06:16 pm
(سپیشل پرسنزکی ویل چیئردوڑ)وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان کو امن کاگہوارہ بنایا،جعفراللہ خان

(سپیشل پرسنزکی ویل چیئردوڑ)وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان کو امن کاگہوارہ بنایا،جعفراللہ خان

06:16 pm

گلگت (اوصاف نیوز)ڈپٹی سپیکر جعفراللہ خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن کی قیادت میں گلگت بلتستان امن کا گہوارہ بن گیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر امن علاقہ قرار دیا گیا ہے جس کا تمام تر کریڈٹ وزیر اعلیٰ اور موجودہ صوبائی حکومت کو جاتا ہے جنہوں نے علاقے میں نو گو ایریاز ختم کرایا بلکہ مجھ سمیت متاثرین کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کئے آج مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کی وجہ سے زندگی تمام شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے
،ضلعی انتظامیہ اورمیونسپل کارپوریشن کی جانب سے سپیشل پرسنز کیلئے ویل چیئرریس کو گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انقلابی اقدام ہے سپیشل افراد ہمارے معاشرے کا قیمتی حصہ ہیں اور ہم انہیں صحت مند سرگرمیوں میں شامل کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں ۔ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے سپیشل افراد کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرنے پر انتہائی خوشی ہوئی اور میں ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر گلگت سمیت تمام ٹیم کو مبارک باد پیش کرتاہوں جنہوںنے سپیشل افراد کو گھروں سے نکال کر انہیں زندگی کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی دی ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے چنار باغ میں سپیشل افراد ویل چیئر دوڑ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے اپنے خطاب میں گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سپیشل افراد کیلئے ویل چیئر دوڑ متعارف کرانے پر ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن گلگت کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے خصوصی افراد کیلئے حکومت کی جانب سے خصوصی اقدامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ،ڈپٹی کمشنر گلگت کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سپیشل افراد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تعاون کا اعلان کرتا ہوں انہوں نے میڈیا کی جانب سے خصوصی طور پر کوریج کیلئے آنے پر انکا بھی شکریہ ادا کیا تقریب کے آخر میں ڈپٹی سپیکر جعفراللہ خان ،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق ،ایس ایس پی مرزا حسن اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت صاحب دین نے جیتنے والے خوش نصیب سپیشل کھلاڑیوں میں نقد اور خصوصی اسناد تقسیم کیں ۔تقریب میں اسماعیلی بوائے سکاوٹس والنٹیئرز ، نمبرداروں ،سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے خصوصی شرکت کیں ۔واضح رہے سپیشل پرسنز ویل چیئر ریلی کا انعقاد اسسٹنٹ کمشنر /ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت کیپٹن (ر) محمد شاہ رخ چیمہ اوراسکی پوری ٹیم کی ان تھک محنت اور دلچسپی سے کامیابی کے ساتھ اختتام پزیر ہوئی ۔گلگت (نامہ نگار خصوصی) ڈپٹی سپیکر جعفر اللہ خان نے سپیشل پرسنز دوڑ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں امن کی وجہ سے کھیلوں کو فروغ مل رہا ہے اور ترقی ہورہی ہے سابقہ حکومتوں میں جی بی بھر میں خراب حالات کی وجہ سے بہت ساری عورتیں بیوہ اور بچے یتیم ہوگئے اور لوگ گھروں سے باہر نکلنے سے ڈرتے تھے اور جی بی میں جگہ جگہ نوگو ایریا ز تھے ہماری حکومت کی ترجیحات میں امن پہلے نمبر پر ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہماری حکومت میں کوئی بھی فرقہ واریت کی بینٹ نہیں چڑھا ۔دنیا بھر میں گلگت بلتستان پرامن ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ ہماری حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو پہلی میٹنگ میں ہی طے کیا تھا کہ چاہے جو بھی قیمت چکانی پڑے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ انہوںنے سپیشل پرسنز کے لئے گلگت بلتستان میں پہلی بار ایسا ایونٹ کرایا گیا ہے اس ایونٹ کی وجہ سے جو افراد گھر سے نہیں نکلتے تھے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے وہ معذور افراد بھی گھر سے باہر نکلیں گے اور معاشرے کا حصہ بنیں گے۔ اور ان کا ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا انہوںنے کہاکہ اب تک گلگت بلتستان کی تین بچیوں نے یو اے ای سے میڈلز حاصل کرکے بین الاقوامی طورپر خود کو منوایا ہے اور سٹارز بن چکی ہیں۔ جن میں انیتا کریم نے تھائی کانڈو میں گولڈ میڈل حاصل کیاہے۔ یہ سارا کریڈٹ گلگت بلتستان کو جانا ہے گلگت بلتستان ہر شعبے میں ٹینلٹ سے بھرا ہوا ہے۔ کھیلوں کے شعبے چاہئے کرکٹ ہو چاہئے ہاکی یا والی بال ہو شندور کا تورنامنٹ ہو یا جشن بہاراں جشن آزادی ٹورنامنٹ ہو یا جی بی پی ایس ایل ہو ہر کھیل گلگت بلتستان میں جوش جذبے کے ساتھ منعقد ہورہے ہیں۔ اور لوگ شرکت کررہے ہیں اور جذبے کا اظہار کررہے ہیں اور صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ بھرپور تعاون کررہی ہے۔

تازہ ترین خبریں