تازہ ترین  
بدھ‬‮   14   ‬‮نومبر‬‮   2018

ضلعی انتظامیہ سکردو ان ایکشن،درجنوں بجلی کے غیر قانونی کنکشن منقطع کر دئیے


سکردو ( اوصاف نیوز ) ضلعی انتظامیہ سکردو ان ایکشن،درجنوں بجلی کی غیر قانونی لائنیں کاٹ دی گئیں۔تفصیلات کیمطابق بدھ کے روز ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سکردو نوید احمد کے حکم پر مجسٹریٹس اور محکمہ واٹر اینڈ پاور کی چھاپہ مار ٹیموں نے کاروائی کرتے ہوئے درجنوں بجلی کی غیر قانونی لائنیں کاٹ دیں اور بجلی چوری میں ملوث افراد

کیخلاف قانونی کاروائی کا بھی آغاز کر دیا گیا۔ بجلی چوری میں ملوث افراد میں نامی گرامی ہوٹل مالکان سمیت دیگر بااثر افراد بھی شامل ہیں جو کہ بجلی کی ڈائریکٹ لائنوں کے ذریعے بجلی چوری میں ملوث تھے۔ واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر سکردو نوید احمد نے چند روز قبل سکردو شہر میں لوڈ شیڈنگ کے بڑھتے ہوئے دورانیہ پر قابو پانے کے لیئے دیگر اقدامات کیساتھ ساتھ چھاپہ مار ٹیمیں بھی تشکیل دیں تھیں جنہوں نے آج کاروائی کرتے ہوئے درجنوں غیر قانونی لائنوں کا صفایا کر دیا ہے اور اسکے ساتھ ساتھدرجنوں ممنوعہ بجلی کے آلات بھی ضبط کر لیئے ہیں۔ آج کی کاروائیاں ٹائون ایریا میں کی گئی ہیں جبکہ کل سے ان کا دائرہ کار دیگر علاقوں تک بھی بڑھا دیا جائے گا۔ ان کاروائیوں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر سکردو کا میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ضلع سکردو میں بجلی کی کمی کو پورا کرانا اوراسکی منصفانہ تقسیم ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہیں او ر انشاللہ بہت جلد بجلی کی کمی پر قابو پا لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے چند روز میں گنجی اور طولتی پاور ہائوسز کو فنگشنل کر دیا جائے گا اور کل سے روندو سے آنے

والی ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کے کام کا بھی آغاز کر دیا جائے گا۔ مزید برآں ضلعی ہیڈ کوارٹر کے لیئے تھرمل جنریٹر کو بھی اگلے چند روز مٰیں سٹارٹ کر دیا جائے گا اور ان تمام اقدامات سے تقریبا3-4میگا واٹ اضافی بجلی دستیاب ہو گی۔ جبکہ اسکے ساتھ بجلی چوری اور اسکے بے جا استعمال پر قابو پانے کے لیئے بھی کاروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں ویلج لیول کی کمیٹیوں کیساتھ ملکر کاروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ان کاروائیوں کے نتیجے میں آج درجنوں غیر قانونی کنکشنز کو کاٹ دیا گیا ہے اور یہ کاروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی شخص کو قانوں اپنے ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دے سکتے اور بجلی چوری میں ملوث افراد کیخلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر قابو پانے کے لیئے اٹھائے گئے اقدامات کو عوامی، سماجی اور سیاسی حلقوں نے خوب سراہا ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ بہت جلد بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر قابو پا لیا جائے گا۔




 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


آج کا مکمل اخبار پڑھیں

تازہ ترین خبریں


کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved