فوڈکمپنی نیٹکو مسلم ایڈکے لئے فنڈزجمع کرنے کی مہم چلائے گی
  8  فروری‬‮  2018     |     یورپ

لندن( ا و صا ف نیو ز )امداد اور ترقی کے لئے سرگرم تنظیم مسلم ایڈ اور فوڈ کمپنی نیٹکو پہلی بار ایک پارٹنرشپ کے تحت مل کر کام کریں گے اور نیٹکو اس سلسلے میں تنظیم کے لئے فنڈز جمع کرنے کی ایک خصوصی پروموشن چلائے گی۔ یہ خصوصی پروموشن 'نیٹکو ریڈ لینٹلز' پر ہو گی جس کی فروری اور مارچ کے دوران لندن کے تین بوروز ٹاور ہیملٹس، نیوہیم اور ریڈبرج میں آزادانہ بنیاد پر کام کرنے والے ریٹیل کے دکانوں، ریستورانوں اور تمام دیگر کمرشل آئوٹ لٹس کو فروخت کی جانے والی سیلز کی سو فیصد آمدنی مسلم ایڈ کی روہنگیا کرائسس اپیل کو عطیہ کی جائے گی۔ یہ پروموشن مسلم ایڈ کے سبز سٹیکر والے تمام نیٹکو ریڈ لینٹلز پر ہو گی۔ سٹیکر پر ''روہنگیا کرائسس اپیل کے لئے 100 فیصد سیلز کا عطیہ'' لکھا ہو گا۔ پروموشن میں تین سائز کے پیک شامل ہوں گے جن میں دو کلوگرام کا پیک بھی شامل ہے جس کی سفارش کردہ ریٹیل قیمت 2.39 پائونڈ ہے۔ نیٹکو فوڈز کے مینجنگ ڈائریکٹر لیوک پاگارانی نے بتایا کہ نیٹکو فوڈز اپنے منافع کا 100 فیصد چیریٹی کو دے گی اور ہمیں اس پراجیکٹ کے لئے مسلم ایڈ کے ساتھ مل کر کام کرنے پر خوشی ہے۔ نیٹکو برطانیہ میں مسالوں، ہربز، نٹ، پوپاڈوم، دالوں، آٹا، اناج، چٹنیاں، بیج اور دیگر چیزوں کے لئے ایک مقبول برانڈ ہے جو پچاس سال سے مصنوعات فروخت کر رہا ہے اور چیریٹی تنظیموں کے ساتھ بھی مل کر کام کر رہا ہے۔ نیٹکو اپنی مصنوعات کیٹرنگ انڈسٹری، مختلف دکانوں اور سپرمارکیٹوں مثلاً اسڈا، موریسنز، سینزبریز، ٹیسکو اور ویٹ روز کو دنیا بھر میں سپلائی کر رہا ہے۔ مسلم ایڈ کے ڈائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ زیک حسین نے اس سال کے اوائل میں میانمر کا دورہ کیا اور وہاں رہنے والے لوگوں کی حالت زار دیکھ کر انہیں شدید دکھ پہنچا۔ اس پارٹنرشپ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نیٹکو جیسی معروف کمپنی کی طرف سے میانمر میں تشدد کے ہاتھوں بھاگ کر بنگلہ دیش میں پناہ لینے والے بے گھر افراد کی مدد کے لئے مسلم ایڈ کا انتخاب ہمارے لئے خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹاور ہیملٹس، نیوہیم اور ریڈ برج کی تین بوروز کے خریدار اس پروموشن کا بھرپور ساتھ دیں گے اور چوبیس ماہ کی شیلف لائف کی حامل یہ مصنوعات زیادہ سے زیادہ خریدیں گے۔ انہوںنے کہا کہ نیٹکو 1961 سے برطانیہ کے گھروں کا بااعتماد نام ہے اور مسلم ایڈ کے لئے ایک ایسی کمپنی کے ساتھ مل کر کام کرنا اعزاز کی بات ہے اور امید ہے کہ یہ ایک لمبے تعلق کا آغاز ہو گا۔ نیٹکو ٹاور ہیملٹس، نیوہیم اور ریڈبرج کے سبھی علاقوں میں بس شیلٹرز پر تشہیر کرے گا اور مسلم ایڈ سوشل میڈیا پر اس پروموشن سے فائدہ اٹھانے کے لئے حوصلہ افزائی کرے گی اور تینوں بوروز کی گلیوں میں اور مساجد کے باہر پمفلٹ تقسیم کرے گی۔


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں





  اوصاف سپیشل

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

کار ٹونز


یورپ

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved