06:23 pm
لکڑی کی ترسیل روکنے کیخلاف داریل کے عوام کادھرناجاری(ہرسازش کامقابلہ کرینگے،شاہ ناصر)

لکڑی کی ترسیل روکنے کیخلاف داریل کے عوام کادھرناجاری(ہرسازش کامقابلہ کرینگے،شاہ ناصر)

06:23 pm

چلاس(مجیب الرحمان)داریل کے جنگلات کی لکڑی کو خیبر پختونخواہ میں روکے جانے کے خلاف عوام کا پر امن دھرنا بصری کے مقام پر چوتھے روز بھی جاری ہے۔پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے قائمقام صدر شاہ ناصر کی قیادت میں پارٹی رہنماؤں کے وفد احتجاجی مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لئے پہنچ گیا۔قائمقام صدر پی ٹی آئی جی بی نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہاکہ قیام پاکستان سے قبل کے جعلی معاہدے کی آڑ میں
گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔اور اوچھے ہتھکنڈوں کو مل کر ناکام بنائیں گے۔سیاسی،انتظامی اور عدالتی سطح پر اپنے حق کی خاطر پی ٹی آئی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔خیبر پختونخواہ کے سیکریٹری فاریسٹ ٹھیکیداری کرنا چاہتا ہے۔ان کے کرتوتوں کا شاید سی ایم کے پی کے کو اندازہ نہیں ہوگا۔اندازہ ہونے پر انہیں فارغ کردیا جائے گا۔ داریل تانگیر کا نمائندہ وفد تشکیل دیا جائے۔وفد کی قیادت کرتے ہوئے عوام پر ہونے والے ظلم کو وزیر اعظم،وزیر امور کشمیر،وزیر اعلی خیبر پختونخواہ کے نوٹس میں لائیں گے۔ہمارے لئے پہلے اپنا ملک،عوام اور علاقہ اہم ہے۔علاقہ اور عوام کی خدمت کی راہ میں اگر پارٹی رکاوٹ بنی تو پارٹی سے ہی مستعفی ہونے کو ہی ترجیح دی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہی عوام کو انصاف دینا ہے۔نا انصافی کرنے والوں کا تحریک انصاف سے تعلق یا واسطہ ہی نہیں ہے۔گورنر گلگت بلتستان اورفورس کمانڈر بھی مسئلے کا حل نکالنے میں سنجیدہ ہیں۔امید ہے داریل اور تانگیر کے عوام کی امیدوں کے مطابق مسئلے کا پرامن حل نکلے گا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو تحریک انصاف کا ہر کارکن سڑکوں پر نکلے گا۔

تازہ ترین خبریں