05:26 pm
ریاستی اداروں کیساتھ کھڑے ہیں،وزیراعلیٰ(23 مار چ کا دن قومی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے،پیغام)

ریاستی اداروں کیساتھ کھڑے ہیں،وزیراعلیٰ(23 مار چ کا دن قومی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے،پیغام)

05:26 pm

گلگت (اوصاف نیوز) وزیر اعلیٰ و صد مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ قائد محترم محمد نواز شریف کا خصوصی پیغام موصول ہوا ہے جس کے تحت تمام اضلاع میں 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے تقاریب منعقد ہورہی ہے۔ تمام مسلم لیگ (ن) کے کارکن ، عہدیدار اور وزراء اپنے اضلاع میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقاریب میں بھرپور انداز میں شرکت کریں۔
مسلم لیگ (ن) سوشل میڈیا کے ورکز بھی 23 مارچ کو یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقاریب میں شرکت کریں۔ 23مارچ کا دن صرف اور صرف یوم پاکستان کیلئے ہی مختص ہے۔ وطن عزیز کیخلاف دشمن ملک بھارت ناپاک عزائم رکھتا ہے اس تنائو کے ماحول اور موجودہ حالات میں ہم اپنے ریاستی اداروں کیساتھ کھڑے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کے حکم کے مطابق وزرائ، پارٹی عہدیدار اور سوشل میڈیا کے ورکرز صرف اور صرف 23 مارچ کو یوم پاکستان کے دن کے طور پر منانے کیلئے تمام اضلاع میں منعقدہ تقاریب میں شرکت کریں۔ ہماری تمام ذاتی صعوبتیں اپنی دھرتی پر قربان ہیں۔ مسلم لیگ پاکستان کی خالق پارٹی ہے۔ اب استحکام اور تعمیر پاکستان ہمارا خواب ہے۔ جس کیلئے ہماری جانیں، توانائیاں اور اثاثہ حاضر ہیں۔گلگت (اوصاف نیوز) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ آج سے79 سال قبل برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کے حصول کا عزم کیا۔ ان کے محبوب رہنمائوں نے اعلان کیا کہ مسلمان ہر اعتبار سے علیحدہ قوم ہیں۔ قائد اعظم کی رہنمائی میں مسلمانوں نے ایک ایسی ریاست کے حصول کی جدوجہد کی جس سے سماجی انصاف، برابری اور اخوت کا نظام رائج ہو۔ مسلمان قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں علیحدہ مملکت کے حصول میں کامیاب ہوئے۔ قائد اعظم نے مسلمانوں کو علیحدہ وطن دلا کر آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ کیا۔ پوری قوم امن یکجہتی اور سماجی انصاف کے اصولوں پر کار بند ہونے کا عزم صمیم کئے ہوئے ہے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے یوم پاکستان23مارچ کے حوالے سے جاری خصوصی بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و استحکام کا راز جمہوریت ہی میں پوشیدہ ہے، درپیش چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے ضروری ہے کہ جمہوری روایات کو فروغ دیا جائے تاکہ معاشرے میں رواداری، ہم آہنگی اور برداشت پروان چڑھے۔ 23 مار چ کا دن ہماری قومی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس پرمسرت موقع پر میں پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس روز ہمارے بزرگوں نے تاریخی قراردادِ لاہور منظور کی جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک واضح اور عظیم مقصد کیلئے متحد کر دیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اس موقع پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ، مصّورِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ اور تحریک آزادی کے دیگر قائدین کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے پختہ عزم اور بے مثال قربانیوں سے حصول پاکستان کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان ایک طویل جمہوری جدوجہد کے نتیجہ میں وجود میں آیا اور اب اس کی ترقی اور استحکام کا راز بھی جمہوریت ہی میں پوشیدہ ہے۔ آئین کی سربلندی اور قانون کی بالا دستی کویقینی بنائے بغیر آبرو مند نہیں ہوسکتے۔ آج کا دِن 79سال پہلے کے اس عظیم دِن کی یاد دلاتا ہے جب جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے غلامی کی زنجیریں کاٹنے اور ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کا پرُعزم فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہی کے دِن لاہور کے تاریخی اجلاس میں مسلم لیگ نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں وہ تاریخ ساز قرارداد منظور کی تھی جو بعد میں قرارداد پاکستان کے نام سے مشہور ہوئی۔ اس قرارداد نے منزل کا واضح شعور دیا اور صرف 7سال بعد پاکستان وجود میں آگیا۔تعمیر پاکستان اب ہمارا فریضہ ہے تاکہ اجداد کی یہ قربانی رائیگاں نہ جائے۔ ہم نے اس دھرتی کی بقائ، استحکام اور تعمیر و تری کیلئے ایک قوم بن کر اتحاد و یگانگت پیدا کرکے دشمن کی چالیں نامراد کرنی ہے اور اسلام کے نام پر وجود میں آنے والی اس مملکت کو جملہ شعبوں میں مثالی بنانے کیلئے ہر فرد نے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ اتفا ق و اتحاد کی ثوفیق دے۔

تازہ ترین خبریں