06:13 pm
گلگت بلتستان پرامن خطہ،سرمایہ کاری کوفروغ دینے کیلئے عملی اقدامات ہم نے کئے،وزیراعلیٰ

گلگت بلتستان پرامن خطہ،سرمایہ کاری کوفروغ دینے کیلئے عملی اقدامات ہم نے کئے،وزیراعلیٰ

06:13 pm

گلگت ( اوصاف نیوز ) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ ماضی میں صرف نمائشی کام کئے گئے جس کے مثبت نتائج سامنے نہیں آئے۔ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ترقیاتی بجٹ سے بڑے ہوٹلوں میں صرف پروگرام کرانا کافی نہیں۔ ہماری حکومت نے سرمایہ کاروں کو مناسب ماحول فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔
انوسٹمنٹ بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ صوبے میں آنے والے سرمایہ کاروں کو مناسب پلیٹ فارم فراہم کیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ منرلز، سیاحت، جنگلات اور پاور کے سبجیکٹ مسلم لیگ (ن) کی سابق وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کی حکومت کو منتقل کئے جن پر پالیسی بنارہے ہیں۔ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہوکر ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ایکٹ کی منظوری صوبائی کابینہ نے دی ہے۔ منرلز کے شعبے میں گلگت بلتستان میں بہت سے مواقع ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر مقامی کمیونٹی کو بھی فائدہ پہنچایاجاسکتا ہے اور صوبے میں روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ماضی میں کروڑوں روپے انوسٹمنٹ کانفرنسز کے نام پر اڑائے گئے جس کا نتیجہ کچھ نہیں نکلا بلکہ صوبے میں آنے والے سرمایہ کار دربدر پھرتے رہیں ان کا پوچھنے والا کوئی نہیں ہوتا تھا۔ ہماری حکومت نے نمائشی اقدامات کی بجائے سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے۔ مختلف پروگراموں پر ترقیاتی بجٹ کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی جس کی وجہ سے گلگت بلتستان میں جی بی ایس ایل، سرفرنگا کار ریلی سمیت دیگر پروگرام سپانسرز کے ذریعے کئے جارہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ دیگر صوبوں سے زیادہ سرمایہ کاری کے مواقع گلگت بلتستان میں موجود ہیں۔ پانچ سال تک کاروبار کرنے والوں کو ٹیکس کی مکمل رعایت مل چکی ہے۔ امن وامان کے حوالے سے گلگت بلتستان پرامن خطہ بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے چیمبر آف کامرس کے ہمراہ گلگت بلتستان میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے ایکسپو کا انعقاد کرنے کے حوالے سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ صوبائی حکومت نے انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لایا ہے جون تک انڈسٹریل زون کو فعال کیا جائے گا۔ شہر میں چھوٹے صنعتوں کی وجہ سے مسائل پیدا ہورہے ہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام چھوٹے صنعتوں کو انڈسٹریل زون منتقل کیا جائے گا۔ جہاں پر انہیں بھرپور سہولیات فراہم کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان میں میگا انفراسٹرکچر تعمیر ہورہاہے۔ روڈ انفراسٹرکچر میں بہتری آئی ہے ۔گلگت بلتستان میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے ایکسپو کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے صوبائی حکومت اس طرح کے مثبت اقدامات کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ حکومتی اقدامات کی وجہ سے ونٹر ٹوریزم کو فروغ مل رہاہے۔ گلگت سکردو روڈ، نلتر ایکسپریس وے اور استور ویلی روڈ کی تعمیر سے گلگت بلتستان میں سیاحت کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان پولٹری، لائیو سٹاک اور زرعی شعبے کے فروغ کیلئے بھی سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ امن وا مان کے حوالے سے گلگت بلتستان ایک مثالی صوبہ بن چکا ہے۔ سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت شہر کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جارہی ہے جسے دیگر اضلاع تک بتدریج وسعت دی جائے گی۔

تازہ ترین خبریں