11:35 am
پیر چناسی کی 114کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والی شاندار سڑک حکومتی بے حسی کا شکار

پیر چناسی کی 114کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والی شاندار سڑک حکومتی بے حسی کا شکار

11:35 am

مظفرآباد(تنویر احمد تنولی / نمائندہ خصوصی ) دارلحکومت سے سوا گھنٹے کی مسافت پر واقع خوبصورت ترین مقام سیاحوں کی توجہ کا مرکزپیر چناسی کی 114کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والی شاندار سڑک حکومتی بے حسی کا شکار ‘ پانی کی نکاسی ، دیکھ بھال نہ ہونے سے جگہ جگہ لینڈ سلائیڈنگ، سڑک تباہ ہونے لگی ۔ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں پیر چناسی جانے والے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ، حکومتی اداروں کی غفلت سے پیر چناسی میں پانی کی سہولت میسر نہ ہوسکی ۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ، پیر چناسی تا پیر حسی مار سڑک کے منصوبہ پر عملدرآمد نہ ہونے سے ملک بھر سے آنے
والے سیاح مایوس ہونے لگے ۔ شہریوں نے دارلحکومت کے قریب ترین اور خوبصورت سیاحتی مقام کو حکومت اور اداروں کی جانب سے نظر انداز کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مظفرآباد تا پیر چناسی تعمیر ہونے والی شاندار سڑک کی دیکھ بحال اور مرمتی کا انتظام کیا جائے ۔ پیر چناسی میں پانی کی سہولت مہیا کرنے کے ساتھ صحت و صفائی کے انتظامات کئے جائیں ۔ پیر چناسی تا پیر حسی مار سڑک تعمیر کرکے سیاحوں کے لئے سہولت مہیا کی جائے ۔ ’’اوصاف ‘‘ سروے میں شہریوں میں سجادہ نشین دربار عالیہ پیر سید چن شاہ ، ارشد مغل ایڈووکیٹ ، محمد اسحاق ، محمد اشرف ، نذر حسین ، خاور خان ، محمد وسیم ، محمد شفیق اور دیگر نے کہا کہ دارلحکومت سے سوا گھنٹے کی مسافت پر سطح سمندر سے تقریباً11ہزار فٹ کی اونچائی پر واقع خوبصورت ٹھنڈا اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز پیر چناسی حکومتی عدم توجہی کا شکار ہے ۔ 114کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی شاندار سڑک پانی کی نکاسی نہ ہونے اور دیکھ بھال نہ ہونے سے تباہ ہورہی ہے ۔ جگہ جگہ لینڈ سلائیڈنگ سے ملبہ سڑک پر پڑا ہے جسے ہٹانے کا کوئی انتظام نہیں ۔ سروے کے مطابق روزانہ ہزاروں سیاح پیر چناسی آتے ہیں ۔ حکومتی اداروں کی غفلت سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں نے بتایا کہ پیر چناسی میں پانی کی سہولت میسر نہ ہونے سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ صفائی ستھرائی کا بھی کوئی انتظام نہیں ۔ پیر چناسی سے پیر حسی مار خوبصورت پہاڑوں اور چوٹیوں پر مشتمل علاقہ سڑک کی سہولت نہ ہونے سے سیاحوں کی پہنچ سے دور ہے ۔ حکومتی اعلانات کے باوجود سڑک تعمیر نہ ہوسکی ۔ شہریوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر ، چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ پیر چناسی سڑک کو تباہ ہونے سے بچایا جائے ۔ پیر چناسی میں پانی کی سہولت اور دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ پیر حسی مار تک سڑک تعمیر کی جائے ۔ دوسری طرف ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے سیاحوں نے حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیر چناسی کے مقام پر سستی اشیاء کی فراہمی اور سستی رہائش کے معقول بندوبست سمیت تمام سہولیات سستی اور آسان فراہم کی جائیں تاکہ سیاح قدرتی مقامات سے لطف اندوز ہو ں اور ریاست کی معیشت بھی مضبوط ہو۔

تازہ ترین خبریں