المصطفیٰ ٹرسٹ کا چیرٹی ڈنر،روہنگیا مسلمانوں کیلئے پچاس ہزار پائونڈ جمع
  9  اکتوبر‬‮  2017     |     یورپ

لند ن (ا و صا ف نیو ز )المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیرٹی ڈنر میں روہنگیا مسلمان مہاجرین کے لئے پچاس ہزار پائونڈ کے عطیات جمع ہو گئے ۔ چیریٹی ڈنر میں کمیونٹی کی اہم سیاسی ، سماجی ، مذہبی اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ لارڈ نذیر احمد چیرٹی ڈنر کی تقریب کے مہمان خصوصی اور چیئرمین المصطفیٰ عبدالرزاق ساجد میزبان تھے ۔ چیرٹی کے شرکا نے میانمار کے مصیبت زدہ مسلمان مہاجرین کے لئے ایثار اور قربانی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے دل کھول کر عطیات جمع کروائے ۔ اس موقع پر بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلمان مہاجرین کی حالت زار اور ان کے لئے المصطفیٰ کی خدمات پر مشتمل ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جسے دیکھ کر تقریب کے شرکا آبدیدہ ہو گئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ہاس آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ بنگلہ دیش پہنچنے والے سات لاکھ روہنگیا مسلمان مہاجرین شدید مشکلات سے دوچار ہیں ۔ جائے پناہ کی تلاش میں دربدر کی ٹھوکریں کھانے والے روہنگیا مسلمانوں کی مدد ہم سب پر فرض ہے ۔ میں اپنی آنکھوں سے بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلمانوں کے لئے المصطفیٰ کا کام دیکھ کر آیا ہوں ۔ المصطفیٰ کو دیئے گئے عطیات امانت و دیانت کے ساتھ مظلوم و مجبور روہنگیا مسلمانوں کو خوراک ، لباس ، دوائیں اور خیمے مہیا کرنے پر صرف ہوں گے ۔ المصطفیٰ کا مضبوط نیٹ ورک اور فعال رضاکاروں کی مخلص ٹیم قابل تحسین ہے ۔ المصطفیٰ کی طرف سے ہر روز ہزاروں روہنگیا مسلمان مہاجرین کو کھانا فراہم کیا جا رہا ہے ۔ روہنگیا مسلمان مہاجرین کے لئے عطیات دے کر بیشمار لاچار انسانوں کی امیدوں کو ٹوٹنے سے بچایا جا سکتا ہے ۔ لارڈ نذیر احمد نے مزید کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کی بے بسی اور بے کسی کی انتہا ہو گئی ہے ۔ ہمیں ان غریب الوطن انسانوں کی مدد کر کے اخوت اسلامی کا ثبوت دینا ہو گا ۔ اللہ تعالی نے دکھی انسانیت کی خدمت کو سب سے بڑی نیکی قرار دیا ہے ۔ اللہ کے عطا کردہ وسائل میں سے مسائل زدہ لوگوں کی مدد کرنے سے مال و دولت میں کمی نہیں برکت پیدا ہوتی ہے ۔ اقوام متحدہ روہنگیا مسلمانوں کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔ اس موقع پر المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ المصطفیٰ پہلے دن سے روہنگیا مسلمان مہاجرین کی خدمت میں پیش پیش ہے ۔ سات لاکھ روہنگیا مسلمان مہاجرین کی کسمپرسی دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے ۔ روہنگیا مسلمان دنیا کی مظلوم ترین اقلیت بن چکے ہیں ۔ ایران اور ترکی کے سوا کسی اسلامی ملک نے ان کی مدد نہیں کی ۔ آج ہم نے روہنگیا مسلمان مہاجرین کی مدد نہ کی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی ۔ المصطفیٰ نے روہنگیا مسلمان مہاجرین کی ضروریات پوری کرنے کے لئے جامع روڈ میپ تیار کر لیا ہے ۔ ہم ان مظلومین کی مشکلات حل کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ ہمارے معاونین کے عطیات ہزاروں مرجھائے چہروں پر مسکراہٹ لانے کا ذریعہ بنیں گے ۔ اقوام عالم نے روہنگیا مسلمانوں کی چیخوں کو نہ سنا تو کوئی بڑا انسانی المیہ رونما ہو سکتا ہے ۔ بیرسٹر گل نواز نے کہا کہ میں المصطفیٰ کی ٹیم کے ساتھ روہنگیا مسلمان مہاجرین کی ناقابل بیان خراب و خستہ حالت دیکھ کر آیا ہوں ۔ ان کی حالت دیکھ کر کلیجہ پھٹتا ہے ۔ لاکھوں لوگ بے یارومددگار کھلے آسمان کے نیچے حیوانوں سے بھی بدتر زندگی گزار رہے ہیں ۔ ان مظلوموں اور مجبوروں کی خدمت کرنا نیکی ، ثواب اور سعادت کا کام ہے اس لئے ہمیں اس خدمت مشن میں المصطفیٰ کا ساتھ دینا چایئے تاکہ اسلامی بھائی چارے کی عمدہ مثال قائم ہو سکے ۔ تقریب سے رحیم جنگ حسین ہمدانی ، صدف جاوید اور نثار احمد نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر المصطفیٰ کے ڈونرز اور ورکرز میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں ۔


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں





  اوصاف سپیشل

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

  قائد اعظم محمد علی جناح  
  اسکندر مرزا  
  لیاقت علی خان  
  ایوب خان  
آج کا مکمل اخبار پڑھیں

کار ٹونز


یورپ

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved