اسلام کے پیروکار بہترین انسان اور شہری ہیں،صاحبزادہ غلام
  7  فروری‬‮  2018     |     یورپ

ہائی ویکمب (مسرت اقبال) معروف جید عالم دین مولانا صاحبزادہ غلام جیلانی نے آزاد کشمیر کی پوری منتخب اسمبلی کو دلی مبارکباد پیش کی ہے جنہوں نے متفقہ طور پر آزاد کشمیر میں قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کے لئے ایکٹ منظور کیا ہے۔ مولانا غلام جیلانی نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان سمیت تمام ممبران کی اس ایکٹ کی تائید میں تقاریر آزاد کشمیر کے لوگوں بلکہ تمام مسلمانوں کے جذبات کی دلی ترجمان ہیں جن میں ممبران نے کہا کہ ختم نبوت کے معاملہ پر کوئی سیاست نہیں ہوسکتی اور اس ایکٹ کی منظوری صرف اﷲ اور اﷲ کے رسول کی خالص خوشنودی کے لئے ہے اس لئے بھی تمام ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں۔ مولانا صاحبزادہ غلام جیلانی نے کہا کہ اس ایکٹ کی منظوری میں خاص طور پر صاحبزادہ علی رضا بخاری کے کردار کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے کہ جن کی کوششوں سے آزاد کشمیر کی اسمبلی سے متفقہ طور پر قادیانیوں کے دائرہ اسلام سے خارج کرنے کا ایکٹ منظور ہوگیا ہے۔ مولانا صاحبزادہ غلام جیلانی نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی افراتفری کے اس دور میں آزاد کشمیر سے ایک مثبت اور نیک پیغام امت مسلمہ کو ملا ہے جس کی توقع ہے کہ پاکستان آزاد کشمیر اور دیگر ممالک میں آباد عاشقان رسول آپس میں اتحاد اور یکجہتی کی طرف مائل ہوں گے جس کی اس دور میں اشد ضرورت ہے۔ مولانا صاحبزادہ غلام جیلانی نے کہا کہ اسلام کے دشمن لبرل ازم اور نام نہاد مذہبی آزادیوں کے لبادے میں قادیانیت کے فتنہ کے ذریعہ عالم اسلام کے قلعہ پاکستان میں دراڑیں ڈالنا چاہتے ہیں لیکن اﷲ اور اس کے رسولۖ کے خصوصی کرم کی وجہ سے دشمنان اسلام ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے جس پر ہمیں اﷲ تعالیٰ کے شکر کے علاوہ زیادہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ مولانا غلام جیلانی نے کہا کہ ان کی تمام طبقات اور تمام عالم اسلام سے اپیل ہے کہ وہ سچے عاشق رسول بنیں اور عمل و کردار سے جہاں جہاں آباد ہیں ثابت کریں کہ اسلام امن و آشتی کا دین ہے اور اسلام کے پیروکار بہترین انسان اور بہتری شہری ہیں۔


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں






آج کا مکمل اخبار پڑھیں

یورپ

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved