10:58 am
ایم ڈبلیوایم کاکنونشن 29سے 31مارچ کوہوگا،شیخ علی حیدر

ایم ڈبلیوایم کاکنونشن 29سے 31مارچ کوہوگا،شیخ علی حیدر

10:58 am

گلگت (اوصاف نیوز) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا سہ روزہ مرکزی تنظیمی کنونشن اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔31,30,29 مارچ کو ہونے والے اس تنظیمی کنونشن میں ملک بھر سے تنظیمی عہدیداران واراکین کے علاوہ علماء،دانشور اور سیاسی نمائندے شریک ہونگے۔ایم ڈبلیو ایم میڈیا سیل کے انچارج شیخ علی حیدر نے کہا ہے کہ یہ تنظیمی کنونشن اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ جماعت کے دستور اور ضابطہ کے تحت ہر تین سال بعد ہونے
والا انٹراپارٹی الیکشن کا انعقاد بھی ہوگا جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے تنظیمی عہدیداران اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے آئندہ تین سال کیلئے مرکزی سیکرٹری جنرل کا انتخاب کرینگے۔تین روز جاری رہنے والے اس تنظیمی کنونشن میں ملک کی تمام بڑی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین کے علاوہ مذہبی سکالرز بھی شریک ہونگے ۔مجلس وحدت مسلمین سیاسی مذہبی جماعت ہے جو ملک میں قانون وانصاف کی بالادستی اور مظلومین کی حمایت اور اعلیٰ انسانی اقدار کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔ملک میں مسلکی ہم آہنگی کے فروغ اور اتحاد ووحدت کی طاقت کے ذریعے دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنے اور ملکی استحکام و سا لمیت کیلئے جدوجہد ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کنونشن کے آخری روز وحدت اسلامی کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں ملک بھر سے مختلف مکاتب فکر کے علماء، دانشور حضرات، سیاسی وسماجی شخصیات اور تنظیمی عہدیداران شریک ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ہمیشہ ملک میں آئین وجمہوری اقدار کی پاسداری کی ہے اور ملک دشمن عناصر،تکفیریت، دہشت گردی، لاقانونیت کے خلاف ہمیشہ آوار اٹھاتے رہے ہیں اور آئندہ بھی ہماری جماعت مظلوم کی حمایت اور ظالم کیخلاف پوری طاقت سے مقابلہ کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے۔

تازہ ترین خبریں