05:59 pm
جمیل احمدکوکمپنی بلیک لسٹ ہونے کادکھ،جھوٹے بیانات دینے سے کرپشن کی رقم معاف نہیں ہوگی(شمس میر)

جمیل احمدکوکمپنی بلیک لسٹ ہونے کادکھ،جھوٹے بیانات دینے سے کرپشن کی رقم معاف نہیں ہوگی(شمس میر)

05:59 pm

گلگت (اوصاف نیوز)صوبائی مشیر اطلاعات شمس میرکی جانب سے میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان میں بے نامی بینک اکاونٹس اورکمیشن خوروں کی حکومت نہیں۔ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے جہاں پر میرٹ پر کام ہورہے ہیں۔ جمیل احمد کو تکلیف اس بات کی ہے کہ ان کی کمپنی بلیک لسٹ ہوچکی ہے۔ جن منصوبوں کا یہ بلیک لسٹ ٹھیکیدار ذکر کررہے ہیں ان سے متعلق موصوف کو معلومات ہی نہیں ہے
۔ نلتر 14میگاواٹ کا منصوبہ دو سال قبل مکمل کیا جاچکا ہے۔ نلتر 16میگاواٹ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ایچ ایم سی کو دیا گیا لیکن اس کے بعد کام شروع کرانے کے حوالے سے کسی نے نہیں پوچھا۔ ہماری حکومت نے اس منصوبے پر کام شروع کرایا۔ ہینزل پاور پروجیکٹ کا ٹینڈر میرٹ پر ہوا ہے جو صوبائی حکومت نے نہیں بلکہ وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اور متعلقہ منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کروایا ہے۔ جمیل احمد کی جانب سے جھوٹے بیانات دینے سے کرپشن کے پیسے معاف نہیں ہوں گے۔ عوام کے لوٹے ہوئے پیسوں کو ہر صورت قومی جزانے میں جمع کرانا ہوگا۔ ہینزل پاور پروجیکٹ گلگت کا 20سالہ وہ منصوبہ تھا جسے ماضی کی کوئی حکومت منظور نہیں کراسکی آج یہ اعزاز مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت کو جاتا ہے جس کو سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے منظور کرالیا اور اس کا ٹینڈر وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان نے اپنی نگرانی میں کرایا۔ اس پراجیکٹ کا آغاز ہونے ہی والا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اس منصوبے کیخلاف حسب روایت اس منصوبے کیخلاف بھی سازشیں شروع کردی ہیں۔ اللہ کا احسان ہے کہ پیپلز پارٹی کو دیگر منصوبوں کی طرح جس طرح منہ کی کھانی پڑی اسی طرح اس منصوبے میں بھی پیپلز پارٹی کی سازش ناکام ہوں گی اور روشن گلگت کا یہ عظیم منصوبہ صوبائی حکومت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت دیتے ہوئے بہت جلد تعمیر کا آغاز کرے گا۔ شمس میر نے مزید کہا کہ بلیک لسٹ ٹھیکیدار جمیل احمد ان منصوبوں کیخلاف سازشیں کرنا بند کریں۔ صوبائی حکومت نے جس طرح سکردو روڈ، استور روڈ، گلگت نلتر ایکسپریس وے، کارڈک ہسپتال، کینسر ہسپتال، شہید سیف الرحمن ہسپتال، گلگت چترال ایکسپریس وے کی تعمیرات کا آغاز کیا ہے اسی طرح ہینزل پاور پروجیکٹ جلد مکمل کریگی اور روشن گلگت کیخلاف سازش کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔

تازہ ترین خبریں