10:02 pm
 پاکستان ہائی کمیشن مبین چوہدری کی صحافتی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،معظم احمد خان

پاکستان ہائی کمیشن مبین چوہدری کی صحافتی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،معظم احمد خان

10:02 pm

لندن ( چوہدری تبریز عورہ ) پاکستان پریس کلب لندن کے زیرِ انتظام و انصرام پاکستان پریس کلب یو کے کے سابق صدر ممتاز سینئر صحافی مبین چوہدری مرحوم کی برطانیہ میں بیس سالہ صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لندن میں ان کی یاد میں تعزیتی ریفرینس منعقد کیا گیا۔ تعزیتی ریفرینس میں برطانیہ میں متعین ہائی کمشنر آف پاکستان معظم احمد خان نے بطور مہمان خاص شرکت کی۔
تعزیتی ریفرینس سے میئر آف لیوشم توصیف انور، پاکستان پریس کلب لندن کے سرپرست، سینئر صحافی،مصنف و ادیب افضل چوہدری، پاکستان پریس کلب کے صدر فرید قریشی، سینئر نائب صدر چوہدری تبریز عورہ، جنرل سیکریٹری نوید سجاد، پاکستان جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری غلام حسین اعوان، پاکستان پریس کلب انٹرنیشنل کے صدر شوکت ڈار، سابق میئر لندن بارو آف والتھم فاریسٹ چوہدری لیاقت علی، چیئرمین برٹش مسلم فرینڈز آف لیبر چوہدری شوکت علی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ تعزیتی ریفرینس میں نقابت کے فرائض پاکستان پریس کلب لندن کے نائب صدر محمد رفیق مغل نے انجام دیئے۔ پاکستان پریس کلب کے سیکریٹری مالیات و سرپرست اعجاز احمد، نائب صدر سلیم صابری، سکریٹری اطلاعات سفینہ خان، ڈیجیٹل کوآرڈینیٹر صغیر بھٹی، سینئر راہنما پی پی سی لندن رضا سید، وقاص احمد، اسد علی انجینئر نے ریفرینس کے انتظامی امور کی نگرانی کی۔ مبین چوہدری کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرینس میں چوہدری وودود مشتاق اپجو کے صدر بھی موجود تھے لندن کی بزنس کمیونٹی، وکلاء برادری،کونسلرز، سابق میئرز، مختلف سیاسی، سماجی، فلاحی جماعتوں کے سرکردہ افراد اور خواتین نے شرکت کی۔ ہائی کمشنر آف پاکستان معظم احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن مبین چوہدری کی صحافتی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہائی کمیشن آف پاکستان کے دروازے پی پی سی لندن کی تقریب کے انعقاد کیلئے کھلے ہیں۔ ہائی کمشنر آف پاکستان نے مبین چوہدری مرحوم کی میت پاکستان لیجانے کے اقدام پہ آنے والے اخراجات ان کی فیملی کو پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ہائی کمشنر آف پاکستان معظم احمد خان نے کہا کہ جرنلزم ایک نوبل پروفیشن ہے کچھ لوگ اس مشن کو اپنی آخری منزل تک لیکر جاتے ہیں جو پیچھے رہ جانے والوں کیلئے مشعل راہ ہوتا ہے۔ ہائی کمشنر آف پاکستان نے کہا کہ مبین چوہدری کو خراج عقیدت پیش کرنے کا اصل طریقہ یہ ہے کہ ان کے مثبت صحافی کام کو آگے لیکر چلیں۔ تعزیتی ریفرینس سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مبین چوہدری کی صحافی خدمات، ان کے استحکام پاکستان کے قلمی کام ، آزادی کشمیر حمایت کو زبر دست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ تعزیتی ریفرینس میں مبین چوہدری کیلئے فاتحہ خوانی کر کے ان کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی۔



 

تازہ ترین خبریں