10:49 am
ایران سلیمانی کا انتقام لینے سے گریز کرے: فرانس

ایران سلیمانی کا انتقام لینے سے گریز کرے: فرانس

10:49 am

فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں  ایو لی دریان نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایرانی القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کا جواب دینے سے باز رہے۔گزشتہ  روز ایک بیان میں فرانسیسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ جمعہ کو عراقی دارالحکومت بغداد میں ایک امریکی آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے سلیمانی نے خطے کو غیر مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
 
ایران کو اس کے قتل کا بدلہ لینے سے سختی سے گریز کرنا چاہیے۔ لی دریان نے فرانسیسی شہریوں پر ایران اور عراق کے سفر سے گریز پر زور دیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ جمعہ کو بغداد میں قاسم سلیمانی اور عراقی الحشد ملیشیا کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس کی ہلاکت کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جبکہ اتوار کو امریکی صدر نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے حملہ کیا تو ایران کی 52 تنصیبات امریکہ کے نشانے پر ہوں گی۔