یہ ہجوم طے شدہ سکیم کے مطابق ہنگامہ آرائی پر اتر سکتا ہے۔ یہ بھی امکان ہے کہ ہجوم پرامن رہنے کی کوشش کرے مگر بعض عناصر اس میں گھس کر ہنگامہ شروع کردیں۔ ویسے اس استقبال کو ہوائی اڈے سے بہت دور روکنے کا منصوبہ بھی بن چکا ہے۔ 13 جولائی کو ہوائی اڈا دوپہر کے بعد مکمل طورپر بند رہے گا۔ ٭دنیا میں 13جولائی کے دن بہت سے واقعات کی تاریخ موجود ہے۔ 10سال قبل اس روز ممبئی میں تین دھماکوں میں 10حملہ آوروں سمیت 166 افراد ہلاک 300 زخمی ہو گئے۔13جولائی1977ء کونیویارک میں بجلی 24 گھنٹے بند رہی ۔ اس دوران سینکڑوں بڑے سٹور لوٹ لیے گئے اور بہت سی خواتین کی بے حرمتی ہوئی۔ اس بار 13جولائی کو پاکستان میں سورج کوگرہن لگنے کا امکان ہے۔ دن بھر شدید حبس رہے گا۔ ٭سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کودہشت گردی روکنے کے ادارہ 'نیکٹا' نے بتایا ہے کہ پاکستان دشمن عناصر نے انتخابی مہم کو سبوتاژ کرنے کے لیے بعض بڑے سیاسی رہنماؤں کے خلاف دہشت گرد ی کامنصوبہ بنایاہے۔ ان میں شہباز شریف، بلاول بھٹو، اسفند یار ولی، شیرپاؤ، عمران خاں وغیرہ شامل ہیں۔ ان تمام افراد کواپنے تحفظ کے بار ے میں خبردار کیا جاچکا ہے۔ خدا کرے کسی بھی شخص کو کوئی ایسا سانحہ پیش نہ آئے مگر یہ لوگ جس طرح ایک ایک دن میں تین تین جلسوں سے خطاب کررہے ہیں اوربے محابا جلوس نکال رہے ہیں، اپنے سامنے کارکنوں کا ہجو م دیکھ کر بے قابو ہو جاتے ہیں، اس سے تو کسی بھی ان ہونی کا امکان دکھائی دے جاتاہے۔ خدا تعالیٰ ملک کو ہر قسم کی آفت سے محفوظ رکھے!

٭اے این پی کے سربراہ اسفندیارولی نے بہت خوبصورت بات کی ہے کہ ' پاکستان میراملک ہے، میرا جینامرنا پاکستان کے ساتھ ہے'۔ انہوں نے اس سے پہلے ایک بارایک بہت خوش گوار واقعہ سنایا تھاجو کافی عرصہ پہلے ایک بار چھپ چکا ہے۔ اچھی باتیں دہراتے رہناچاہیے۔ اس سے اچھائی کو فروغ ملنے میں مدد ملتی ہے۔ پرانی بات ہے۔وہ لاہورکے پی سی ہوٹل میں ایک تقریب میں خطاب کررہے تھے۔ میں بھی موجود تھا۔ اسفندیارولی تقریرکرتے کرتے اچانک کچھ جذباتی سے ہوگئے۔ کہنے لگے کہ لوگو! ہمیں کہاجاتاہے کہ ہم پاکستان کے وفادارنہیں۔ ایک واقعہ سنو! کچھ عرصہ پہلے میں گھرگیا۔ اس روز پاکستان اوربھارت کے درمیان کرکٹ میچ ہورہا تھا۔ میں نے ڈرائنگ روم میں بیٹی کو بلاکر کہا کہ ایک پیالی چائے بنادو۔ بیٹی بولی کہ ابا جان ! پلیز ذراسا انتظار کر لیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہو رہاہے۔ پاکستان جیتنے والاہے، میں میچ دیکھ رہی ہوں، اس کے ختم ہوتے ہی چائے بنادونگی۔ میں نے کہا کہ اچھا ماں سے کہو چائے بنادے۔ کہنے لگی کہ وہ تو دیر سے جانمازپر بیٹھی ہیں، سجدے کیے جا رہی ہیں اور پاکستان کی فتح کی دعائیں مانگ رہی ہیں، آپ ذراسا ٹھہر جائیں۔ تھوڑ ی دیر بعد بیٹی بھاگتی ہوئی آئی۔ انتہائی خوشی کے ساتھ بولی : ابّوابّو! پاکستان جیت گیا! میں نے کہا اچھی بات ہے اب اپنی ماں سے کہو کہ چائے بنادے! کہنے لگی کہ وہ تو اب شکرانے کے نفل پڑھ رہی ہیں! …''قارئین کرام ! یہ داستان لکھتے وقت میری آنکھوں میں نمی تیر گئی ہے۔ میں پاکستان کا قومی ترانہ سن کر بھی جذباتی ہو جاتا ہو۔ میں محترم اسفندیارولی کو ان کی اس بات پرپرُخلوص سلام کہہ رہاہو ںکہ ' پاکستان میرا ملک ہے، میرا جینامرنا پاکستان کے ساتھ ہے'۔میںایک بارپھر اسفندیار کی عزیزبیٹی اور قابل احترام بیگم صاحبہ کو بھی سلام کہتا ہوں۔


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
100%
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں





  اوصاف سپیشل

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved