12:35 pm
جرمنی: یورپ کی سب سے بڑی معیشت کو کساد بازاری کا خطرہ

جرمنی: یورپ کی سب سے بڑی معیشت کو کساد بازاری کا خطرہ

12:35 pm

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر جرمنی کی بڑی بڑی کمپنیوں نے پیداوار کا سلسلہ بند کر دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق رواں برس یورپ کی اس سب سے بڑی معیشت کے نمایاں طور پر سکڑ جانے کاخطرہ پیدا ہو چکا ہے۔جرمن حکومت کے ماہرین معاشیات کے ایک پینل نے پیر کے روز کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سےعائد کی جانے والی پابندیاں مجموعی قومی پیداوار میں دو اعشاریہ آٹھ فیصد سے لے کر پانچ اعشاریہ چار فیصد تک کمی کی وجہ بنیں گی۔

حکومتی ماہرین اقتصادیات کے پینل 'ایس وی آر‘ کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ نہیں بتایا جا سکتا کہ جرمن معیشت کو کس قدر نقصان پہنچے گا۔ ماہرین کے مطابق اس بات کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ حکومت کورونا وائرس کے بحران کے پیش نظر عائد کردہ پابندیاں کب تک برقرار رکھتی ہے اور معیشت کی بحالی کس تیزی کے ساتھ ہوتی ہے۔
 
دنیا کے دیگر معاشی ماہرین کی طرح جرمن ماہرین نے بھی یورپ کی اس سب سے بڑی اور مضبوط معیشت میں بحالی کے حوالے سے مختلف منظرنامے پیش کیے ہیں۔ جرمنی کی معیشت انگریزی کے حرف 'وی‘ یا پھر 'یو‘ کی سی شکل میں بحال ہو سکتی ہے۔ 'وی‘ کی صورت میں جس تیزی سے معیشت نیچے گر رہی ہے، اسی تیزی سے بحال بھی ہو سکتی ہے۔ اگر یہ بحالی 'یو‘ کی شکل اختیار کرتی ہے، تووہ سست رفتار ہو گی۔