06:22 pm
حمزہ شہبازکی گرفتاری کے خلاف گلگت بلتستان بھرمیں ن لیگ کے احتجاجی مظاہرے

حمزہ شہبازکی گرفتاری کے خلاف گلگت بلتستان بھرمیں ن لیگ کے احتجاجی مظاہرے

06:22 pm

گلگت ( سپیشل رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر و اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی گرفتاری کے خلاف صوبہ بھر سمیت صوبائی دارلخلافہ گلگت میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اور تمام اضلاع میں ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کی گئیں اور وفاقی حکومت اور نیب کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی ، مسلم لیگ ن کے سنٹرل سیکریٹریٹ گلگت کے باہر مشیر اطلاعات گلگت بلتستان و فوکل پرسن
مسلم لیگ ن جی بی شمس میر کی قیادت میں سینکڑوں پارٹی کارکنوں نے مین شاہراہ کو ٹائر جلا کر بلاک کیا اور نیب اور حکومتی اقدام کے خلاف شدید نعرہ بازی اور مذمت کی ، مشتعل کارکنوں نے وفاقی حکومت اور نیب گردی کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے نیازی حکومت مردہ باد اور نیب گردی نا منظور کے فلک شگاف نعرے لگائے ، اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مشیر اطلاعات گلگت بلتستان و فوکل پرسن مسلم لیگ ن جی بی شمس میر نے کہا کہ پاکستانی عوام کی بد بختی ہے کہ عمران نیازی جیسے ایک کٹ پتلی کو لاکر پاکستان پر مسلط کیا گیا جس سے اس ملک کے عوام کا معاشی قتل ہوا اور گزشتہ دس ماہ سے اس ملک کے جمہوری نظام اور معاشی استحکام کو تباہ و برباد کیا گیا نا اہل حکمران ملک میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی کررہے ہیں ، ملک میں تین بار وزیر اعظم رہنے والے عظیم قائد محمد نواز شریف کو جعلی مقدمات میں پابند سلاسل کیا گیا ہے اور گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کو بھی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے گرفتار کیا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں ۔ نیازی حکومت کی بوکھلاہٹ اس حد تک پہنچی ہے کہ کٹ پتلی حکومت نے حمزہ شہباز کو بھی پابند سلاسل کیا ، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے محبوب قائد محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے ، اگر حکومت نے اپنے احمقانہ فیصلوںپر نظرثانی نہ کی تو گلگت بلتستان کے عوام اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرینگے ، نیازی حکومت کو اپنا اقتدار بچانا مشکل ہوجائیگا ، احتجاجی مظاہرے میں وزیر اعلیٰ جی بی کے سپیشل کو آرڈنیٹر رضوان راٹھور ، مسلم لیگ ن ضلع گلگت کے جنرل سیکریٹری ریاض احمد ، مسلم لیگ ن یوتھ ونگ جی بی کے کو آرڈنیٹر محمد اشفاق ، سینئر نائب صدر عطاء الرحمن ، مسلم لیگ ن یوتھ ونگ سب ڈویژن جگلوٹ کے صدر عمران میر ، مسلم لیگ ن گلگت بلتستان ، یوتھ ونگ ، ایم ایس ایف ، لیبر ونگ کے رہنمائوں محمد صابر جان ، افتخار ملک ، کمال حسین ، عرفان میر ، حسنین حسن ، محمد نذیر ، نصرت عالم لون ، گلاب خان ، دلدار حسین ، فاروق جلالی ، بدر الدین ، نذیر دادا ، ارشاد اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔گلگت (محمد ذاکرسے) قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف گلگت بلتستان سمیت شہر، شہر کارکنوں کے احتجاجی مظاہرے گلگت سٹی صوبائی سیکریٹریٹ مسلم لیگ ن مین شاہراہ کو بلاک کرکے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائر جلاکر مین شاہراہ کو کئی گھنٹوں تک بلاک کرکے وفاقی حکومت اور نیب کے خلاف شدید نعرے بازی کی مشرف ایک ڈکٹیٹر تھا مشرف مسلم لیگ ن کو ختم نہیں کرسکے تو عمران خان کیاچیز ہیں۔ نواز شریف کو ایٹمی ملک بنانے کی سزا دی گئی جبکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو لاہور میں موٹروے بنانے کی سزاء دی جارہی ہیں ۔مشیر اطلاعات گلگت بلتستان و صوبائی فوکل پرسن مسلم لیگ ن شمس میر ،سپیشل کوآڈینٹر رضوان راٹھور ،مسلم لیگ ن ضلع گلگت کے سیکریٹری جنرل ریاض احمد، مسلم لیگ ن لیبر ونگ کے صوبائی سینئر نائب صدر عطاء الرحمان ،مسلم لیگ ن یوتھ ونگ سب ڈویژن جگلوٹ کے صدر عمران میر و دیگر کا احتجاج میں کارکنوں سے خطاب۔ صوبائی مشیر اطلاعات و صوبائی فوکل پرسن مسلم لیگ ن گلگت بلتستان شمس میر نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان نیب کی پیٹھ کے پیچھے بیٹھ کر اپوزیشن کو دبانے کے لئے یک طرفہ کاروائیوں پر اتر آیا ہے نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنادیا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف نے ملک سمیت پورے لاہور میں موٹروے کا جال بچھا دیا تھا مگر مشرف آمریت کے پیدوار عمران خان قائد ین کے خلاف انتقامی کاروائیاں کرکے ملک میں افرا تفری پھیلانے کی سازش کررہا ہے۔ چیئرمین نیب اور عمران خان نیازی کو ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرنے کا بڑا شوق ہے تو پرویز خٹک ،علیمہ باجی، سمیت دیگر افراد کو گرفتار کریں اگر ملک کو ایٹمی قوت بنانے اور عوام کو خوشحالی کے راہ پر گامزن کرنے پر میاں فیملی کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بناکر جمہوریت کا علم بلند رکھنے کی سزا دینے کی کوشش کی گئی تو خنجراب ٹاپ سے لیکر کراچی گوادر تک جام کرکے تحریک انصاف کا جینا بھی محال کردیں گے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان اپنے انجام سے ڈریں نیب کی پیٹھ کے پیچھے نیب گردی سے اجتناب کریں اور اتنا ظلم کریں کل خود سہہ سکیں۔ سپیشل کوآڈنیٹر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان رضوان راٹھور ،مسلم لیگ ن ضلع گلگت کے سیکریٹری جنرل ریاض احمد، مسلم لیگ ن لیبرونگ کے صوبائی نائب صدر عطاء الرحمان ،مسلم لیگ ن سب ڈویژن جگلوٹ یوتھ ونگ کے صدر عمران میر و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم نیب کے ذریعے انتقامی کاروائیوں کے تحت ملک میں مسلم لیگ ن کے خلاف گہری سازش کررہے ہیں عمران نیازی نیب کے ذریعے مسلم لیگ ن کے قائد ین کو دبانے کی کوشش نہ کریں اگر کرپشن ختم کرنے کا بڑا شوق ہے تو تحریک انصاف حکومت میں شامل کرپٹ وزراء کے خلاف کاروائی کریں نیب گردی کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اگر عمران نیازی نے اپنا قبلہ درست نہ کیا اور مسلم لیگ ن کو دیوار سے لگانے کی کوشش بند نہ کی تو کراچی سے خنجراب ٹاپ تک جام کرکے تحریک انصاف حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہونگے۔

تازہ ترین خبریں