تازہ ترین  
منگل‬‮   13   ‬‮نومبر‬‮   2018

سیکرٹری جی بی اسمبلی عبدالرزاق کی ترقیابی غیر قانونی ، تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے(عابد علی بیگ)


گلگت (محمد ذاکر سے) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی حاجی عابد علی بیگ نے کہا ہے کہ سیکرٹری جی بی اسمبلی عبدالرزاق کی ترقیابی کو غیر قانونی ثابت نہ کرسکا تو ہرقسم کی سزا قبول کروںگا ،بطور سیکریٹری اب تک کئے گئے اقدامات کو کالعدم قرار دیکر تحقیقات کی جائیں تمام شواہد فراہم کروںگا، وزیر اعلیٰ اس معاملے کانوٹس لے کر

تحقیقاتی کمیٹی بنائے جس میں پیش ہوکرسیکریٹری عبدالرزاق کی غیر قانونی ترقی ، مالی بد عنوانیوں اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کو ثابت کرونگا ، اگر تحقیقات کمیٹی نہیں بنی تو سارا ریکارڈ لیکر پریس کانفرنس کرونگا اور مجبوراً عدالت سے بھی تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کی درخواست کرونگا ، اوصاف سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی حاجی عابد علی بیگ کہاہے کہ سیکریٹری عبدالرزاق کی نہ صرف غیر قانونی ترقی کا ریکارڈ بطور ثبوت میرے پاس موجود ہے بلکہ متعدد مالی اور اخلاقی بد عنوانیوں کے ثبوت بھی موجود ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اسمبلی سیکریٹریٹ میں ہونے والی کرپشن کا نوٹس لیں۔ انہوںنے کہاکہ سیکریٹری جی بی اسمبلی عبدالرزاق کی اپ گریڈیشن غیر قانونی ہے ، اسمبلی سیکریٹریٹ میں ہونے والی غیر قانونی اپ گریڈیشن اور کرپشن کے ٹھوس شواہد کے ساتھ پریس کانفرنس کروںگا، نہ کسی کے ساتھ ہونے والی زیادتی برداشت کروںگا اور نہ کرپشن کرنے والوں کو برداشت کریں گے، سیکریٹری اسمبلی کی جانب سے اخبارات کو جاری کردہ بیان جھوٹ کا پلندہ ہے جس میں حقیقت کچھ بھی نہیں ہے، ان کا بیان چوری بھی سینہ زوری

بھی کے مترادف ہے ، اگر ان میں جرات ہے تو خود بھی تحقیقاتی کمیٹی کا مطالبہ کریں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ ، چیف سیکریٹری سیکریٹریٹ ،محکمہ فنانس ، محکمہ سروسز اور محکمہ قانون کے نمائندوں پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے جس میں میں اپنے دعوے کی تصدیق کیلئے تمام شواہد اور ثبوت پیش کرونگا ، اگر ثابت نہیں کر سکا تو میں ہر قسم کی سزا قبول کرونگا ، اگر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل نہیں دی گئی تو مجبوراً تمام ثبوت لیکر پریس کانفرنس کرونگا اور عدالت سے بھی درخواست کرونگا کہ وہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیکر غیر قانونی ترقی لینے والے سیکریٹری اسمبلی اور تمام کرداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عبدالرزاق کی بطور سیکریٹری تعیناتی کے بعد اسمبلی کا ادارہ کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے ، غیر اخلاقی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں ، سارا ریکارڈ بطور ثبوت اکھٹا کر لیا ہے ۔




 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


آج کا مکمل اخبار پڑھیں

تازہ ترین خبریں


کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved