06:24 pm
 اپریل کے آخر تک مسگر پاور ہائوس سے بجلی کی فراہمی شروع کر دی جائیگی،عبدالوحیدشاہ

اپریل کے آخر تک مسگر پاور ہائوس سے بجلی کی فراہمی شروع کر دی جائیگی،عبدالوحیدشاہ

06:24 pm

گلگت ( نامہ نگار خصوصی ) سیکریٹری محکمہ پانی و بجلی عبدالوحید شاہ نے کہا ہے کہ حسن آباد پاور ہائوس کی کل صلاحیت 12سو کلو واٹ ہے جبکہ پانی کی کمی کی وجہ سے اس وقت پاور ہائوس سے صرف 6سو کلو واٹ بجلی پیدا ہورہی ہے ،انہوں نے کہا کہ آئندہ 5سو اور 2سو کلو واٹ کی مشینری بھی دیگر پاور ہائوسز میں تنصیب کر دی جائیگی جس سے بجلی کی صورتحال بہتر ہوگی ۔ اوصاف سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری پانی و بجلی
عبدالوحید شاہ نے مزید کہا کہ مسگر پاور ہائوس سے بجلی کی بر وقت ترسیل کیلئے کام جاری ہے اور اپریل کے آخر تک مسگر پاور ہائوس سے بجلی کی فراہمی شروع کر دی جائیگی جبکہ مایون پاور ہائوس کی مشینری کیلئے ٹھیکیدار کر رقم مہیا کر دی گئی ہے تاکہ ٹھیکیدار چائینہ سے مشینری منگوا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہنزہ اور گلگت میں سرکاری عمارات کو شمسی توانائی کے ذریعے بجلی فراہم کی جائیگی جس پر بھی تیزی سے کام جاری ہے جس کا کام جون تک مکمل ہوجائیگا ، سرکاری عمارات سے جو بجلی بچے گی اس بجلی کو بھی عوام الناس کو فراہم کیا جائیگا ، عوام کو بجلی کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمہ برقیات اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے انشاء اللہ بجلی بحران پر جلد قابو پا لیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ضلع غذر ، ضلع نگر ، ضلع شگر ، گانچھے اور استور کو لوڈ شیڈنگ فری اضلاع بنانے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے اور محکمہ برقیات کی ہر ممکن کوشش ہوگی کہ باقی اضلاع جن میں ضلع گلگت ، سکردو ، دیامر اور ہنزہ شامل ہیں میں موسم سرما کے دوران لوڈ شیڈنگ میں پچاس فیصد کمی لائی جا سکے ۔ سیکریٹری برقیات عبدالوحید شاہ نے بتایا کہ گلمتی غذر میں پاور منصوبے کا کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور امید ہے کہ جون کے آخر تک یہ منصوبہ بھی مکمل ہوجائیگا ۔

تازہ ترین خبریں