06:02 pm
سول سوسائٹی تعمیروترقی کے دشمنوں کی حوصلہ شکنی کرے(وزیراعلیٰ)

سول سوسائٹی تعمیروترقی کے دشمنوں کی حوصلہ شکنی کرے(وزیراعلیٰ)

06:02 pm

گلگت ( اوصاف نیوز ) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے دورہ گلگت بلتستان کے موقع پر کراچی میں زیر تعلیم گلگت بلتستان کے طالب علموں کیلئے ہاسٹل کے قیام اور گلگت میں امراض قلب کے سنٹر کی تعمیر کے حوالے سے خود ٹیلی فون کرکے یقین دہانی کرائی لیکن گلگت بلتستان حکومت کے متعدد بار تحریری طور پر رابطہ کرنے کے باوجود کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
بلاول بھٹو اپنے اعلانات اور مجھ سے ٹیلی فون پر کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کرائیں تاکہ کراچی میں زیر تعلیم گلگت بلتستان کے طالب علموں کو رہائش کا مسئلہ حل ہوسکے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ایل پی جی ایئرمکس منصوبہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کیلئے ایک تحفہ ہے لیکن بدقسمتی سے چند سازشی عناصر کے سازشوں کی وجہ سے اس منصوبے میں ڈیڑھ سال کی تاخیر ہوئی۔ سول سوسائٹی اور کسی بھی فورم سے ان سازشی عناصر کیخلاف بات نہیں کی گئی جو گلگت کے ترقی کیخلاف ہمیشہ سے سازشیں کرتے آرہے ہیں۔ ہماری یوتھ، سول سوسائٹی ، علماء اور دانشوروں کو گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ تعمیر و ترقی کیخلاف سازشیں کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہو۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان نے یوتھ کی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ یوتھ بلاسود قرضوں کی فراہمی ، ای ٹی آئی پروجیکٹ اور صحت کے شعبے میں انشورنس پالیسی متعارف کرائی ہے۔ ملازمتوں کے عمل کو مکمل طور پر شفاف بنایا گیا تاکہ حق دار کو حق مل سکے۔ ماضی کی طرح پرچیوں پر ملازمتیں کا نظام ختم کرکے ایف پی ایس سی، این ٹی ایس اور سی ٹی ایس پی کے ذریعے میرٹ پر ملازمتیں دی گئی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ زرعی ترقیاتی بینک سے ڈیری فارم کے قیام کیلئے بات کی گئی ہے۔ زرعی ترقیاتی بینک ڈیری فارم کیلئے قرضے فراہم کرے گی جس کا مارک اپ حکومت گلگت بلتستان ادا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے چیف منسٹر سپیشل انشیٹیو کے تحت قائم کئے جانے والے یوتھ ٹاسک فورس کے ایگزیکٹیو باڈی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ نوجوانوں کی کیریئر کونسلنگ اور لیڈر شپ کوالٹیز پیدا کرنے اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کیلئے حکومت گلگت بلتستان مناسب فورمز مہیا کرے گی۔ نوجوانوں میں آگاہی اور ذمہ داری کو پیدا کرنے کیلئے تمام سرکاری سکولوں میں سوشل ورک کو نصاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔گلگت ( اوصاف نیوز ) مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کو ٹیلی فون کرکے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے نیک خواہشات اور دعائوں پر شکریہ ادا کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان کے بڑے ترقیاتی منصوبے گلگت سکردو روڈ، گلگت نلتر ایکسپریس وے، کارڈک ہسپتال، کینسر ہسپتال، شہید سیف الرحمن ہسپتال، گلگت چترال ایکسپریس وے سمیت دیگر منصوبوں پر جاری کام کے بارے میں دریافت کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ سے اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی گڈ گورننس اور صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کو پارٹی کارکنوں اور گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کو گلگت بلتستان دورے کی دعوت دی اور کہا کہ گلگت بلتستان میں آج تک جتنے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے ہیں اور اربوں مالیت کے پی ایس ڈی پی منصوبے آپ کے دیئے ہوئے ہیں۔ جس طرح آپ نے گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کی رہنمائی کی اور بھرپور وسائل فراہم کئے اس پر گلگت بلتستان کے عوام اور مسلم لیگ ن کے ورکرز آپ کے مشکور ہیں اور آپ کو حقیقی طو رپر محسن گلگت بلتستان سمجھتے ہیں۔ گلگت بلتستان کا ترقیاتی بجٹ میں جتنا اضافہ آپ نے کیا اور اربوں روپے کے منصوبوں دیئے ان کا ماضی میں تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔ آپ کی رہنمائی میں صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ورکرز اور گلگت بلتستان کے عوام آپ کیلئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ جلد از جلد صحت کاملہ عطاء کرے اور سیاسی بنیادوں پر بنائی جانے والی مقدمات سے باعزت بری ہوں۔ گلگت بلتستان کے عوام آپ کو حقیقی معنوں میں اپنا محسن سمجھتے ہیں اور آپ کے دورے کے منتظر ہیں۔

تازہ ترین خبریں