صادق خان لندن کی پروموشن کیلئے پاکستان اوربھارت کادورہ کرینگے
  10  اکتوبر‬‮  2017     |     یورپ

لندن( شیر ا ز خا ن )میئر آف لندن صادق خان دارالحکومت کی پروموشن کے لئے رواں سال کے اواخر میں بھارت اور پاکستان کا دورہ کریں گے۔ لندن کے ساتھ اقتصادی و ثقافتی تعلقات کو مستحکم بنانے کے اس چھ روزہ مشن کے دوران وہ چھ بڑے شہروں میں سینئر سیاست دانوں، کاروباری شخصیات اور سٹی چیفس سے ملاقاتیں کریں گے۔ میئر لندن رواں سال کے آخر میں شروع ہونے والے اس دورے کے دوران بھارت میں ممبئی، دہلی اور امرتسر جائیں گے جس کے بعد وہ پاکستان میں لاہور، اسلام آباد اور کراچی کا دورہ کریں گے۔ صادق خان حالیہ عرصے میں ان دونوں ملکوں میں تجارتی مشن لے کر جانے والے پہلے بڑے برطانوی سیاست دان ہوں گے جس کے دوران ''لندن از اوپن'' کے عنوان سے چلائی جانے والی ان کی مہم کو مرکزی حیثیت حاصل رہے گی۔ اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں اور سرگرمیوں کے دوران وہ اس امر کو اجاگر کریں گے کہ لندن کاروبار، سرمایہ کاری، ٹیلنٹ اور آئیڈیاز کے اعتبار سے دنیا بھر میں سرفہرست ہے۔ وہ اس بات کو بھی اجاگر کریں گے کہ یورپی یونین کے ریفرنڈم کے باوجود لندن کے دروازے دنیا بھر سے کام اور سیر کے لئے آنے والوں کے لئے کھلے ہیں۔ دورے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے میئر آف لندن صادق خان کا کہنا تھا کہ ایک ایسے شخص کی حیثیت سے جس کے ابا کی پیدائش ہندوستان میں ہوئی اور جس کے والدین پاکستان سے لندن منتقل ہوئے، میں برصغیر کے ساتھ گہرا انس رکھتا ہوں۔ لیکن اس دورے کے حوالے سے میرے لئے یہ بات سب سے زیادہ خوشی کا باعث ہے کہ اس سے لندن کے باسیوں کو حقیقی فوائد پہنچیں گے یعنی کاروبار، تجارت، روزگار کے مواقع، سرمایہ کاری، ثقافت اور ٹیکنالوجی کے تبادلے سے متعلق فوائد۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعی ایک اہم مشن ہے کیونکہ بہت سے شعبے ایسے ہیں جن میں لندن بھارت اور پاکستان کے بڑے شہروں کے ساتھ مل کر کام کر سکتا ہے۔ یہ شعبے صرف کاروبار سے متعلق نہیں بلکہ ان میں فضائی آلودگی اور تبدیلی آب وہوا جیسے چیلنجوں سے نمٹنا بھی شامل ہے۔ صادق خان نے کہا کہ میں یہ دکھانا چاہتا ہوں کہ میرے شہر کے دروازے دنیا بھر میں اپنے پارٹنرز کے لئے کھلے ہیں اور مجھے پوری امید ہے کہ اس دورے سے بھارت اور پاکستان میں ہمارے دوستوں اور لندن کے درمیان بندھن مزید مضبوط ہوں گے۔ بھارت اور پاکستان دونوں ملکوں کے لئے میئر کے دورے کی سرگرمیوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جس کے دوران وہ سینئر سیاست دانوں، کاروباری شخصیات، آرٹسٹوں، سرمایہ کاروں اور انٹریپرینیورز کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور اور مل کر کام کرنے کے مواقع پر تبادلہ خیالات کریں گے۔ ڈپٹی میئر فار بزنس راجیش اگروال بھی اس دورے میں میئر کے ہمراہ ہوں گے جس کے ایجنڈا میں کاروبار، سرمایہ کاری، ری جنریشن کے مواقع، ویزا سے متعلق امور اور کئی بڑی تقاریب شامل ہوں گی۔ 2005 سے 2016 کے دوران برطانیہ بھارتی سرمایہ کاری کے لئے دوسرے نمبر پر رہا اور بھارت کی 44 فیصد بڑی کمپنیوں کے دفاتر لندن میں موجود ہیں۔ توقع ہے کہ صادق خان بھارت کی انتہائی کامیاب بالی وڈ فلم انڈسٹری کی مایہ ناز شخصیات کے علاوہ ٹیکنالوجی، تعلیم اور کھیل کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ بھارت اور برطانیہ 2017 کو ثقافتی تبادلوں کے سال کے طور پر منا رہے ہیں۔ برٹش کونسل کی جانب سے بھارت میں ثقافتی تقاریب اور سرگرمیوں کا ایک بڑا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جبکہ ایسا ہی ایک پروگرام برطانیہ میں بھارتی حکومت نے بھی ترتیب دیا ہے۔ میئر کے انٹرنیشنل بزنس پروگرام میں حصہ لینے والی کاروباری شخصیات کا ایک وفد بھی حیدرآباد اور بنگلور جانے سے پہلے ممبئی میں صادق خان سے ملاقات کرے گا۔ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت 2 ارب پائونڈ ہے اور 2015 میں پانچ پاکستانی کمپنیوں کی لسٹنگ لندن سٹاک ایکسچینج میں ہوئی جس کی مجموعی مارکیٹ ویلیو 10.5 ارب پائونڈ ہے۔ معیشت میں بہتری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مے سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل (ایم ایس سی آئی) نے پاکستان کو فرنٹیئر مارکیٹ سے ابھرتی ہوئی مارکیٹ کی حیثیت دے دی ہے جس کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج کی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔ بیس کروڑ ستر لاکھ آبادی اور تیزی سے بڑھتے ہوئے متوسط طبقے کے اس ملک میں سو سے زائد برطانوی کمپنیاں کام کر رہی ہیں اور یہاں پر موجود بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ دنیا میں صرف دو شہر ایسے ہیں جو لندن اور یہاں کے بڑے کاروباری اداروں کے مقابلے میں پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں جن میں ارنسٹ اینڈ ینگ اور سٹینڈرڈ چارٹرڈ شامل ہیں۔ لندن کے سینئر بزنس ایگزیکٹوز کا ایک گروپ بھی اس دورے کے دوران میئر کے ساتھ ہو گا جو وہاں تجارتی معاہدوں یا سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیں گے۔ پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں لندن میں پاکستان ہائی کمیشن نے 'ابھرتا پاکستان' کے عنوان سے ایک سالہ مہم ترتیب دی ہے جس میں پاکستانی ثقافت، اس کی سرزمین اور لوگوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں





  اوصاف سپیشل

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

کار ٹونز


یورپ

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved