یورپی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے حق خودارادیت پربحث کرائینگے،واجدخان
  9  فروری‬‮  2018     |     یورپ

مانچسٹر (فیاض بشیر) کشمیر حریت پسندوں محمد افضل گرو شہید اور مقبول بٹ شہید کے جسد خاکی ان کے ورثاء کے حوالے کئے جائیں' پھانسیاں' گولیاں' قید و بند اور ظلم و تشدد کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتے' اوورسیز کشمیری سفارتی مہاذ پر ہر ایوان اور ہر سیاستدان سے مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے اور شہیدوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے' مسئلہ کشمیر کا واحد حل ریاستی عوام کا حق خود ارادیت ہے جس کے حصول کے لئے مہم جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام محمد افضل گرو شہید کی پانچویں برسی کے موقع پر ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا جس کے مہمان خصوصی یورپی پارلیمنٹ میں لیبر پارٹی کے انسانی حقوق کے ترجمان واجد خان ایم ای پی تھے جبکہ صدارت تحریک کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کی۔ اس موقع پر تحریک کی برطانیہ میں چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار' وائس چیئرمین امجد حسین مغل' مسلم کانفرنس برطانیہ کے صدر چوہدری محمد بشیر رٹوی' مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر راجہ محمد یوسف بندوروی' سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) برطانیہ راجہ محمد مقصود کاکڑوی ساتھ ساتھ کمیونٹی گروپ کے چیئرمین سید اظہر حسین شاہ ' تحریک کی مانچسٹر کی چیئرپرسن روبینہ خان' نائلہ ریف' مولانا شاہجہان مدنی' یوتھ رہنما طاہر نوید اور دیگر رہنمائوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کشمیری شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔واجد خان ایم ای پی نے کہا کہ انہیں حال ہی میں لیبر پاٹی نے انسانی حقوق کا یورپی پارلیمنٹ میں ترجمان مقرر کیا ہے اور میں نے سب سے پہلے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سٹراسبرگ میں یورپی پارلیمنٹ کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا مسئلہ اٹھا اپنا حق ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروانے' پیلٹ گنز کے بے دریغ استعمال اور کشمیریوں کی مسلسل گرفتاریوں پر برٹش کشمیریوں کی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں راجہ نجابت تحسین' کونسلر یاسمین ڈار اور نائلہ شریف کے دورہ برسلز کی روشنی میں ہم نے اگلے چند ماہ کے لئے یورپی پارلیمنٹ میں موثر لابی کا اہتمام کیا ہے جس میں یورپ کے تمام ممالک سے ممبران پارلیمنٹ کو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا ہمنوا بنا کر ایک مفصل بحث بھی کرائی جائے گی۔ تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ کشمیری گزشتہ ایک سو سال سے اپنی آزادی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں اور آئندہ بھی اپنے وطن کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے دہلی کی تہاڑ جیل میں مدفون کشمیری شہداء افضل گرو شہید اور مقبول بٹ شہید کو ان کی قربانی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالیں کہ ان دونوں شہیدوں کے جسد خاکی ان کے ورثاء کے حوالے کئے جائیں تاکہ انہیں اسلامی رسم و رواج کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے قبرستان شہداء میں دفن کیا جاسکے۔ تحریک کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار نے نارتھ آف انگلینڈ کے تمام کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ بلا امتیاز سیاسی وابستگی کشمیریوں کے قومی دنوں پر مظاہروں اور تقریبات میں شریک ہو کر ملی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ چوہدری محمد بشیر رٹوی نے کہا کہ بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر ہمیں بھی اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لانی ہوگی۔


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں






آج کا مکمل اخبار پڑھیں

یورپ

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved